شمارہ1
مسلمانوں کا انتشارِ خیال –اور — اتحاد امت کا چیلنج. اداریہ
واق
جریدہ "الوقعۃ” کراچی جمادی الثانی ١٤٣٣ھ /اپریل مئی ٢٠١٢ء
(اداریہ)
محمد تنزیل الصدیقی الحسینی
اس وقت تیسری عالمی جنگ جاری ہے ۔ شیطانی گماشتوں کو اس بات کا احساس بہت پہلے ہوچکا تھا کہ دنیا کی ہر تہذیب اور دنیا کا ہر مذہب ان کے سامنے سرنگوں ہوجائے گا ، سوائے اسلام کے ۔ کیونکہ اسلام جو فلسفۂ حیات پیش کرتا ہے وہ نہ محض چند رسوم و اعمال کا مجموعہ ( یعنی مذہب ) ہے اور نہ ہی محض چند اخلاقی و سماجی تعلیمات کی ترغیب دینے والی کوئی تہذیب ہے ۔ اسلام جو فلسفہ پیش کرتا ہے اسے ہم قرآنی اصطلاح میں ” الدین ” کہہ سکتے ہیں ۔ دین کا تعلق انسان کے افکار و نظریات سے بھی ہے اور اعمال و عادات سے بھی ۔ زندگی کا ہر ہر گوشہ اور ہر گوشے کا ہر ہر پہلو دائرہ دین میں داخل ہے ۔
المغراف فی تفسیر سورۂ ق
الواقعۃ شمارہ ١، ٢
مولانا شاہ عین الحق پھلواروی رحمہ اللہ
تسہیل و حواشی :محمد تنزیل الصدیقی الحسینی
قسط ١ اور ٢
الحمد للّٰہ نحمدہ و نستعینہ و نستغفرہ و نؤمن بہ و نتوکل علیہ و نعوذ باللّٰہ من شرور انفسنا و من سیأت اعمالنا من یھدہ اللّٰہ فلا مضل لہ و من یضللہ فلا ھادی لہ و نشھد ان لا الٰہ الا اللّٰہ وحدہ لا شریک لہ و نشھد ان محمدا عبدہ و رسولہ.
اما بعد ! واضح ہوکہ قرآن شریف کے جملہ احکام کی تعمیل مسلمانوں پر لازم ہے ۔ اسی لیے ضروری ہے کہ اسے سیکھیں ، تلاوت کرتے رہیں ، اور یہ نہ ہوسکے تو سن کر ہی اس پر عمل کریں ۔ پس بعض نمازوں میں جہراً بھی تلاوت واجب کی گئی اور مسلمانوں کے لیے حضوری جماعت لازم و متحتم ہوئی ، اور حضرت رسول اللہ ۖ کو ارشاد ہوا ( اور جو حکم کہ آپ کے لیے مخصوص نہ ہوا اس میں تمام مسلمان شامل ہیں ) :
( و ذکر فانّ الذکری تنفع المومنین ) [ الذاریات : ٥٥ ]
”آپ نصیحت کرتے رہیے اس لیے کہ وعظ و نصیحت مسلمانوں کو فائدہ بخش ہے ۔”
اور حدیث شریف میں آیا ہے کہ
” انّما بعثت معلماً ” (١)
” میں اسی لیے تمہاری طرف نبی بنا کر بھیجا گیا ہوں کہ تم لوگوں کو دین کی باتیں سکھائوں ۔ ”
اس ارشاد کی تعمیل کی غرض سے ہفتہ میں ایک بار بطور تعلیم دین و عظ و نصیحت فرض ہوئی ، اور وہ دن جمعہ کا ہے اور وعظ و نصیحت یہی خطبہ ہے جو جمعہ کی نماز میں شرط ہے ۔ پھر نمازِ جمعہ کا یہ اہتمام کیا گیا کہ تمام کاروبارِ دنیا موقوف کرکے آنا ضروری ٹھہرایا گیا اور فرمایا:
( اِذَا نُوْدِيَ لِلصَّلٰوةِ مِنْ يَّوْمِ الْجُمُعَةِ فَاسْعَوْا اِلٰى ذِكْرِ اللّٰهِ وَذَرُوا الْبَيْعَ ) [الجمعة : ٩ ] یعنی "جب صلوٰة جمعہ کی اذان سنو تو اللہ کی یاد ( یعنی خطبہ ) کی طرف دوڑو اور بیچ کھونچ[خرید و فروخت ] موقوف کردو”.
اور حدیث شریف میں آیا ہے :
عن أبی ھریرة و ابن عمر : ” انہما سمعا رسول اللّٰہ ۖ یقول علی اعواد منبرہ لینتہین اقوام عن ودعہم الجمعات او لیختمن اللّٰہ علی قلوبہم ثم لیکونن من الغافلین ۔”رواہ مسلم و ابن ماجة (٢)
حضرت ابو ہریرہ اور ابن عمر نے رسول اللہ ۖ کو منبر کے اوپر فرماتے سنا کہ ” لوگ جمعہ کی نماز کو ترک کرنے سے باز آئیں ، ورنہ اللہ تعالیٰ ان کے دل پر مہر کردے گا پھر اس کا یہ نتیجہ ہوگا کہ دین کی طرف سے لاپروائی کرنے والوں میں ہو جائیں گے ۔ ”
اور بلحاظِ شفقت اور آسانی کے صرف جمعہ کے دن ظہر میں سے دو رکعت کو کم کرکے ان کی جگہ دو خطبے مقرر کیے گئے اس لیے کہ اگر ہر روز ہوتا تو تکلیف ہوتی ۔ ماہوار یا سا ل بسال ہوتا تو بعد بعید ہوجاتا اور جمعہ کے دن چاروں رکعتیں بھی بحال رہتیں اور دو خطبے بھی تو حرج لازم آتا ۔
اور چونکہ نصیحت کے لیے استماع اور حضورِ قلب ضروری ہے ۔ خطبہ کے وقت سکوت اور سکون محض کی تاکید فرمائی
( فَاسْتَمِعُوْا لَهٗ وَاَنْصِتُوْا )[ الاعراف : ٢٠٤] "چپ چاپ سنتے رہو”
اور حدیث شریف میں آیا ہے :
” عن ابی ھریرة ان النبی ۖ قال اذا قلت لصاحبک یوم الجمعة انصت و الامام یخطب فقد لغوت ۔ ” رواہ البخاری (٣)
[ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جب تم اپنے ساتھی سے جمعہ کے دن خاموش رہنے کے لیے کہو اور امام خطبہ دے رہا ہو تو تم نے یقینا لغو کام کیا ۔]
اور نصیحت کے لیے بہترین کلام ، کلام اللہ ہے اس لیے فرمایا :
( فَذَكِّرْ بِالْقُرْاٰنِ مَنْ يَّخَافُ وَعِيْدِ ) [ق : ٤٥] "آپ بذریعہ قرآن کے نصیحت فرمائیں ، اس کو جو میرے عذاب سے ڈرتا ہے ۔ ”
اور حدیث میں آیا ہے :
” ان ھذا القرآن حبل اللّٰہ و النور المبین و الشفآء النافع ۔ ” رواہ الحاکم عن ابن مسعود (٤)”یہ قرآن اللہ کی ڈوری ہے ، اور جگمگاتا نور ہے اور دل کے روگ کی نافع شفا ہے ۔ ”
اس ارشاد کی تعمیل کی غرض سے رسول اللہ ۖ نے جمعہ کے دن سورئہ ق کا پڑھنا خطبہ میں اختیار فرمایا ۔
عن ام ھشام بنت حارثة بن النعمان قالت : ما أخذت ق والقرآن المجید الا علی لسان رسول اللّٰہ ۖ کان یقرأ بہا کل یوم جمعة علی المنبر اذا خطب الناس ۔” رواہ احمد (٥)ام ہشام صحابیہ فرماتی ہیں کہ ” میں نے سورئہ ق حضرت ہی کے زبان مبارک سے سیکھ کر یاد کرلی آپ اس سورت کو منبر پر ہر جمعہ کے خطبہ میں پڑھا کرتے تھے ۔ ”
اس حدیث سے جمعہ کے خطبے میں اس سورہ کا پڑھنا مسنون ثابت ہوتا ہے ۔ اس کی تخصیص میں یہ بھید ہے کہ
( اوّل ) تذکیر اور وعظ کے لیے سب سے زیادہ مؤثر آلہ موت کی یاد دہانی ہے ، اور قیامت کا ہولناک واقعہ سنانا ، اللہ کے نافرمان بندوں کے دنیا دین میں رسوا ہونے کا بیان اور یہ سورہ باوجود اس قدر مختصر ہونے کے ان تمام بیانات کی جامع ہے ۔
( دوسرے ) ساری خوبیوں کی اصل اللہ کی بھیجی ہوئی کتاب پر اور رسول پر ایمان لانا ہے اور یہ سورت بتمامہا اسی کے اثبات میں اتری ہے ۔
( تیسرے ) رسول اللہ ۖ کی اور مسلمانوں کی اس سورت میں نہایت تسلی فرمائی ہے اور صبر کا حکم دیا ہے پس ہر ہفتے اس کا اعادہ مجمع عام میں مسلمانوں کے پر زور اور غم دیدہ دل کی نہایت تشفی کا باعث ہے ۔
( چوتھے ) منکرین ہمیشہ آپ کی نبوت کے انکار میں نئے نئے عذر پیش کرتے ، کبھی شاعر کہتے ، کبھی کاہن ، کوئی مجنون بتلاتا ، تو کوئی معلم ، کوئی مفتری کہتا ، کوئی اساطیر اوّلین کا ناقل ، جس کے سبب سے ان کے تزلزل رائے کا بخوبی پتہ لگتا ہے ، اور جناب سیّد المرسلین رسول برحق کا ہمیشہ ایک دعوے کو مختلف دلائل سے ثابت کرتے رہنا اور بر ملا ہزاروں آدمیوں کے رُوبرو بار بار اپنے دعویٰ کا بڑے زور سے ظاہر کرتے رہنا دلیل ہے آپ کے استقلال اور آپ کے دعویٰ کے قوت کی ۔
( پانچویں ) قیامت کے دن شیطان اور کفار میں جھگڑا اور اس کے جواب میں جناب باری عزاسمہ کا ارشاد ( مَا یُبَدَّلُ الْقَوْلُ لَدَیَّ ) [ق : ٢٩] "ہمارے یہاں ہر لحظہ ردّ و بدل نہیں ہوا کرتی ۔ ” اس میں مذکور ہے ۔ تو گویا ہر جمعہ میں ایک سورة التزام جس میں بار بار ایک ہی مضمون آتا رہتا ہے ۔ اس میں تغیر و تبدل نہیں ہوتا اسی کیفیت کی یاددہانی اور اشارہ ہے ۔
نظر بریں وجوہات اس سورت کی تفسیر لکھنے کی میرے دل میں تحریک پیدا ہوئی کہ عام خلق خدا کو اس کے سمجھنے کا ثواب ملے اور اس پر عمل کی توفیق ہو اور اس صورت سے نبی ۖ کی ہر ہفتے میں جمعہ کے خطبہ میں اس کو اختیار کرنے سے جو غرض تھی ، وہ باقی رہے ۔ و اللّٰہ أسالہ ان یجعلہ خالصا لوجھہ الکریم و ینفعنی بہ اولا ثم کل من یرید ان یسلک الصراط المستقیم انہ تعالیٰ جواد کریم و صلّی اللّٰہ علیہ رسولہ محمد و الہ و صحبہ بالتسلیم ۔
{جاری ہے۔۔۔}
حواشی
(١) سنن الدارمی : کتاب المقدمة ، باب فی فضل العلم والعالم ۔ سنن ابن ماجہ : کتاب المقدمة ، باب فضل العلما والحث علی طلب العلم ۔علامہ سندھی اور شیخ البانی کے مطابق بہ لحاظ اسناد حدیث ضعیف ہے ۔
(٢) صحیح مسلم : کتاب الجمعة ، باب التغلیظ فی ترک الجمعة ۔ سنن ابن ماجہ : کتاب المساجد و الجماعات ، باب التغلیظ فی التخلف عن الجماعة ۔مسند أحمد : و من مسند بنی ہاشم ، بدایة مسند عبد اللّٰہ بن العباس ۔صحیح مسلم کے سوا بقیہ روایات میں سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کی جگہ سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کا نام ہے ۔
(٣) صحیح بخاری : کتاب الجمعة ، باب الانصات یوم الجمعة والامام یخطب واذا قا ل لصاحبہ انصت۔صحیح مسلم : کتاب الجمعة ، باب فی الانصات یوم الجمعة فی الخطبة ۔ سنن ابن ماجہ : کتاب اقامة الصلاة و السنة فیھا ، باب ما جاء فی الاستماع للخطبة والانصات لہا۔
(٤) سنن الدارمی : کتاب فضائل القرآن ، باب فضل من قرأ القرآن ۔ المستدرک علی الصحیحین للحاکم : کتاب فضائل القرآن ، باب اخبار فی فضائل القرآن جملة ۔ امام حاکم کے مطابق یہ حدیث صحیح ہے تاہم امام شمس الدین الذہبی اسے ضعیف قرار دیتے ہیں ۔
(٥) مسند احمد : مسند القبائل ، حدیث ام ہشام بن حارثہ بن النعمان رضی اللہ عنہا ۔ صحیح مسلم : کتاب الجمعة ، باب تخفیف الصلاة و الخطبة ۔
یہ مضمون جریدہ "الواقۃ” کراچی کے پہلے شمارہ، – جمادی الثانی 1433ھ / اپریل، مئی 2012– سے قسط وار شائع ہو رہا ہے۔
ذیل میں قسط نمر 2 پیش کی جارہی ہے:
( ق ) یہ حرف اور جو ایسے ایسے حروف سورتوں کے شروع میں مذکور ہیں ، ان کے معنوں کو سوائے اللہ اور رسول ۖ کے کوئی نہیں جانتا ۔ ہر دوست اپنے دوست کے لیے کچھ نہ کچھ اشارے رکھتا ہے جن کو اغیار نہیں سمجھ سکتے ۔ ہم مسلمانوں کو اپنے مقام پر پر ٹھہرنا چاہیے ، اور آگے بڑھنے کی جرأت نہ کرنی چاہیے جس قدر معلوم ہے ، اس پر شکر احسان ہے ، اور جو مخفی ہے اس پر ایمان ہے ۔
یہ مضمون جریدہ "الواقۃ” کراچی کے پہلے شمارہ، – جمادی الثانی 1433ھ / اپریل، مئی 2012– سے قسط وار شائع ہو رہا ہے۔
ذیل میں قسط نمر 2 پیش کی جارہی ہے:
( ق ) یہ حرف اور جو ایسے ایسے حروف سورتوں کے شروع میں مذکور ہیں ، ان کے معنوں کو سوائے اللہ اور رسول ۖ کے کوئی نہیں جانتا ۔ ہر دوست اپنے دوست کے لیے کچھ نہ کچھ اشارے رکھتا ہے جن کو اغیار نہیں سمجھ سکتے ۔ ہم مسلمانوں کو اپنے مقام پر پر ٹھہرنا چاہیے ، اور آگے بڑھنے کی جرأت نہ کرنی چاہیے جس قدر معلوم ہے ، اس پر شکر احسان ہے ، اور جو مخفی ہے اس پر ایمان ہے ۔
( وَ القُرْاٰنِ الْمَجِیْدِ )[١] "قسم ہے قرآن کی جو بزرگ ہے”
اس لیے کہ اس کا اتارنے والا مجید اور پروردگار عالم اور جس پر اتارا گیا وہ سیّد اولادِ آدم ، جو فرشتہ اس کے لانے کے لیے انتخاب کیا گیا ، وہ تمام ملائکہ میں محترم ، جس شہر میں اوّل نازل ہوا یعنی مکہ وہ امّ القریٰ اور حرم ، جہاں کی ایک رکعت نماز کا ثواب دوسری جگہ کی لاکھ رکعت کے برابر ۔ جس ماہ میں اترا یعنی رمضان وہ تمام مہینوں سے بزرگی و برکات و فضل میں ممتاز ۔ جس شب میں نازل ہوا یعنی لیلة القدر اس کے فضائل بے انتہا ۔ جس امت کے لیے اترا وہ خیر الامم ۔ اس کے تلاوت کا ثواب نا محدود ۔ اس کے تفکر و تدبر سے حصول مقصود خود وہ مضامین جو اس کے مندرج ہیں ، پاکیزہ و بابرکت و پر زور جو جہاں بھر کے مختلف اقوام کے رہنمائی کے لیے قیامت تک کافی ۔ اس کے قصص پُر اثر اور نتیجہ خیز اس پر کذب و فحش سے پاک اس کی تمثیلیں ابلغ تمثیلات ہر ایک دعویٰ راست اور دلائل موصل الی المطلوب [مطلب تک پہنچانے والی].
ایسی محترم چیز کی قسم کھا کر کفار سے یہ کہا جاتا ہے کہ آپ ہماری طرف سے بھیجے ہوئے رسول ہیں ، اور قیامت کے عذاب سے تم لوگوں کو ڈرانے کی غرض سے بھیجے گئے ہیں ۔
آدمی کا قاعدہ ہے کہ جب کوئی تعجب خیز بات سنتا ہے ، تو اوّلاً اس کی صحت میں شک کرتا ہے ، مگر جب دیکھتا ہے کہ کہنے والا نہایت راست گو ، دیانتدار ہے ، اور بقسم بیان کرتا ہے ، تو اس کا شک دور ہوجاتا ہے اور ایسی حالت میں کم از کم اس قدر ضرور کہتا ہے کہ جب تمہارے جیسا دیانت دار اور سچا آدمی بڑے دعوے سے کہہ رہا ہے تو اگرچہ میری عقل میں نہیں آتی مگرسچ مان لیتا ہوں ۔ لیکن ان کفار کا ( آپ کی راستی کا کمال یقین رہتے ہوئے ) آپ کی نبوت کو نہ تسلیم کرنا بسبب ایک شبہ کے ہے جس سے وہ شک و تردد ہی کی حد تک نہ رہے ( بَلْ ) ”بلکہ” شک سے ترقی کرکے ایک جانب کا فیصلہ کرلیا کہ آپ نبی نہیں ہیں اور قیامت کا ہونا ہر گز صحیح نہیں اور آپ کو اس فیصلے کے خلاف دعویٰ پر اصرار کرتے دیکھ کر ( عَجِبُوْا ) ”تعجب کرنے لگے” ( اَنْ جَآئَ ھُمْ مُّنْذِر ) ”کہ ان کے پاس ایک ڈرانے والا آیا” جو اپنے کو باوجود اوصاف بشریت کے اللہ کا بھیجا ہوا کہتا ہے ۔ اگر کوئی فرشتہ یا جن یہ دعویٰ کرتا تو چنداں جائے تعجب و انکار نہ ہوتا ، تعجب تو اس لیے ہے کہ وہ ڈرانے والا ( مِنْھُمْ ) ”انہیں میں کا ایک آدمی ہے” جو نہ من حیث بشریت کے لائقِ نبوت ہے نہ من حیث عزت و وجاہت کے نہ من حیث مال و دولت کے ( فَقَالَ الْکٰفِرُوْنَ ) ”تو کہا نہیں ماننے والوں نے” ( ھٰذَا )”یہ” یعنی ہمیں لوگوں میں سے ایک شخص کا اس قدر بلند پایہ ہوجانا اور منصب نبوی تک پہنچ جانا اور بلا ستعانت مال و جاہ وغیرہ کے جو ترجیح استحقاق کے فی الجملہ باعث ہوسکتے ہیں ۔ سب پر فوقیت کا دعویٰ کرنا ( شَیْٔ عَجِیْب ) [٢] "عجیب چیز ہے”. دوسرے جس مصیبت سے ڈراتے ہیں وہ اگر دنیا ہی میں آنے والی بتاتے تو خیر ، تعجب بالائے تعجب تو یہ ہے کہ کہتے ہیں کہ مرجانے کے بعد جب قیامت کا دن آئے گا جس کو مدت دراز ہے تو ( ئَ اِذَا مِتْنَا وَ کُنَّا تُرَابًا ) ”کیا جب ہم مر مٹیں گے اور سڑ گل کر مٹی ہوجائیں گے ۔” بھلا ایسی حالت میں یہ عذاب کس طرح ہوگا ، کس پر ہوگا ، کون سہیگا ۔ تو خواہی نخواہی یا یہ بات ہی غلط ہے یا مانا جائے کہ مرمٹنے کے بعد دوبارہ زندہ کرکے پوری طرح پر آدمی کی ہستی لوٹائی جائے گی ، اور عذاب کیا جائے گا ۔
گو یہ بات مسلمان اور رسول قرین عقل سمجھیں مگر ( ذٰلِکَ رَجْع بَعِیْد ) [٣] ”وہ لوٹنا اور بار دوم ہستی کا واپس ملنا قیاس و عقل سے نہایت دور ہے ۔”
انسان میں ناری و ہوائی و آبی اجزا سب ہوا ہوجائیں گے خاکی اجزاء خاک میں مل جائیں گے ۔ اگر ڈوب کر دریا میں مرا تو کوسوں کی مچھلیوں اور دریائی جانوروں کا جزو بدن ہوگیا ۔ جل کر مرا تو خاک سیاہ ہوکر نیست و نابود ہوگیا ۔ کسی درندے نے پھاڑ کھایا تو مختلف جانوروں کے مختلف اجزا ہوکر وہ بھی یا کسی دوسرے حیوان کا جزو بدن بن جائے گا ، اور وہ تیسرے کا یا آخر کو خاک بن جائے گا ۔ پھر وہ خاک خدا جانے کہاں کہاں اڑتی پھرے گی ۔
پس اس قدر اجزاء کا پراگندگی کے بعد مجتمع ہوجانا ، اور جوڑ جوڑ کا از سر نو اسی حال پر آنا بالکل عقل کے خلاف ہے ۔
کفار کے یہی دو شبہے ایک بہ نسبت نبوت کے اور دوسرا بہ نسبت حشر و نشر کے جو ذکر کیے گئے ، ان کے لیے باعث تعجب تھے ان دونوں شبہوں کی تردید یہاں سے لے کر تا آخر سورت بیان فرمائی گئی ہے ۔
(١) متفرق اجزا کا بہم کرنا بعد مدت دراز ہر جوڑ بند کا پہلی حالت پر لے آنا اس کے نزدیک مشکل ہے ، جو خبر نہ رکھتا ہو کہ وہ اجزا کیا ہوئے اور کدھر گئے ۔ میرے نزدیک کیا مشکل ہے میری خبر داری کا یہ حال ہے کہ
( قَدْ عَلِمْنَا مَا تَنْقُصُ الْاَرْضُ مِنْھُمْ )"میں جان رہا ہوں جو کچھ ان میں سے زمین کم کرتی ہے”.
گو زمین اپنی جذبی تاثیر سے جسم کو مٹی بنا ڈالتی ہے ، اور کچھ اجزائے جسم ہوا یا پانی ہوجاتے ہیں اور ترکیبِ نوعی بالکل بدل جاتی ہے ، اور سیکڑوں بلکہ ہزاروں انقلابات ہوجاتے ہیں مگر یہ ساری حالتیں میرے علم میں موجود ہیں ، جس وقت چاہوں ہر جزو کو دوسرے سے الگ کر سکتا ہوں اور ایک جسم کے تمام اجزاء کا گو وہ کتنے ہی پراگندہ اور دوسرے جسم کی طرف مستحیل[شامل] ہوگئے ہوں پتا لگا کر بہم [جمع] کرسکتا ہوں ۔
اور میرے کارکنان قضا و قدر موکل فرشتے بھی بہت آسانی سے اس کو پتا لگا کر بہم [جمع] کرلیں گے ۔ ( وَ ) ”اور” ( اس لیے کہ )
( عِنْدَنَا کِتَاب )"ہمارے پاس تو ایک عظیم الشان کتاب ہے”
جس میں کارخانۂ عالم کے جزوی و کلی اجمالی و تفصیلی حالات مندرج ہیں ، کوئی واقعہ چھوٹا ہو یا بڑا اس سے باہر نہیں ہو سکتا ، جیسا کہ فرمایا ہے
( لَا رَطْبٍ وَّ لَا یَابِسٍ اِلَّا فِی کِتٰبٍ مُّبِیْنٍ )[الانعام : ٥٩]
"ہر تر و خشک کتاب مبین میں موجود ہے”.
( یعنی جو ہوا ہے اور ہونے والا ہے وہ سب ہماری کتاب لوح محفوظ میں لکھا ہوا ہے ) اور اس میں نہ بسبب کہنگی کے تغیر ہوتا ہے ، اور نہ کوئی ایسا ہاتھ وہاں تک پہنچ سکتا ہے ، جو واقعات کو ردو بدل کر ڈالے ۔ اس لیے کہ وہ
( حَفِیْظ ) [٤] ”نہایت محفوظ ہے”
اور سارے انقلابات اور حادثات کی حافظ ہے ۔ اب جو ان کی تسکین کے لیے کافی وا فی دلیل بیان کردی گئی ، تو مان ہی لینا تھا ، مگر پھر بھی نہ مانا
( بَلْ کَذَّبُوْا بِا لْحَقِّ لَمَّا جَآئَ ھُمْ )"بلکہ حق بات آتے ہی جھٹلا دی ۔ ”
اب کوئی معقول وجہ انکار کی نہ رہی تو لگے واہی تباہی باتیں بنانے اور ہٹ دھرمی کرنے ۔ کبھی کہتے ہیں کہ خدا اگر فرشتے کی معرفت کہلواتا تو مانتے ، بشر کی کبھی نہ مانیں گے۔
( وَ قَالُوا لَوْ لَآ اُنْزِلَ عَلَیْہِ مَلَک ۔ وَ لَوْ اَنْزَلْنَا مَلَکًا لَّقُضِیَ الْاَمْرُ ثُمَّ لَا یُنْظَرُونَ ) [الانعام : ٨]”اور کہا کفار نے کیوں نہ ان پر فرشتہ اتارا گیا ( تاکہ ہم کو یقین لانے کا عمدہ موقع ملتا مگر یہ نہ سمجھے ) کہ اگر ہم فرشتہ نازل کرتے تو فیصلہ ہی ہوجاتا پھر مہلت نہ دی جاتی ۔”
( وَ قَالُوْا مَالِ ھٰذَا الرَّسُوْلِ یَاْکُلُ الطَّعَامَ وَ یَمْشِیْ فِی الْاَسْوَاقِ ط لَوْ لَآ اُنْزِلَ اِلَیْہِ مَلَک فَیَکُوْنَ مَعَہ نَذِیْرًا ۔ اَوْ یُلْقٰی اِلَیْہِ کَنْز اَوْ تَکُوْنُ لَہ جَنَّة یَّاْکُلُ مِنْھَا ط وَ قَالَ الظّٰلِمُوْنَ اِنْ تَتَّبِعُوْنَ اِلَّا رَجُلاً مَّسْحُوْرًا ) [الفرقان : ٧-٨]
”اور کہا منکروں نے اس رسول کو کیا ہے کھانا کھاتا ہے ، بازاروں میں چلتا پھرتا ہے ۔ ( ساری باتیں تو تمہاری سی ہیں اس پر رسالت و نبوت کا دعویٰ جو ان کے نزدیک آدمیت کی شان سے بالاتر تھا ) کیوں نہیں اس پر کوئی فرشتہ اتارا گیا کہ وہ اس کے ساتھ ڈراتا رہتا ۔کیوں نہ اسے کوئی خزانہ دیا گیا یا کوئی باغ اس کے لیے ہوتا کہ اس میں سے کھاتا اور ظالموں نے کہا کہ تم تو جادو زدہ اور دیوانے کی اتباع کرتے ہو ( یعنی یہ تو دیوانوں کی سی باتیں کرتا ہے تم اس کی کیوں سنتے ہو )۔”
( وَ قَالَ الَّذِیْنَ لَا یَرْجُوْنَ لِقَآئَ نَا لَوْ لَآ اُنْزِلَ عَلَیْنَا الْمَلٰئِکَةُ اَوْ نَرٰی رَبَّنَا ط لَقَدِ اسْتَکْبَرُوْا فِیْ اَنْفُسِھِمْ وَ عَتَوْ عُتُوًّا کَبِیْرًا ) [الفرقان :٢١]”اور جن کو ہم سے ملنے اور جی کر زندہ ہونے کا یقین نہیں ہے انہوں نے کہا ( اگر یہ پیغمبر ہے تو ) کیوں نہ اس کے ساتھ فرشتے آئے یا ہم اپنے پروردگار کو دیکھتے بیشک ان منکروں نے اپنے جی میں تکبر کیا اور بہت سر اٹھایا ۔”
کوئی کہتا ہے کہ یہ ہوش ہی میں نہیں ، سب مالیخولیا ہے ۔ مجنونانہ خیالات ہیں ، دیوانے کی باتوں کا کیا ٹھکانا ، جس سے ہم آبائی دین کو چھوڑ دیں جیسا کہ فرمایا
( أَ ئِنَّا لَتَارِکُوْا اٰلِھَتِنَا لِشَاعِرٍ مَّجْنُوْنٍ ) [الصآفات:٣٦]” بھلا ہم لوگ اپنے معبودوں کو ایک شاعر دیوانے کی خاطر سے کبھی چھوڑنے والے ہیں ۔”
اور فرمایا
( ھَلْ نَدُلُّکُمْ عَلٰی رَجُلٍ یُّنَبِّئُکُمْ اِذَا مُزِّقْتُمْ کُلَّ مُمَزِّقٍ اِنَّکُمْ لَفِیْ خَلْقٍ جَدِیْدٍ ۔ اَفْتَرٰی عَلَی اللّٰہِ کَذِبًا اَمْ بِہ جِنَّة )[سبا:٧-٨]” کفار تمسخر کی راہ سے ایک دوسرے سے کہتے ہیں کہ آئو تمہیں ایک آدمی کے پاس لے چلیں جو تمہیں یہ بتائے گا کہ جب تم سڑ گل کر بالکل ریزہ ریزہ ہوجائو گے تو پھر دوبارہ نئی طرح سے پیدا کیے جائو گے ۔ نہیں معلوم کہ خدا کی طرف جھوٹ جھوٹ ان باتوں کی نسبت کرتا ہے یا سڑی [جن زدہ] ہے ۔”
کوئی کہتا ہے کہ یہ سب شاعرانہ نازک خیالیاں ہیں ان کو منجانب اللہ ہونے سے کیا علاقہ مگر جو خود شاعر ہیں جب وہ غور سے سنتے ہیں تو کہتے ہیں کہ کجا شاعرانہ تُک بندیاں اور محض خیالات ، بے سروپا مضامین اور کجا یہ کلام معجز نظام بیشک ایسا نظم کلام طاقت بشری سے باہر ہے ۔
مگر یہ کیا ضرور ہے کہ خدا کا ہی ارشاد ہو ، کوئی شیطان یا جن اسرارِ غیبی ملا ملا کر ان کو یہ باتیں سکھا جاتا ہے ، جیسا کہ اس کی تردید میں دوسری جگہ فرمایا گیا ہے
( وَ لَا بِقَوْلِ کَاھِنٍ ط قَلِیْلًا مَّا تَذَکَّرُوْنَ ) [الحاقة:٢٢]"یہ کسی کاہن کی بات نہیں ۔ تم لوگ سوچتے بہت کم ہو”.
غرض کوئی شاعر ، کوئی مجنوں ، کوئی کاذب ، کوئی کاہن ، کوئی کچھ کوئی کچھ کہتا ہے ۔
( فَھُمْ فِیْ اَمْرٍ مَّرِیْجٍ )[٥]"تو وہ لوگ آپ کی تنقیص اور انکار کے بارے میں نہایت مختلف القول اور مختلف الرائے ہو رہے ہیں ۔”
یہ مضمون جریدہ "الواقۃ” کراچی کے پہلے شمارہ، -2012 اپریل،- سے قسط وار شائع ہو رہا ہے۔
{جاری ہے۔۔۔}
کیا سعودی عرب کو تنہا کرنے کی سازش کی جارہی ہے ؟
الواقعۃ شمارہ ١
محمد آفتاب احمد
مملکت خادم حرمین و شریفین تاریخ کے ایک نازک اور اہم ترین موڑ سے گزررہا ہے ۔ ایسے میں کسی غیر معمولی واقعہ سے9/11 کی طرح پوری دنیا کی سمت کو بدلنے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔حالات کی سنگینی کا ادراک سعودی حکومت کے ١٢ مارچ٢٠١٢ء (١٦ربیع الثانی ١٤٣٣ھ)کے اقدام سے کیا جاسکتا ہے۔جس میں تاریخ میں پہلی مرتبہ سعودی حکومت نے دنیا بھر میں اپنے سفارتکاروں کو قومی لباس پہننے سے روک دیا(سعودی گزٹ)۔عربوں کی تاریخ میں خواہ وہ زمانہ جاہلیت کا دور ہو یا اسلام کے بعد کا آج تک ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ان کا لباس ہی ان کی زندگی کے لیے خطرہ بن گیا ہو۔ آخر کیا وجہ ہے کہ
سعودی حکومت کو انتہائی اقدام اٹھا نا پڑا؟اس کے پس پر دہ مقاصد کیا ہیں؟ریاض حکومت کو اس اقدام پر مجبور کرنے والے آخر کیا چاہتے ہیں؟معاملہ صرف سعودی باشندوں کا تحفظ ہے یاکچھ ؟
سعودی عرب کے خلاف سازشوں کا کھیل تو بہت پرانا ہے مگر چند عشروں کے دوران پیش آنے والے واقعات کا ایک سر سری جائزہ مستقبل میں پیش آنے والے حالات و واقعات کو سمجھنے کے لیے کافی ہوگا۔عرب اسرائیل جنگ کسے یاد نہیں ۔١٩٦٧ء کی عرب اسرائیل جنگ نے ایمان و عقیدے کی روح سے عاری ملت کو ایسا کاری زخم لگایا کہ وہ آج تک مندمل نہ ہوسکا۔ دنیا نے یہ بھی دیکھا کہ اردن کے مشرقی کنارے کے ساتھ بیت المقدس کو جانے والی سڑک جہاں پر حضرت معاذ بن جبل، حضرت ابوعبیدہ بن جراح، حضرت شرحبیل بن حسنہ اور حضرت ضرار بن آزد کے مزارات واقعہ ہیں، کے سامنے سے مسلمانوں کے لٹے پٹے قافلے وہ سارا علاقہ چھوڑ کر جارہے تھے جسے ان کے اسلاف نے بے پناہ قربانیوں کے بعد حاصل کیا تھا۔بیت المقدس اور اردن کا وہ سارا علاقہ جو آج اسرائیل کے قبضے میں ہے،نہایت گنجان آبادی سے بھرا پڑا اور سر سبز و شاداب علاقہ تھا۔بیت المقدس کی وجہ سے اردن حکومت کو سیاحت سے خاصی آمدنی بھی تھی۔اردن کی کمر ٹوٹ گئی۔سیاسی لحاظ سے بھی۔فوجی اعتبار سے بھی اوراقتصادی طور پر بھی۔ یہ مقامات مقدسہ بھی ہاتھ سے گئے ۔ یہاں کے آنے والے سیاحوں کی آمدنی بھی گئی۔ مسئلہ اسرائیل کو صرف عربوں کا مسئلہ بنادیاگیا۔شاہ فیصل شہید معاملے کی حقیقت سے آگاہ تھے۔انہوں نے کوشش کی کہ اسرائیل کو تنہا عربوں کا نہیں بلکہ امت محمدیہ کا مسئلہ بنایا جائے مگر قدرت کو ابھی اور امتحان مقصود تھاشاہ فیصل شہید کردیے گئے۔
عربوں اور ان کے مفادات پر دشمن جہاں ایک جانب براہ راست حملہ آور تھا وہیں انہیں دوسرے طریقوں سے بھی بدنام کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیتا۔ اس کی سب سے بڑی مثال او آئی سی ہے جو اپنے قیام کے مقاصد پورے کرنے میں نہ صرف ناکام رہا بلکہ بیشتر مواقعوں پر امت محمدیہ کے لیے مضرکردار ادا کیا۔ مگر او آئی سی کی ناکامی اور اس کے کرتوتوں کو بھی کسی نہ کسی طرح سعودی عرب کے کھاتے میں ڈال دیا گیا اور میڈیا کے ذریعے دنیا بھر کے مسلمانوں کو یہی بآورکرایا گیا کہ مسلمانوں کی ناکامی کی وجہ عربوں کا انتشار اور ان کا غیر مؤثر ہونا ہے۔
9/11کاواقعہ کسے یاد نہیں۔( دنیا کی اکثریت جن میں بڑی تعداد مسلمانوں کی ہی ہے آج بھی اسے عرب مسلمانوں کی کارروائی ہی سمجھتی ہے۔ باوجود اس کے کہ خود امریکی ماہرین طبیعیات نے اپنی تحقیق سے یہ بات ثابت کی ہے کہ امریکی معیشت کوکنٹرول کرنے والے ایک محدود طبقے کا کارنامہ ہے۔ آج تک یہ جاننے کی کوشش نہیں کی گئی کہ آخر اس مقصد کے لیے ٹوئن ٹاور کا انتخاب ہی کیو ں کیا گیا؟ اور اس کے لیے11ستمبر کی تاریخ کیوں متعین کی گئی؟)یہ واقعہ ایک استعارہ تھا جس کا مقصد دنیا بھر میں ابلیس کے گماشتوں کو یہ بتانا تھا کہ اب ان کی وفاداری ثابت کرنے کا وقت آگیا ہے۔اور پھر دنیا نے دیکھا کہ تاریخ نے ایک نیا موڑ لیا ہے ۔ سوچ کے زاویے بدل گئے۔ نظریات نے اپنی معنویت تبدیل کرلی۔ فلسفہ کا قبلہ بدل گیا۔معاشی اصول کے نئے معنی بنائے گئے۔ غریبوں کی مدد دہشت گردوں کی معاونت قرار پائی اور صرف او ر صرف دنیا کے ٢ مسلم ملکوں پاکستان اور سعودی عرب کو کسی نہ کسی طریقے سے ان معاملات میں ملوث کرکے ہدف تنقید بنایا گیا تاکہ مستقبل کی کارروائیوں کو سند جواز فراہم کیا جاسکے۔
موجود ہ دور میں ایک جانب جہاں پاکستان کو براہ راست ”حملوں” کا نشانہ بنایا گیا وہیںبالواسطہ طور پر سعودی عرب پر بھی حملے کیے گئے۔ان حملوں میں جہاں سعودی عرب کے مفادات کو نشانہ بنایا گیا وہیں خود مسلم ملکوں میں عربوں میں اسے بے توقیر ثابت کرنے کے لیے کمزور اور مردہ قوم کی حیثیت سے پیش کیا گیا ۔اس کی تازہ مشال گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان، بنگلہ دیش اور یمن میںسعودی سفارتخانوں پر کیے جانے والے حملے ہیں۔ ١٦ مئی٢٠١١ء کو کراچی میں شہر کے ریڈ زون ڈیفنس خیابان شہباز میں سعودی قونصلر کی گاڑی پر سعودی سفارتکار حسن گابانی کو قتل کیا گیا۔انہیں گھر سے قونصل خانہ جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ واقعہ سے چند روز قبل سیکورٹی اداروں نے قونصل خانہ سے ایک سیکورٹی افسر کو مشکوک سرگرمیوں پر گرفتار بھی کیا لیکن اس کے بعد پہلے سعودی قونصل خانہ پر دستی بم سے حملہ کیا گیااورچند روز بعد سفارتکار کو ہدف بنا کر قتل کردیا گیا(ڈان۔ عرب نیوز) ۔ قاتل آج تک گرفتار نہیں ہوسکے۔ابھی اس واقعہ کو ایک سال بھی نہیں ہوا تھا کہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں خلف بن محمد سلیم العلی کوڈپلومیٹک انکلیو میں قتل کردیاگیا ۔ انہیں انتہائی قریب سے سینے میں گولی ماری گئی۔اس بارے میں بنگلہ دیش پولیس کے بیان میں تضاد پایا گیا۔ سفارتکار کے گھر19/B کے سیکورٹی گارڈ ذوالفقار علی اورمکان نمبر20/A کے سیکورٹی گارڈ ربیع الاسلام کا کہنا ہے کہ انہیں دن سوا بجے قتل کیا گیا جبکہ ڈھاکا کے اسسٹنٹ پولیس کمشنر نورالعالم کا کہنا ہے کہ خلف العلی کو علی الصبح نشانہ بنایا گیا(دی ڈیلی اسٹار) ۔ اس واقعہ پر نہ صرف سعودی عرب بلکہ کویت ، بحرین، اردن اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔سب کا ایک ہی مؤقف تھا کہ خلف العلی کا قتل دہشت گردی اور کھلی جنگ ہے (سعودی گزٹ۔ عرب نیوز) ۔ قاتلوں کی گرفتاری اور تفتیش میں مدد کے لیے سعودی عرب کی تحقیقاتی ٹیم ڈھا کا پہنچی مگر خلف العلی کے قاتل بھی تادم تحریر گرفتار نہ ہوسکے اور نہ ہی یہ معلوم ہوسکا کہ واردات کرنے والے کون تھے؟ان کے مقاصد کیا تھے؟دوسری جانب ٢٨ مارچ ٢٠١٢ء کو سعودی عرب کے پڑوسی ملک یمن کے شہر عدن سے سعودی قونصلر عبداللہ الخالدی کو اغوا کرلیا گیا۔انہیں المنصورہ کالونی میں گھر کے باہر موجود گاڑی سے صبح کے وقت اغو ا کیا گیا۔ 4ماہ قبل ان سے راستے میں روک کر گاڑی بھی چھین لی گئی تھی( العربیہ .نیٹ ) ۔ الخالدی کے بارے میں اب تک نہیں معلوم کہ وہ کہاں ہیں؟ انہیں کس نے اغوا کیا؟ ان کے مقاصد کیا ہیں؟یہ سار ے عوامل کہیں اس امر کی نشاندہی تو نہیں کررہے کہ سعودی عرب کو عالم اسلام میں تنہا کیا جارہا ہے۔
پے در پے سعودی سفارتکاروں پر حملہ یہ واضح کرتا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف اس وقت کسی عالمی سازش کا کھیل جاری ہے ۔ یہ کھیل کھیلنے والے کسی بھی طرح مسلمانوں کے ہمدرد نہیں ہوسکتے کیونکہ سعودیہ کے خلاف کھیلا جانے والا کھیل صرف وہیں تک محدود نہیں رہے گا بالآخر اس کا اثر پورے عالم اسلام پر پڑے گا ۔
اس امر کو بخوبی سمجھ لینے کی ضرورت ہے کہ سعودی عرب میں انتشار مسلمانوں کے لیے کسی بھی طرح سود مند نہیں ۔ سعودی عرب کی تنہائی محض سعودی عرب کی تنہائی نہیں بلکہ اسلام کی مرکزیت یعنی حجازِ مقدس سے مسلمانوں کو دور کردینے کی ناپاک کوشش ہے ۔
اس بات کو کسی بھی طرح نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کہ اسرائیل اپنے قیام کے ساتھ ہی پاکستان اور سعودی عرب کا مخاف رہا ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کرتا بلکہ ان دو اسلامی ممالک –جن کے تعلق مثالی نوعیت کے ہیں — کے مابین اختلافات پیدا کرنے سے بھی گریز نہیں کرتا ۔ ١٩٦٧ء کی عرب اسرائیل جنگ کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم بن گورین کا بیان ریکارڈ پر ہے ، جس میں اس نے پاکستان سے متعلق اپنے خبث باطن کا اظہار کیا تھا ۔
اگر مفروضہ کو درست مان لیا جائے توایک یہودی سردار حاخام اکبر کا وہ بیان جو اس نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی قبضے کے بعداپنی تقریر میں کہا تھا کہ
” مسجد اقصیٰ پر قبضہ کرلینے کے بعد یقنیاً ہمیں خوشی ہوئی ہے۔ لیکن ہماری یہ خوشی اس وقت تک پوری نہیں ہوسکتی جب تک ہم مدینہ منورہ میں اپنے پرانے مکانوں اور قلعوں کو واپس نہ لے لیں اور جب تک ہم مدینہ کے ایک ایک باشندے کے ساتھ قتل و خون کا وہی معاملہ نہ کریں جو مسلمانوں نے ہمارے بڑوں بنی قرنیطہ،بنی قینقاع، بنو نضیر اور اہل خیبر کے ساتھ کیا تھا۔”
ان تمام کڑیوں کو ملائیے اور غور کیجئے کہ کہیں سعودی عرب کو تنہا کرنے کی سازش تو نہیں کی جارہی ؟
یہ مضمون جریدہ "الواقۃ” کراچی کے پہلے شمارہ، -2012 اپریل،- سے ماخوذ ہے۔
کیا علامہ تمنّا عمادی منکر حدیث تھے ؟
الواقعۃ شمارہ #1
محمّد تنزیل ا لصدیقی ا لحسینی
کیا علامہ تمنّا عمادی
منکر حدیث تھے ؟
علّامہ تمنا عمادی مجیبی پھلواروی ماضیِ قریب کی مشہور و معروف علمی شخصیت ہیں ۔ انہیں علم و ادب کی دنیا میں شہرت و مقبولیت بھی ملی اور ان کے افکار و خیالات علمی دنیا کے لیے محلِ نزاع بھی بنے ۔ ضرورت اس امر کی تھی کہ ان کی شخصیت اور افکار پر غیر جانبدارانہ تحقیق کی جاتی تاہم امر واقعہ یہ ہے کہ ان کی شخصیت غیر متوازن تنقید اورمبالغہ آمیز تعریف کی کشمکش میں مبتلا مظلوم شخصیت ہے ۔ ان پر تنقید کرنے والوں کی نظر میں ان کی خوبیاں بھی خامیاں ہیں اور جو لوگ آج ان کی وراثتِ علمی کے امین ہیں انہوں نے بھی ان کے ساتھ کچھ کم زیادتی نہیں کی ۔ اپنے خیالات پر تمنائی مہر لگا کر طرح طرح کے رطب و یابس کو علامہ سے منسوب کردیا ۔
علّامہ تمنا کی علمی و فکری زندگی پر اظہارِ خیال سے قبل ان کی مختصر سوانح ذکر کرنا ضروری ہے ۔
علّامہ تمنّاکا تعلق ہندوستان کے مشہور خانوادئہ علم و طریقت سے تھا ۔ نسباً جعفری الزینبی تھے ۔ مختصر سلسلۂ نسب حسبِ ذیل ہے :
علامہ محی الدین حیات الحق تمنّا بن نذیر الحق فائز بن سفیر الحق سفیر بن ظہور الحق ظہور بن نور الحق تپاں پھلواروی ۔
اس سلسلہ نسب سے وابستہ یہ تمام افراد حامل علم و فضل تھے ۔ علامہ تمنا کے پردادا شاہ ظہور الحق پھلواروی بارہویں و تیرہویں صدی ہجری کے کبار فقہائے کرام میں سے تھے ۔ صحیحین کے حافظ تھے ۔ شاہ عبد العزیز محدث دہلوی نے ان کے علم و فضل سے متاثر ہوکر انہیں سندِ حدیث مرحمت فرمائی تھی ۔ علّامہ اقبال ان کی ایک کتاب ” تسویلات الفلاسفة ” کے ازحد متلاشی تھے اور انہیں ” ہندی فلسفی ساکن پھلواری ” قرار دیتے تھے ۔شاہ ظہور الحق کی وفات ١٣٣٤ھ میں ہوئی ۔ علامہ تمنا کے والد اور دادا بھی اپنے عہد کے جید فضلاء میں سے تھے ۔
علامہ تمنّا ٣ شوال ١٣٠٥ھ / ١٤ جون ١٨٨٨ء کو پھلواری شریف میں پیدا ہوئے تھے ۔ زیادہ تر اخذِ علم اپنے والد سے کیا ۔ فارغ التحصیل ہونے کے بعد اوّلاً مدرسۂ حنیفیہ ، پٹنہ میں مدرس مقرر ہوئے ۔ یہاں ١٩١٠ء سے ١٩١٨ء تک عربی اور فارسی کے مدرّس رہے ۔ اس کے بعد تقریباًساڑھے تین سال ہندوستان کے پہلے صدر ڈاکٹر راجندر پرشاد کے قائم کردہ ودّیا پیٹھ یونی ورسٹی ( بہار ) میں عربی فارسی پڑھاتے رہے ۔ ١٩٢١ء میں یہاں سے الگ ہوئے ، تو پھر کسی ادارے میں ملازمت نہیں کی ۔ انہوں شروع ہی سے قرآن کریم سے شغف اور دلچسپی تھی ۔ باوجود اس کے کہ ان کا تعلق خانوادئہ خانقاہی سے تھا مگر اوائل عمر ہی میں انہیں تصوف سے شدید بیزاری ہوئی جو وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہی چلی گئی ۔ علّامہ تمنا سلسلۂ آبائی کے اعتبار سے نظامِ تصوف سے منسلک تھے لیکن انہوں نے اپنے آباء و اجداد کے مسلک کو نہ صرف ترک کیا بلکہ اس پر شدید نکیر بھی کی ۔ مسلکِ آبائی سے انحراف کوئی معمولی بات نہیں ۔
١٩٤٨ء میں انہوں نے مشرقی پاکستان ہجرت کی ۔ وہ ہندوستان کے پہلے صدر راجندر پرشاد کے دوستوں میں سے تھے ۔ ہندوستان کے اکابر سیاسی زعماء سے ان کے روابط تھے ۔ وہ ہندوستان میں رہتے ہوئے اپنے لیے بڑے مواقع پیدا کرسکتے تھے لیکن چونکہ وہ مسلم لیگ کے حامی تھے اس لیے اپنے رجحانِ فکر کے عین مطابق انہوں نے ہندوستان سے ہجرت ضروری سمجھا ، چنانچہ اپنی آبائی جائیداد ہندوستان چھوڑ کر مشرقی پاکستان کے شہر ڈھاکہ تشریف لے آئے ۔ ہجرت سے متعلق ان کا نقطۂ نظریہ تھا کہ جن لوگوں نے اللہ ربّ العزت کی خاطر ہجرت کی ہے ان کے لیے حکومتِ پاکستان سے کسی جائیداد کا مطالبہ درست نہیں ۔ چنانچہ اپنے رجحانِ فکر کے باعث یہاں بھی انہوں نے ایثار و قربانی کی مثال پیش کرتے ہوئے اپنے لیے کسی قسم کی جائیداد کا کوئی مطالبہ نہیں کیا ۔ یہاں بھی انہوں نے بہت اچھا وقت گزارا ۔ علمی و فکری حلقوں میں انہیں شہرت و اہمیت حاصل ہوئی ۔ ١٩٧٢ء کے شروع میں انہیں حلق کے کینسر کا عارضہ لاحق ہوگیا ۔ علاج معالجہ بے سود رہا ، تکلیف میں کوئی کمی نہ ہوئی ۔ بالآخر اسی مرض میں ٢٧ نومبر ١٩٧٢ء / ٢٠ شوال ١٣٩٢ھ کو کراچی میں وفات پائی ۔
علامہ تمنا کی علمی و فکری ارتقاء کے مختلف مراحل ہیں ۔ انہوں نے تصوف کی گود میں آنکھ کھولی اور خانقاہی ماحول میں پرورش پائی ۔ پھلواری میں جو نظام تصوف رائج ہے وہ نہ خالص دیوبندی طرزِ فکر کا ہے اور نہ ہی بریلوی، بلکہ ایک طویل عرصے تک پھلواری کے خانقاہی ماحول میں تشیّع ، تفضیلیت کی شکل میں داخل رہی ۔ خود علامہ تمنا کے والد شاہ نذیر الحق فائز نے تعزیہ داری کے جواز میں ایک رسالہ لکھا ۔ شاہ نذیرالحق فائز کے حقیقی نانا قاضی سیّد مخدوم عالم پھلواروی تفضیلی تھے ۔ علامہ تمنا کے حقیقی ماموں مولانا حکیم منظور احمد پھلواروی بھی تفضیلی تھے ۔ اس نظام وماحول میں پرورش پانے کے باوجود علامہ تمنا کا تصوف اورتشیّع کی تردید میں کمربستہ ہونا کسی جرأت رندانہ کے بغیرممکن نہیں ۔ انہوں نے علم و تحقیق کے بعد جسے درست سمجھا اسے اختیار کیا ، محض مسلکِ آبائی کو اپنا دین نہیں سمجھا ۔
غالباً تشیّع کی تردید کا جذبہ حدّ اعتدال سے باہرہوگیا اور یہی وجہ رہی کہ انہیں ایسے تمام راوی ، جن میں تشیّع کی ذرا بو محسوس ہوتی ، اس کی تمام روایتوں کی تردید کو وہ ضروری خیال کرتے ۔ چنانچہ اگر گہری نگاہ سے دیکھا جائے تو علّامہ تمنا نے جن احادیث و آثار پر تنقیدیں کی ہیں ان میں بیشتر میں یہی جذبہ کار فرما نظر آئے گا ۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ یہ روّیہ درست ہے بلکہ ہمارا مقصد صرف موصوف کے نفسیاتی پہلو کو اُجاگر کرنا ہے ۔
موصوف پر انکارِ حدیث کا ایک خاص اور طویل دور گزرا ، ان کی تحریریں منکرینِ حدیث کے رَسائل میں شائع ہوئیں اور انہیں منکرینِ حدیث کے طبقے کا امام شمار کیا جانے لگا ۔ چنانچہ ان کی ایسی تحریریں پرویزی رَسائل و جرائد میں بکثرت شائع ہوئیں جن میں احادیث پرکڑی تنقیدیں ہوتی یا جن میں حدیث کی حجیت کو مشکوک ٹھہرایا جاتا ۔ بدقسمتی سے یہ دور طویل بھی رہا اور اس دور کے ” تمنّائی اجتہادات ” کی نشر و اشاعت کا فریضہ بھی منکرینِ حدیث حضرات ہی نے انجام دیا ۔
پھر ایک دور خاصا ” تلبیسانہ ” آیا ۔جس میں علامہ موصوف مطابقِ قرآن حدیثوں کو ہی درست قرار دینے لگے ۔ ہدایت کو صرف قرآن میں محصور ماننے لگے اور ایسی تمام احادیث قابلِ رد قرار پائیں جن کا مآخذ قرآن نہیں تھا ۔ غور کیا جائے تو یہ نظریہ کسی ” شرارت ” سے کم نہیں ۔ کوئی صحیح حدیث کبھی بھی قرآن کے مخالف نہیں ہوتی تاہم یہ الگ بات ہے کہ انسانی فہم کی کجی اسے قرآن حکیم کے خلاف سمجھ بیٹھے ۔ اس نظریے کی ایک بڑی خامی یہ ہے کہ حدیث کی بنیادی حیثیت باقی نہیں رہتی گویا رسول اللہ ۖ تو قرآن کی تشریح نہیں کرسکتے لیکن ان متجددین کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ قرآن کریم کی جو چاہیں تشریح کریں ۔ علامہ تمنا پر یہ دور تقریباً ایک دَہائی پر محیط رہا ۔
پھر علامہ تمنا کا آخری دور شروع ہوتا ہے ۔ اس دور میں انہوں نے حدیث کی حجیت کو صاف اور صریح لفظوں میں تسلیم کرلیا ۔ گزشتہ دور میں اگر موصوف نے ” مثلہ و معہ ” کو روایتِ مکذوبہ قرار دے کر حدیث کا مذاق اڑایا تھا تو اس دور میں ، جو کہ گزشتہ دور کا ناسخ بھی ہے ، وحی متلو اور وحی غیر متلو کو قرآنی تقسیم قرار دے کر حدیث کو حجّت فی الدین تسلیم کیا ۔ فرماتے ہیں :
” وحی غیر متلو کو ” غیر قرآنی ” کہہ کر رد کرنا اور اس کے اتباع سے انکار کرنا در حقیقت قرآن مجید کا انکار ہے ۔ ” [وحی متلو اور وحی غیر متلو قرآنی تقسیم ہے از علّامہ تمنا عمادی مطبوعہ ماہنامہ ” فاران ” ( کراچی ) جنوری ١٩٧١ئ]
افسوس یہ عہد ، عہدِ آخر تھا ۔ گزشتہ کوتاہیوں کا جس قدر ازالہ ممکن تھا ، سوکیا۔ غلام احمد پرویز کے ” لغات القرآن ” پر تنقید لکھی جس کی چند قسطیں ” فاران ” کراچی میں شائع بھی ہوئیں تاہم اس تنقید کا مسودہ مکمل کتابی شکل میں شائع نہ ہو سکا ۔ اس دور کی عدم شہرت ہی نے علامہ تمنا کی شہرت کو متاثر بھی کیا اور داغدار بھی ۔ آج اہلِ علم کی اکثریت بھی انہیں پرویزی قسم کا منکر حدیث قرار دیتی ہے ۔ علامہ تمنا عمادی کی ایک بڑی بدقسمتی یہ رہی کہ ان کے افکار و نظریات کی نشر و اشاعت کا فریضہ جن لوگوں نے انجام دیا اور جو دے رہے ہیں وہ بیشتر ایسے افراد ہیں جو حدیث کے باب میں تشکیک زدہ ہیں ۔ ” تمنائی افکار و نظریات ” کی تریج و اشاعت میں بھی ان کی غرض اپنے ” افکارِ خاص ” کی ترویج و اشاعت ہوتی ہے ۔ اس بات کا احساس خود علّامہ تمنا کو بھی ہوگیا تھا ، چنانچہ فرماتے ہیں :
” طلوعِ اسلام میں میرے وہی مضامین چھپتے رہے جو ادارہ طلوعِ اسلام کے مسلک کے موئد تھے اور جن سے ادارے کو ذرا سا بھی اختلاف ہوا وہ مضامین شائع نہ ہوئے چنانچہ بعض واپس شدہ مضامین اب تک میرے پاس موجود ہیں طلوعِ اسلام سے تعلقات پیدا ہونے کے چند برس کے بعد ہی سے مجھ کو اس کے مسلک سے اختلاف ہوا تو میںنے کسی اور رسالے میں اپنے اختلافی مضامین شائع کرانے کے بجائے نجی طور پر مراسلت شروع کی اور اپنے اختلاف سے مطلع کرتا رہا کیونکہ اس طور پر افہام وتفہیم سے اصلاح کی توقع زیادہ ہوتی ہے ، بہ نسبت اس کے کہ رسائل و جرائد میں ردّ و قدح کا ہنگامہ برپا کیا جائے اس لیے کہ ایسی صورت میں مناظرے اور ضد کی نوعیت پیدا ہوجانے کا قوی امکان ہوتا ہے ، چنانچہ بہت سے مسائل پر نجی خطوط کے ذریعہ مسلسل افہام و تفہیم کرتا رہا اور یہ صورت حال امسال [١٩٧١ئ] تک جاری رہی ۔ ”
[وحي متلو اور وحی غیر متلو قرآنی تقسیم ہے از علّامہ تمنا عمادی مطبوعہ ماہنامہ ” فاران ” ( کراچی ) جنوری ١٩٧١ئ]
یہ ٹھیک ہے کہ ایک عرصے تک خود علامہ تمنا بھی منکرینِ حدیث کے ہمنوا تھے لیکن جب انہیں اس فتنے کا ادراک ہوا تو یہ ادراک بھی پورے احساس و شعور کے ساتھ تھا ۔ فرماتے ہیں :
”ادارہ بلاغ القرآن کا دعویٰ یہ ہے کہ رسول اللہ ۖ پر صرف قرآن کریم اترا ، قرآن کریم کے علاوہ کسی قسم کی وحی بھی آنحضرت ۖ کی طرف اللہ تعالیٰ نے نازل نہیں فرمائی ۔ سنّت اگر کوئی چیز واجب الاتباع ہوتی تو قرآن کی طرح رسول کریم ۖ ضرور اس کو بھی لکھوا کہ کتابی صورت میں قرآن کریم کے ساتھ امت کو دے جاتے ۔ اس لیے سنّت کہاں ہے ؟ کس کتاب میں ہے ؟ کوئی ایسی کتاب دکھائیے جس میںتمام فرقوں کی متفق علیہ سنت ہو جس کے کسی جز سے کسی فرقے کو اختلاف نہ ہو ، اور طلوعِ اسلام کا مؤقف بھی یہی ہے ۔ ان کے اس سوال کا جواب تو میرے رسالہ ” السنة” میں ہے یہاں اعادہ بے فائدہ ہے مگر یہاں مجھ کو صرف یہ دکھانا ہے کہ صرف قرآن کریم کو قبول کرنے اور باقی سب چیزوں کو روایت کہہ کر ٹھکراتے رہنے سے ان کا اصل مقصد کیا ہے ؟”
”اصل مقصد: قرآن مجید کو قبول کرلینے اور باقی سارے دینی لٹریچر کو ردی قرار دینے کا مقصد یہ ہے کہ قرآنی آیتوں کو توڑ مروڑ کر جو مفہوم جس آیت سے چاہیں گے نکال لیں گے ، جس لفظ کے چاہیں گے معنی حقیقی کی جگہ مجازی لے لیں گے، جس واقعے کو چاہیں گے خواب کا واقعہ کہہ دیں گے، جس عبارت میں ضمیر جدھر چاہیں گے پھیر دیں گے ، جس اسم اشارہ کا جس کو چاہیں گے مشار الیہ قرار دیں گے ، جس لفظ کے متعدد معانی لغت والوں نے لکھے ہیں ان میں سے جو معنیٰ چاہیں گے حسبِ دلخواہ مرادلے لیں گے، اس طرح قرآن مجید کی آیتوں کو اپنے منشا اور اپنی اغراض کے تابع رکھنے کی پوری آزادی حاصل رہے گی ۔ دوسروں نے کیا لکھا ہے اس کو دیکھنے کی ضرورت نہیں اس لیے کہ دوسرے تو سب کسی نہ کسی فرقے کے ہیں اور فرقہ وارانہ روایات کے پابند ہیں اور یہاں روایات کے اتباع کو گمراہی بلکہ شرک سمجھتے ہیں اس لیے ان ” مشرکین ” کی تفسیروں اور ترجموں کو دیکھنا بھی گناہ ہے ۔ ہاں ! ان میں سے اگر کسی کا کوئی قول ایسا مل جائے جس سے اپنے خیال کو تقویت ہو تو البتہ اس کو پیش کریں گے بلکہ ضعیف سے ضعیف روایت اور کسی منافق راوی کا قول بھی اپنے موافق مل جائے گا تو اس کو اپنے دعویٰ کے ثبوت میں پیش کریں گے اور کہیں گے اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے ( وَ لَقَدْ یَسَّرْنَا الْقُرْاٰن )ہم نے ضرور اس قرآن کو آسان کردیا ہے تو پھر انسان کے سمجھنے میں دشواری کیوں ہوگی ؟ ہم جو مطلب جس آیت کا سمجھے ہیں صحیح ہی سمجھے ہیں ۔ آسان بات کے سمجھنے میں غلطی نہیں ہوسکتی ۔ مگر قرآنی آیات کو سمجھنے کی کوشش کب کی جاتی ہے ؟ ساری کوششیں تو آیات سے اپنے موافق مفہوم پیدا کرنے کے لیے ہوتی ہیں اس لیے ضرورت ہوئی کہ اس فرقے کی طرف خصوصیت سے توجہ کی جائے ۔ خصوصاً اس لیے دیکھ رہا ہوں کہ کوئی صاحبِ علم اس فرقے کی طرف پوری طرح سے متوجہ نہیں ہو رہا ۔ صرف ” فتنہ انکارِ حدیث ” کہہ دینے یا بعض رسالوں سے اس فتنہ کا انسداد نہیں ہو سکتا ۔” [ وحی متلو اور وحی غیر متلو قرآنی تقسیم ہے از علّامہ تمنا عمادی مطبوعہ ماہنامہ ” فاران ” ( کراچی ) جنوری ١٩٧١ئ]
رسول اور احادیث رسول کی حیثیت و اہمیت کو واضح کرتے ہوئے فرماتے ہیں :
”جس پر وحی اتری ہے وہی توا س وحی کا مخاطب اولیٰ ہے چاہے وہ وحی کتابی ہو یا غیر کتابی یہ ضرور دیکھنا چاہئے کہ خود رسول نے اس وحی کا کیا مفہوم سمجھا تھا اور احکام وحی کی کس طرح تعمیل فرمائی تھی رسول صرف مبلغ کتاب بنا کر نہیں بھیجے گئے تھے بلکہ معلّم اور مبینِ کتاب بھی تھے اس لیے تعلیم و تبیین رسول سے واقفیت حاصل کرنے کی ضرورت نہ سمجھنا اور بطور خود اپنی خواہش کے مطابق آیات قرآنی کی تفسیرکرنا سخت گمراہی اور بدترین الحاد ہے ۔” [وحی متلو اور وحی غیر متلو قرآنی تقسیم ہے از علّامہ تمنا مطبوعہ ماہنامہ ” فاران ” ( کراچی ) جنوری ١٩٧١ئ]
وحی متلو و غیر متلو کی تقسیم کو قرآنی تقسیم قرار دیتے ہوئے صاف لفظوں میں فرماتے ہیں :
”یہ تقسیم علماء سلف نے اپنی طرف سے نہیں کی خود قرآن مجید نے تقسیم بیان فرمادی ہے ۔ سورة الکہف کی آیت ٢٧ پڑھیے :
( وَاتْلُ مَآ اُوْحِیَ اِلَیْکَ مِنْ کِتَابِ رَبِّکَ )
” اورتم تلاوت کرو اس وحی کی جو تمہارے رب کی کتاب سے تمہاری طرف کی گئی ہے ۔”
اس آیت کریمہ میں ( مِنْ کِتَابِ رَبِّکَ ) کی قید بتارہی ہے کہ تلاوت وحی کتاب ہی کی مامور بھا ہے اور اس قید نے یہ بتادیا کہ کتاب سے باہر بھی بعض وحی ہوئی ہے جس طرح اگلے انبیاء علیہم السلام کی طرف کتابی و غیرکتابی دونوں طرح کی وحی آتی ہے ۔ اس لیے رسول اللہ ۖنے کاتبین وحی سے صرف کتابی وحی لکھوائی تاکہ اس کی تلاوت ہو غیر کتابی وحی کی تلاوت کا حکم نہ تھا ۔ اس لیے قرآن کی طرح باضابطہ اس کو نہیں لکھوایا ۔ کتابی وحی میں الفاظ وحی ہوتے جن کا محفوظ رکھنا ضروری تھا غیر کتابی وحی میں مفہوم کی وحی ہوتی تھی اوراگر مفہوم فرشتے کو القا ہوتا تھا تو الفاظ فرشتے کے ہوتے تھے جو وہ رسول تک پہونچاتا اور اگرمفہوم رسول پر بیداری میں یا خواب میںا لقاء ہوتا تھا تو رسول اپنے الفاظ میں بیان فرماتے تھے ۔مگر مفہوم ایسی احکامی وحیوں کے بعد کو کہیں نہ کہیں قرآن مجید میں کسی نہ کسی طرح ضرور بیان فرمادیئے جاتے تھے تاکہ وہ مفہوم محفوظ رہ جائے اسی لیے دیکھئے دوسری جگہ بھی یونہی فرمایا ہے :
( اُتْلُ مَآ اُوْحِیَ اِلَیْکَ مِنَ الْکِتٰبِ وَ اَقِمِ الصَّلٰوةَ ط اِنَّ الصَّلٰوةَ تَنْہٰی عَنِ الْفَحْشَآئِ وَ الْمُنْکَرِ ط وَ لَذِکْرُ اللّٰہِ اَکْبَرُ ط وَ اللّٰہُ یَعْلَمُ مَا تَصْنَعُوْنَ )
” اس کتاب سے جو وحی تمہاری طرف کی گئی ہے اس کی تلاوت کیا کرو اورنماز قائم کرو بے شک نماز بے حیائی کی باتوں اورناپسندیدہ کاموں سے روک دیتی ہے اور اللہ کا ذکر بہت بڑی چیز ہے اور اللہ جانتا ہے جو کچھ تم لوگ کرو گے ۔” ( عنکبوت : ٤٥)
اس آیت کریمہ میں دو کاموں کا حکم دیا گیا ہے پہلا حکم ( اُتْلُ مَآ اُوْحِیَ اِلَیْکَ مِنَ الْکِتٰبِ ) کا ہے یعنی حکم دیا جارہا ہے کہ اس کتاب سے جو وحی تمہاری طرف کی گئی ہے اس کی تلاوت کیا کرو ۔ جو شخص کچھ بھی آخرت کی باز پرس سے ڈرتا ہو اوریقین رکھتا ہو کہ اگر قرآنی آیات کے مفہوم صحیح کے اقرار و انکار میں ہٹ دھرمی سے کام لیں گے تو قیامت کے دن ہم سخت عذاب میں مبتلا ہوں گے ۔ میں ایسے مومن سے پوچھتا ہوں کہ ( مَآ اُوْحِیَ اِلَیْکَ مِنَ الْکِتٰبِ) میں جو قید (مِنَ الْکِتٰبِ ) کی ہے صاف بتارہی ہے یا نہیں کہ کتاب والی وحی کے علاوہ بھی وحی ضرور آتی تھی ورنہ من الکتاب کی قید محض فضول ٹھہرے گی اور قرآن مجید میں کوئی لفظ بھی بے سود نہیں لایا گیا ہے اور چونکہ صرف کتابی ہی وحی کی تلاوت کا حکم ہے اس لیے کتابی ہی وحی متلو ہوئی اور غیر کتابی وحی غیر متلو ہوئی قرآن مجید نے خود وحی کی دو قسم متلو و غیر متلو بتادی یا نہیں ؟ [وحی متلو اور وحی غیر متلو قرآنی تقسیم ہے از علّامہ تمنا عمادی مطبوعہ ماہنامہ ” فاران ” ( کراچی ) جنوری ١٩٧١ئ]
اتباع قرآنی وحی کی بھی ہوگی اور غیر قرآنی وحی کی بھی ۔ علامہ تمنا اس امر کو قرآنِ کریم کی روشنی میں واضح کرتے ہوئے لکھتے ہیں :
”اتباع چونکہ ہر قسم کی وحی کا فرض ہے اس لیے جہاں اتباع کا حکم ہے وہاں عام وحی کے اتباع کا حکم یا ذکر ہے ان آیتوں میں ( من الکتاب ) کی قید نہیں لگائی گئی ۔ تو اب اتباعِ وحی کے ذکر یا حکم کی آیات کریمہ ایمان و دیانت کی نظر سے خدا ترسی کے جذبے کے ماتحت ملاحظہ فرمائیے۔
(١) ( قُل لاَّ أَقُولُ لَکُمْ عِندِیْ خَزَآئِنُ اللّہِ وَلا أَعْلَمُ الْغَیْْبَ وَلا أَقُولُ لَکُمْ ِنِّیْ مَلَک ِنْ أَتَّبِعُ ِلاَّ مَا یُوحَی ِلَیَّ )]انعام :٥٠[
” کہہ دو ( اے رسول ) کہ نہ میں تم سے یہ کہتا ہوں کہ میرے پاس اللہ تعالیٰ کے ( دیئے ہوئے ) خزانے ہیں اور نہ میں غیب ( کی باتیں ) جانتا ہوں اور نہ میں یہ دعویٰ کرتا ہوں کہ میں فرشتہ ہوں ۔ میں تو بس اسی کا اتباع کرتا ہوں جس ( بات ) کی وحی میری طرف کی جاتی ہے ۔ ”
(٢) (اتَّبِعْ مَا أُوحِیَ ِلَیْْکَ مِن رَّبِّکَ لا ِلَہَ ِلاَّ ہُوَ وَأَعْرِضْ عَنِ الْمُشْرِکِیْنَ)] انعام : ١٠٧[
” (اے رسول ) تم اتباع کرو اس ( بات ) کا جس کی وحی تمہاری طرف تمہارے رب کی طرف سے کی گئی اس کے سوا کوئی معبود نہیں ہے اور مشرکین کی طرف سے منہ پھیر لو ( ان کی مخالفت کی کوئی پروا نہ کرو )۔”
(٣) ( قُلْ ِنَّمَا أَتَّبِعُ مَا یِوحَی ِلَیَّ مِن رَّبِّیْ ) ] اعراف:٢٠٣[
” کہہ دو ( اے رسول ) کہ میں اتباع صرف اسی کا کرتا ہوں جس کی وحی میری طرف میرے رب کی طرف سے کی جاتی ہے ۔”
(٤) ( وَاتَّبِعْ مَا یُوحَی ِلَیْْکَ وَاصْبِرْ حَتَّیَ یَحْکُمَ اللّٰہُ وَہُوَ خَیْْرُ الْحَاکِمِیْنَ )
” جو وحی ( اے رسول ) تمہاری طرف کی جائے تم اس کا اتباع کرو اور صبر سے کام لو یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ فیصلہ کردے اور وہ سب سے بہتر فیصلہ کرنے والا ہے ۔” ( سورئہ یونس کی آخری آیت )
(٥) ( وَاتَّبِعْ مَا یُوحَی ِلَیْْکَ مِن رَّبِّکَ ِنَّ اللَّہَ کَانَ بِمَا تَعْمَلُونَ خَبِیْراً )
” ( اے رسول ) تمہارے رب کی طرف سے جو وحی کی جائے اس کا اتباع کرتے رہو تم لوگ جو کچھ کروگے اللہ تعالیٰ بے شک اس سے باخبر ہے ۔”]احزاب :٢[
ان پانچ آیتوں میں اتباعِ وحی کا حکم ہے اور یہ حکم عام وحی سے متعلق ہے کہیں بھی کتاب کی قید نہیں ۔”[ وحی متلو اور وحی غیر متلو قرآنی تقسیم ہے از علّامہ تمنا عمادی مطبوعہ ماہنامہ ” فاران ” ( کراچی ) جنوری ١٩٧١ئ]
منکرینِ حدیث کی روش پر تنقید کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
”وحی غیر متلو جس کو مدعیانِ قرآن فہمی وحی تو تسلیم ہی نہیں کرتے ، ” غیر قرآنی ” باتیں کہہ کر رد کردیتے ہیں ان میں بہت سی تو ایسی ہیں جن کا ذکر کسی نہ کسی طرح قرآن مجید میں کردیا گیا ہے مگر اس فرقے والوں کو ان آیات سے کیا بحث ؟ ان کو ایسی آیتوں کی تلاش رہتی ہے جن سے وہ آج کل کے الحاد زدہ نوجوانوں کو مطمئن کرسکیں اور دنیا میں انسانوں کو خودساختہ نظام معیشت قائم کرسکیں اور بزعم خود سرمایہ داری کا استیصال کرسکیں ۔ ڈارون کی تھیوری کو قرآنی آیتوں سے ثابت کرسکیں ۔ غرض ان کا حاصل یہ ہے :
( ضَلَّ سَعْیُھُمْ فِی الْحَیٰوةِ الدُّنْیَا وَ ھُمْ یَحْسَبُوْنَ اَنَّھُمْ یُحْسِنُوْنَ صُنْعًا )
” ان کی ساری جدو جہد دنیاوی ہی زندگی کے مفاد میں کھو گئی ( خرچ ہوگئی ہے ) اور وہ یہ سمجھ رہے ہیں کہ ہم بہت اچھا کام کر رہے ہیں ۔” ( کہف : ١٠٤ )
اس لیے وہ کبھی اس پر غور ہی نہیں کرتے کہ ( اِذَا نُوْدِیَ لِلصَّلٰوةِ مِنْ یَّوْمِ الْجُمُعَةِ )سے نمازِ جمعہ کا ثبوت تو مل رہا ہے مگر نمازِ جمعہ کب فرض ہوئی تھی ؟ اور کس آیت کے ذریعے فرض ہوئی تھی ؟
پھر” نداء للصلوٰة ” یعنی اذان کا ذکر قرآن مجید میں کئی جگہ ہے اذان کا حکم اور اذان کے کلمات کی تعلیم کس آیت سے ثابت ہوتی ہے ؟ ان باتوں پر غور کرنے کا ان کے پاس وقت کہاں ؟ ا س لیے یہ ان وحی ہائے غیر متلو سے بالکل بے خبر ہیں جو قرآ ن مجیدمیں صراحتاً مذکور نہیں اور جو قرآن مجید میں صراحتہً مذکور نہیں ان کو غیر قرآنی اور روایتی کہہ کر ٹھکرا دیتے ہیں حالانکہ قرآن مجید ان کی صداقت کی گواہی دے رہا ہے ۔ ”[ وحی متلو اور وحی غیر متلو قرآنی تقسیم ہے از علّامہ تمنا عمادی مطبوعہ ماہنامہ ” فاران ” ( کراچی ) جنوری ١٩٧١ئ]
علامہ تمنا کے نزدیک ہدایت کے تین ذریعے ہیں اور تینوں میں سے کسی ایک کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ فرماتے ہیں :
”اللہ کی کتاب اور محمد رسول اللہ ( ۖ ) و الذین معہ یہی تین ذریعے ہیں ہدایت کے ۔ یہ تینوں ایک دوسرے سے الگ نہیں ہوسکتے اور نہ کوئی ان تینوں میں سے کسی ایک کو بھی چھوڑ کر راہِ ہدایت پا سکتا ہے ۔ ” [ کتاب اللہ ، محمد رسول اللہ و الذین معہ از علّامہ تمنا عمادی مطبوعہ ” نقوش ” رسول نمبر : ١/٣٥٨۔دسمبر ١٩٨٢ء ]
اب علّامہ تمنا کے ایک مکتوب گرامی سے اقتباس ملاحظہ فرمائیے۔ یہ مکتوب گرامی راقم کو اپنے والد محترم محمد احسن اللہ عظیم آبادی ( ١٩٢١ء -١٩٩٥ء ) کے ذخیرئہ کتب سے ملا تھا ۔ راقم کے والد علامہ تمنا کے قریبی عزیز اور تلمیذِ رشید تھے ۔خط میں مکتوب الیہ کا نام درج نہیں تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ مکتوب الیہ ” کفایتِ قرآن” کے مدعی اور ” منکرینِ حدیث ” ہمنوا ہی تھے ۔ علامہ تمنا انہیں لکھتے ہیں :
” کفایتِ قرآن کے لفظ سے اپنے نفس کو بہت دھوکہ دیا جا سکتا ہے اوردوسروں کو بھی ۔ مولوی صبیح وکیل بہاری مرحوم جو میرے شاگردبھی تھے صرف چار مہینے مجھ سے میری تصنیف کتاب جواہر الصرف و روح النحو میں مجھ سے عربی صرف و نحو پڑھی تھی ۔ اس کے بعد لگے قرآن مجید کا بطور خود مطالعہ کرنے چند برسوں کے مطالعہ کے بعد مجتہد بن گئے اور کتا ، بلی ، چوہا ، چھچھوندر کو بسم اللہ اللہ اکبر کہہ کے ذبح کرکے کھانے لگے ۔ اور غسل جنابت کے منکر ہوگئے ۔……. تہجد کو فرض سمجھتے تھے ۔ آپ ایک وقت کو تین وقت بتاتے ہیں وہ ایک وقت نماز پڑھا کر چھ وقت کی نماز فرض قرار دیتے تھے مگر بے اعراب دی ہوئی عربی عبارت صحیح طور سے پڑھ نہیں سکتے تھے نہ دو سطر صحیح عربی لکھ سکتے تھے نہ پانچ منٹ تک کسی موضوع پر صحیح عربی میں بول سکتے تھے ۔ اور یہی کفایت قرآن کی سند پیش کرتے تھے ۔ امت مسلمہ امرتسر کے جلسے میں ایک بار مدعو ہوا تھا اور امرتسر پہونچ کر مولوی احمد الدین مرحوم سے بھی ملا تھا ۔ بھائی مولانا عرشی صاحب سے پہلے پہل وہیں ملاقات ہوئی تھی اور کئی مدعیان کفایت قرآن سے ملاقات ہوئی جن میں مولوی احمد الدین مرحوم کے سوا کسی نئے ملنے والے میں اس کی مطلق صلاحیت نہیں دیکھی کہ وہ علمی بحث کو سمجھ بھی سکتے ۔ مولانا عرشی سے تو رسالہ البیان کی وجہ سے دیرینہ تعلقات تھے ۔ ان کے سوا دیرینہ تعلقات والے بھی کچھ ویسے ہی نظر آئے ۔ مولانا ثناء اللہ اہل حدیث مرحوم سے بھی ملاقات ہوئی انہوں نے اپنی تفسیر القرآن بکلام الرحمان مجھ کو تحفةً دی جو میرے پاس موجود ہے ۔ تو کتاب قرآن پر تو ایمان ہے مگر یہ ویسا ہی ہے کہ بعض لوگوں نے کہا تھا کہ ( ِنَّ الَّذِیْنَ قَالُوا رَبُّنَا اللَّہُ ثُمَّ اسْتَقَامُوا تَتَنَزَّلُ عَلَیْْہِمُ الْمَلَائِکَةُ أَلَّا تَخَافُوا وَلَا تَحْزَنُوا) ( حٰم :٣٠) اور پھر ( اَلَیْسَ اللّٰہَ بِکَافٍ عَبْدَہ ) کہہ کر صرف اللہ تعالیٰ پر ایمان لانے کو کافی سمجھتے تھے اور رسول اور ملائکہ پر ایمان لانے کو شرک فی الایمان کہتے تھے اور ( اَ لَیْسَ اللّٰہَ بِکَافٍ عَبْدَہ ) کے خلاف سمجھتے تھے ۔ ویسے ہی کفایت قرآن کو دعویٰ لے کر معلم کتاب کی تفہیم و تبیین سے استغنا بھی ہے ۔ بہر حال یہ بحث مستقل طور سے زیر غور لانے کی مستحق ہے سرسری طور سے خطوط میں چند سطری لکھ دینے سے کام نہیں چل سکتا ۔ ”
مولانا افتخار احمد بلخی ، جو علامہ تمنا کے تلمیذ اور انکارِ حدیث کی تردید میں لکھی گئی ایک مشہور کتاب کے مصنف بھی ہیں ، علامہ تمنا عمادی سے متعلق فرماتے ہیں :
”میں اپنے ذاتی علم کی بنا پر کہتا ہوں کہ مولانا انکارِ حدیث کو ایک ایسی ضلالت تصور کرتے ہیں ، جس کی سرحد کفر سے ملتی ہے ، یہ میرا ذاتی علم ہی نہیں بلکہ مولانا کی شائع شدہ تحریریں بھی اس پر شاہد ہیں ۔”[فتنہ انکارِ حدیث کا منظر و پس منظر: [١/٥٥ – ٦٥]]
یہ مضمون جریدہ "الواقعۃ” کراچی کے پہلے شمارہ، -2012 اپریل،- سے ماخوذ ہے۔
عبرانی زبان
الواقعۃ شمارہ #1
پروفیسر محمد طارق
عبرانی زبان
عبرانی Hebrew اور یسوانی زبانیں عربی زبان کی قریبی رشتہ دار ہیں ۔ برصغیر میں یہ خیال پیدا ہوا ہے کہ عبرانی و یسوانی زبانیں معدوم ہوچکی ہیں ، لیکن یہ خیال صحیح نہیں ہے ۔
عبرانی ، یسوانی اور لاطینی زبانیں اس اعتبار سے معدوم ہوچکی ہیں کہ ان کو دیگر زبانوں کی طرح بولا نہیں جاتا ہے لیکن ان کا سرمایۂ ادب Litrature موجود ہے اور یورپ میں باقاعدہ
ان کی تعلیم یونی ورسٹیز میں دی جاتی ہے ۔ اسی طرح انگریزی کی اصل انگلو سقسن Anglo-Sexon بھی اپنے ادب کے ساتھ موجود ہے ۔ افسوس یہ ہے کہ ہم نے قدیم ترکی اور عربی کو تعلیم کے اعتبار سے ترک کردیا ہے مگر یورپ نے اپنے تمام سرمایہ ادب کو محفوظ رکھا ہے ۔
ان کی تعلیم یونی ورسٹیز میں دی جاتی ہے ۔ اسی طرح انگریزی کی اصل انگلو سقسن Anglo-Sexon بھی اپنے ادب کے ساتھ موجود ہے ۔ افسوس یہ ہے کہ ہم نے قدیم ترکی اور عربی کو تعلیم کے اعتبار سے ترک کردیا ہے مگر یورپ نے اپنے تمام سرمایہ ادب کو محفوظ رکھا ہے ۔
عبرانی زبان عربی سے کافی ملتی ہے ۔ اسرائیل میں اس کی تحقیق میں کافی کام ہوا ہے ۔ عبرانی کے ہر لفظ کو ایک عدد دیا گیا ہے جو ایک سائنسی طریقہ ہے ۔ اسی طرح یسوانی زبان شام کے چند علاقوں میں بولی جاتی ہے ۔
عبرانی زبان میں ٢٢ حرف ہیں ۔ یہ زبان دائیں سے بائیں جانب لکھی جاتی ہے ۔ اس کا شمار دنیا کی قدیم زبانوں میں ہوتا ہے ۔ مذہبی لحاظ سے بھی یہ زبان انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ عبرانی زبان مختلف زمانوں میں رسم الخط کی تبدیلی کے مرحلے سے بھی گزری ہے ۔ اس زبان کو اسرائیل میں قانونی حیثیت حاصل ہے ۔
عبرانی کا حرف اوّل الف ریاضی میں بھی استعمال کیا گیا ہے ۔ عبرانی تین رسوم الخط میں لکھی جاتی ہے :
(١) قدیم عبرانی خط
(٢) سامی خط
(٣) عربی خط
(١) قدیم عبرانی خط
(٢) سامی خط
(٣) عربی خط
قدیم عبرانی خط کو متروک کردیا گیا ہے اور اب سامی خط اس کی جگہ استعمال ہوتا ہے ۔ عربی خط کو ترک کرنے کی وجہ یہ ہے کہ اہل عرب عبرانی کو بآسانی سیکھ سکتے تھے غالباً اہل عرب کو عبرانی سے دور رکھنے کے لیے یہ طریقہ اختیار کیا گیا ہے ۔ ہمیں چاہئے کہ عربی رسم الخط کو عبرانی کے لیے استعمال کرکے علماء میں اس کی تعلیم و تعلم کے دروازے کھول دیں ۔ نیز یونانی کو عربی رسم الخط میں لکھ کر یونانی زبان کے حصول بھی عربی داں حضرات کے لیے آسان کر سکتے ہیں ۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ علماء بلاواسطہ یہود و نصاریٰ کے اصل مآخذ تک رَسائی کرسکیں گے ۔ یہود و نصاریٰ کی مذہبی زبان میں معتبر ترین ذریعے سے اسلام کا پیغام پہنچاسکیں گے ۔
بائبل کے جو بھی تراجم انگریزی ، اردو ، فرانسیسی ، فارسی وغیرہا میں پائے جاتے ہیں ۔ ان کا مآخذ عبرانی و یونانی بائبل ہیں ۔ اگر کسی اردو یا انگریزی ترجمہ اور عبرانی یا یونانی متن میں مطابقت نہ ہو تو علمائے یہود و نصاریٰ ترجمہ کو اصل متن کے مقابلہ میں مسترد کردیتے ہیں ۔
اب تک مسلمان علماء بالخصوص برصغیر پاک و ہند کے علماء یونانی و عبرانی تراجم سے بحث کرتے رہے ہیں ۔ صرف ”البشریٰ ” کے فاضل مصنف مولانا عنایت رسول چڑیاکوٹی نے اصل عبرانی متن سے کام لیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی کتاب تحقیقی اعتبار سے لازوال شہرت ملی ۔
موجودہ دور میں جبکہ نصرانی علماء قرآن کے عربی متن کا براہِ راست مطالعہ کرنے لگے ہیں بلکہ قرآنِ پاک کی صرفی و نحوی تراکیب پر اعتراض کرنے کی ناپاک جسارت بھی کرنے لگے تو ہمارے علماء پر لازم ہے کہ وہ بھی یونانی و عبرانی بائبل کا براہِ راست مطالعہ کریں ۔
یہ مضمون جریدہ "الواقۃ” کراچی کے پہلے شمارہ، -2012 اپریل،- سے ماخوذ ہے۔
یہ مضمون جریدہ "الواقۃ” کراچی کے پہلے شمارہ، -2012 اپریل،- سے ماخوذ ہے۔
ہزار سال کے قدیم ترین وثائق قرآن کی روشنی میں
الواقعۃ شمارہ #1
مولانا سیّد مناظر احسن گیلانی
ہزار سال کے قدیم ترین وثائق قرآن کی روشنی میں
تمام دینی نوشتے جو خالق کی طرف منسوب تھے ان سب کو ”اساطیر الاوّلین”( بڑھیوں کی کہانیاں) یا میتھالوجی ٹھہرا کر بصدِ بے باکی و گستاخی یورپ نے علم کی جدید الحادی نشاء ة میں اس دعوے کی بدبو سے سارے عالم کو متعفن بنا رکھا تھاکہ مذہب اور دین کے سلسلے میں بنی آدم کا ابتدائی دین شرک تھا ، سمجھایا جاتا تھا کہ کم عقلی کی وجہ سے ہر ایسی چیز جس سے ہیبت و دہشت کے آثار پیدا ہوتے تھے یا جنہیں دیکھ کر لوگ اچنبھے میں مبتلا ہوجاتے تھے
فطرت کے ان ہی مناظر کے سامنے آدم کی ناتراشیدہ عقل نے سر جھکادیا ۔بجلی ، بادل ، سورج ، چاند ، سانپ ، ہاتھی ، سانڈ وغیرہ چیزوں کی پوجا کے متعلق ہر بڑی چھوٹی کتاب خواہ کسی فن اور علم میں لکھی گئی ہو اپنی اس لحافی [یہ ایک شخصی اصطلاح ہے مطلب یہ ہے کہ ماضی کے ایسے حوادث و واقعات جن کے متعلق صحیح مواد ہمارے پاس نہ ہو۔ جہل کا اقرار و اعتراف بھی صحیح علمی طریقہ ان امور کے متعلق ہوسکتا ہے مگر وسوسہ کی خارشت ]سرشت[سے مجبور ہوکر بعض لوگ کچھ نہ کچھ رائے ان کے متعلق قائم کرلینا ضروری سمجھتے ہیں ورنہ اپنی ذہنی کھجلاہٹ سے سکون کی کوئی صورت ان کی سمجھ میں نہیں آتی ۔آسان راستہ اس سلسلے میں بھی ہے کہ ” لحاف اوڑھ کر پلنگ پردراز ہوجائے ”اور وسواسی تُک بندیوں سے کام لے کر کوئی رائے قائم کرلے ۔ ماضی ہی نہیں بلکہ مستقبل کے متعلق بھی نتائج اور آراء جن کا چرچا عوام میں پھیلا ہوا ہوتا ہے۔ تحلیل و تجزیہ سے معلوم ہوتا ہے کہ زیادہ تر لحافیاتی مقدمات ہی سے ان نتائج و آراء کے استنباط میں کام لیا گیا ہے ۔] توجیہ کے تذکرے کو مغربی و مستغرب مصنفین نے ایک قسم کا پیشہ بنالیا تھا اور شاید کچھ لوگ اب تک بنائے ہوئے ہیں۔
فطرت کے ان ہی مناظر کے سامنے آدم کی ناتراشیدہ عقل نے سر جھکادیا ۔بجلی ، بادل ، سورج ، چاند ، سانپ ، ہاتھی ، سانڈ وغیرہ چیزوں کی پوجا کے متعلق ہر بڑی چھوٹی کتاب خواہ کسی فن اور علم میں لکھی گئی ہو اپنی اس لحافی [یہ ایک شخصی اصطلاح ہے مطلب یہ ہے کہ ماضی کے ایسے حوادث و واقعات جن کے متعلق صحیح مواد ہمارے پاس نہ ہو۔ جہل کا اقرار و اعتراف بھی صحیح علمی طریقہ ان امور کے متعلق ہوسکتا ہے مگر وسوسہ کی خارشت ]سرشت[سے مجبور ہوکر بعض لوگ کچھ نہ کچھ رائے ان کے متعلق قائم کرلینا ضروری سمجھتے ہیں ورنہ اپنی ذہنی کھجلاہٹ سے سکون کی کوئی صورت ان کی سمجھ میں نہیں آتی ۔آسان راستہ اس سلسلے میں بھی ہے کہ ” لحاف اوڑھ کر پلنگ پردراز ہوجائے ”اور وسواسی تُک بندیوں سے کام لے کر کوئی رائے قائم کرلے ۔ ماضی ہی نہیں بلکہ مستقبل کے متعلق بھی نتائج اور آراء جن کا چرچا عوام میں پھیلا ہوا ہوتا ہے۔ تحلیل و تجزیہ سے معلوم ہوتا ہے کہ زیادہ تر لحافیاتی مقدمات ہی سے ان نتائج و آراء کے استنباط میں کام لیا گیا ہے ۔] توجیہ کے تذکرے کو مغربی و مستغرب مصنفین نے ایک قسم کا پیشہ بنالیا تھا اور شاید کچھ لوگ اب تک بنائے ہوئے ہیں۔
باور کرایا جاتا تھا کہ مشرک انسان عقلی ارتقاء کے ساتھ ساتھ اپنے معبودوں کو بھی بدلتا چلا گیا تآنکہ آخری نقطہ جہاں تک پرانی دنیا کی عقل پہنچ سکی تھی ”خدائے واحد ” کا تخیّل تھا ، حاصل یہی ہوا کہ توحید عہدِ قدیم کے عقلی ارتقاء کا نتیجہ ہے اور اب جدید دور میں انسانی عقل ترقی کے جس زینے پر پہنچ چکی ہے اس نے اس ” ایک خدا” کی ضرورت کے خیال کو بھی ختم کردیا ۔ اس آخری حاصل کو سطروں میں تو جگہ نہیں دی جاتی تھی لیکن جو طریقہ بیان اس مسئلہ میں اختیار کیا گیا تھا اور جس معصومانہ سادگی اور خالص علمی لب و لہجہ میں شرک کے پیٹ سے توحید کو نکالنے کی کوشش کی جاتی تھی اس کا لازمی نتیجہ یہی تھا کہ شعوری یا غیرشعوری طور پر آدمی کا ذہن ” انکارِ خدا” کے نقطہ پر پھسل کر خود پہنچ جائے گویا بجائے ” سطور” کے دل کی بات ” بین السطور” میں بڑے احتیاط کے ساتھ کھپانے والے کھپادیا کرتے تھے ۔ انیسویں صدی کے عام ادبیات میں اس عجیب و غریب مسئلہ کو کچھ ایسے شاطرانہ طریقہ سے سان دیا گیا تھا کہ بڑے بڑے دینداروں ، مذہب کے علمبرداروں تک کوبھی اسٹیج ہی نہیں بلکہ ممبروں سے بھی دیکھا جاتا تھا کہ ”دین کی تشریح ” اسی راہ سے کررہے ہیں حیرت ہوتی تھی کہ آدم و حوّا کا قصہ جو کم از کم سامی مذاہب کا ایک عام مشترک قصّہ تھا اس قصے میں انسانِ اوّل حضرت آدم علیہ السّلام کا سامی مذاہب کی تمام کتابوں میں جن خصوصیتوں کے ساتھ تذکرہ کیا گیا ہے ان کو مانتے ہوئے لوگوں کے دل میں یہ بات کیسے جاتی تھی کہ ہمارے باپ دادوں نے شرک سے شروع کرکے توحید کو اپنا دین بنایا ہے جس آدم اور حوّا کے حالات سے ہمیں آسمانی کتابوں میں روشناس کرایا گیا ہے وہ اتنے گئے گزرے نہیں معلوم ہوتے کہ سانپ، بچھو ، آگ اور پانی ۔ بجلی اور بادل جیسی چیزوں کو پوجتے ہوں۔
بہر حال یہ قصہ تو بڑا طویل ہے بلکہ اب تو ایک حد تک پارینہ بھی ہو چکا ہے ، خود یورپ کے علمی طبقوں میں اس ” لحافی نظریہ ”کاکافی مضحکہ اڑایاجا چکا ہے حال ہی کی ایک مطبوعہ کتاب "The Bible come Alive” [یہ کتاب سر چارلس مارسٹن ( ١٨٦٧ء -١٩٤٦ء ) کی تصنیف ہے ۔ پہلی مرتبہ ١٩٣٧ء میں شائع ہوئی ۔ (ادارہ الواقعة)] میں مسٹر مارسٹن نے اس لغو دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہ توحید کا عقیدہ شرک سے پیدا ہوا ہے قدیم اقوام کی تاریخ کے مستند عالم مسٹر لانگڈن کے حوالے سے ان کے یہ فقرے نقل کیے ہیں کہ
”مذہب کی تاریخ کی یہ غلط تعبیر ہے کہ شرک ادنیٰ قسم کی تہذیب سے تعلق رکھتا ہے۔”
بلکہ اس کے بَر خلاف واقعہ یہ ہے کہ
”نسلِ انسانی کی قدیم ترین مذہب کی تاریخ توحید سے آخری درجہ تک کے شرک اور بد روحوں کے اعتقاد کی طرف ایک تیز رو پرواز ہے ۔”
لانگڈن نے مختلف مشرکانہ تمدن و تہذیب کا حوالہ دیتے ہوئے آخر میں لکھا ہے کہ
” درحقیقت شرک بہترین قسم کی تہذیب اور تمدن کی پیداوار ہے ۔”
ان کا خیال ہے کہ شرک سے توحید نہیں پیدا ہوئی بلکہ
”توحید ہی سے شرک نے جنم لیا اور توحیدہی کی اسی شرح و توجیہ سے شرک پیدا ہوا جو غلط طریقہ پر کی گئی ۔”]دیکھو کتاب مذکور : ١٥٢[
دور کیوں جائیے خود مسلمانوں کی تاریخ ہی لانگڈن بے چارے کے دعوے کی تصدیق کے لیے کافی ہے وہ سارے شِرکی کاروبار جن کا رواج مختلف شکلوں میں مسلمانوں میں وقتاً فوقتاً ہوتا رہا کیا یہ سب کچھ اسی زمانے کی یادگار نہیں ہے جب تمدن و تہذیب کی آخری ارتقائی مینار پر چڑھ کر مسلمان دنیا کی ساری قوموں کے مقابلہ میں سر بلند ہوچکے تھے ۔
بہر حال اس وقت اس خاص مسئلہ پر بحث کرنے کے لیے میں نے قلم نہیں اٹھایا ہے یہ تو ایک تمہیدی گفتگو تھی اس مختصر سے مضمون میں جس چیز کو پیش کرنا چاہتا ہوں ۔وہ چند دلچسپ قدیم تاریخی وثائق ہیں ، جن کا عنوان میں ذکر کیا گیا ہے ۔
مصری تمدن و تہذیب کہیے یا فرعونی ہیکٹری اسی سے اپنے شجرئہ نسب کو ملاتے ہوئے یورپ کے عام مورخین اگرچہ مصر ہی کو تہذیب کا قدیم گہوارہ قرار دیتے ہیں لیکن بائبل ہی نہیں بلکہ قرآن نے بھی جس ترتیب کے ساتھ پیغمبروں کا اور ان قوموں کا ذکرکیا ہے جن کی طرف وہ بھیجے گئے تھے اس ترتیب کے لحاظ سے اگر دیکھا جائے تو انسانیت کی تاریخ کا وہ دور جس کی تعبیر دجنیلی تمدن سے ہم کرسکتے ہیں یعنی دجلہ و فرات کے درمیانی عِلاقے سے شروع ہوکر عرب کے جنوب میں عادی تمدن، اور شمال کے ثمودی تمدن ان کے سوا اسی کے آس پاس کے علاقوں سے گزرتے ہوئے بالآخرش قدیم عہد کا اختتام دریائے نیل کے کنارے اس طوفانی جوش و خروش پر ہوا جسے فراعنہ کے اہرامی تمدن کا نام دیا جاسکتا ہے دجلہ اور نیل کے درمیان کا یہی علاقہ انسانی کمالات کی نشو و نما اور ان کے آثارو نتائج کے ظہور کی آماجگاہ زمانۂ دراز تک بنارہا ہے اگرچہ قوموں پر پیرانہ سالی کا جو شوق اس زمانہ میں عموماً مسلّط ہے ہرقوم یہی چاہتی ہے کہ دنیا کی قوموں میں ماننے والے اسی کو سب سے زیادہ بوڑھی قوم مان لیں۔ یہ اور بات ہے لیکن جن حقائق و واقعات تک تاریخ کی رَسائی اب تک ممکن ہوسکی ہے ان سے تو یہی معلوم ہوتا ہے کہ دنیا کے اور جس خطے میں بھی تہذیبی اور تمدنی ترقیاں رونما ہوئی ہیں ۔ ان سب کا زمانہ اسی قدیم دنیا کے بعد ہے ۔
بہر حال اور کچھ مانا جائے یا نہ ماناجائے ۔لیکن مصریوں کے تمدن کی غیر معمولی قدامت کا انکار نہیں کیا جاسکتا یہی ایک ایسی سرزمین ہے کہ چارچار پانچ پانچ ہزار کے تحریری وثائق اس کے پیٹ سے آج بھی برآمد ہورہے ہیں ، یورپ کے اہلِ علم کا یہ احسان ہے کہ انہوں نے ان قدیم تاریخی وثیقوں کے پڑھنے کو ممکن بنادیا ہے. [”ممکن بنادیا ہے ”یہ اس لیے کہہ رہاہوں کہ ” ہیرو غلیفی ” یا”ہیرو طبقی”حروف پڑھنے کا جو طریقہ مغربی فاضلوں نے نکال لیا ہے اب اس کے متعلق تو شک و شبہ کی گنجائش کم ہی رہ گئی ہے لیکن پڑھ لینے کے بعد نتائج جو ان سے پیدا کیے جاتے ہیں ان نتائج کے متعلق بے محابا ایمان لانے کی بدعات ہم مشرقیوں میں جو پھیل گئی ہے ضرورت ہے کہ اس پرنظر ثانی کی جائے مگر یہ اسی وقت ممکن ہے کہ ان حروف کے پڑھنے کا سلیقہ ہم خود اپنے اندر پیدا کرلیں ورنہ اندھی تقلید پر ہمارا جہل خود ہمیں مجبور کرتا رہے گا لوگوں کا یہ خیال کہ اس قسم کے پُرانے حروف کا پڑھنا کوئی جدید اقدام ہے صحیح نہیں ہے ۔”فتوحات مکیہ ”میں شیخ ابن عربی نے اہرام کی بعض عبارتوں کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پڑھنے والوں نے اس کا یہی مطلب بیان کیا ہے دفینہ طلبی کا خبط جیسا کہ ابنِ خلدون نے مقدمہ میں لکھا ہے مصریوں پر زمانے سے مسلّط ہے کوئی وجہ نہیں ہوسکتی کہ اس خبط میں ان حروف کے پڑھنے سے ان کو باز رکھا ہوگا اور میں تو سمجھتا ہوں کہ گو یورپ بھی بظاہر علم کے نام سے اس کام کو کرتا ہے لیکن کون کہہ سکتا ہے کہ پرانے دفائن و خزائن کی کوشش کو ان کی ان کوششوں میں دخل نہیں ہے.]
حال میں مصر کے ایک قبطی فاضل ” انطون زکری ” [انطون زکری مصر کے قبطی فاضل تھے ۔ انہیں قدیم مصر کے آثار پر عبور حاصل تھا ۔ اس موضوع پر ان کی کتابیں ” النیل فی عہد الفراعنة ”اور ” مفتاح اللغة المصریة القدیمة و مبادی اللغتین القبطیة و العبریة ” سند کا درجہ رکھتی ہیں ۔ اس فاضل جلیل اور ماہرِ آثار قدیمہ کا انتقال ١٩٥٠ء میں ہوائی جہاز کے فضائی حادثے میں ہوا ۔ الاعلام : ٢/٢٨( ادارہ الواقعة)] نے ان ہی پرانے تاریخی وثیقوں میں سے چند خاص وثائق کا یورپین زبان کے ترجموں کی مدد سے عربی میں بھی ترجمہ شائع کیا ہے ، مصری حکومت کے ”متحف ” یعنی میوزیم سے مترجم کا چونکہ تعلق ہے اس لیے اہم چیزوں تک رسائی ان کے لیے آسان تھی ، اس کتاب میں مصر کے پرانے تراشیدہ مجسموں کی بھی بہت تصویریں شریک ہیں قدیم مصری تمدن کے سمجھنے کے لیے یہ کتاب مفید معلومات پر مشتمل ہے ۔
میری خاص دلچسپی کی چیزاس کتاب میں ان تاریخی وثیقوں کے بعض خاص فقرے اور مشتملات ہیں ، ان ہی کو اس وقت پیش کرنا چاہتا ہوں۔
یہ مصر کے پرانے کاغذ جسے ” اوراقِ بردیہ [انگریزی میں ”پے پر ”کا غذ کو اسی لیے کہتے ہیں کہ مصر کے ” اوراقِ بردیہ ” ایک خاص قسم کے پودے کے گودے سے بنائے جاتے تھے ۔ جس کا نام پائپرس تھا۔]”کہتے ہیں اسی میں لکھے ہوئے وثائق مختلف اوقات میں لوگوں کو ملے ہیں جن میں پہلا وثیقہ تو وہ ہے ، جو بردی کے کاغذ کے اٹھارہ صفحات پر لکھا ہوا ہے قدیم فرعونی شہر طیبہ جسے آج کل الاقصر کہتے ہیں اس کے قریب ایک مقبرے میں کسی مصری کسان کو یہ اوراق اس وقت ملے جب وہ اس مقبرے کی زمین کھود رہا تھا ۔آثارِ قدیمہ سے دلچسپی رکھنے والے ایک فرانسیسی فاضل نے ١٨٤٧ء میں ان اوراق کو شائع کیا اس فرانسیسی فاضل کانام ( Priused Avene ) پریس داوون تھا، بیان کیاجاتا ہے کہ سرخ اور سیاہ روشنائی سے یہ مصری مخطوطہ لکھا ہوا تھا، مصر کے دو پرانے حکیم جن میں ایک کانام قاق منا اور دوسرے کانام فتاح حتب تھا ان ہی دونوں کے وہ فقرے بنائے ہوئے ہیں جو ان اوراق میں درج تھے ۔ مصری تاریخ کے محققین نے حساب کرکے اندازہ لگایا ہے کہ کم از کم پانچ ہزار سال قبلِ مسیح کی یہ کتاب ہے اسی لیے دعویٰ کیاجاتاہے کہ دنیا کے کتب خانوں میں جتنی کتابیں اس وقت پائی جاتی ہیں ان میں سب سے قدیم ترین کتاب یہی مصری مخطوطہ قرار پاسکتا ہے ۔ اس مخطوطہ کا قدیم مصری زبان سے یورپ کی مختلف زبانوں میں ترجمہ ہوا شابس( Chabas ) اور ویری ( Virey ) نے فرانسیسی زبان میں لوتھ( Loth ) نے لاطینی میں جرمنی میں بروکش پاشا نے اور انگریزی میں گن ( Gunn ) نے اس کو منتقل کیا۔
دوسرا مخطوطہ اسی سلسلہ کا وہ ہے جس کا زمانہ تین ہزار تین سو سال قبل مسیح متعین کیا گیا ہے یہ بھی الاقصر(طیبہ)ہی کے کھنڈوں کے پاس اس مقام میںملا جسے دیر سجری کہتے ہیں،یہ مصر کے ایک کاہن آنی نامی کی طرف منسوب ہے ، کہتے ہیں کہ اپنے شاگرد خون سو حتب نامی کو خطاب کرکے حکیم آنی نے یہ نصیحتیں کی تھیں کہ اس مخطوط کا ترجمہ بھی فرانسیسی زبان میں شاباس نے اور دی روجیہ نے ،جرمنی میں ارمن نے ، انگریزی میں پروفیسر ماس برو نے کیا ہے ۔
تیسرا مخطوطہ آمِنْ بِتْ مِنْ کَانَ خِتْ کی طرف منسوب ہے ، کہتے ہیں کہ قدیم مصر کا زبردست ادیب تھا، تین ہزار سال قبلِ مسیح سمجھا جاتا ہے کہ یہ مصری تصنیف مرتب ہوئی ، مسٹر بڈگ ( Budge ) نے انگریزی میں اس کا ترجمہ کیا ہے ۔
بردی کے اوراق پر ایک اور مخطوطہ بھی مصری آثار کے محققین کو ملا ہے لیکن صحیح تخمینہ اس عہد کا نہ ہوسکا، تاہم قدامت میں اس کے بھی شبہ نہیں ہے ، دیموطبقی حروف سے مختلف مغربی زبانوں میں اس کا ترجمہ بھی کیا گیا ہے ۔
انطون زکری کے عربی تراجم سے مصر کے ان قدیم مخطوطات کے بعض فقروں کا ترجمہ میں یہاں درج کرتا ہوں ، پہلے ان کو پڑھ لیجیے۔
(١) سیدھی راہ چلو ، نہ ہو کہ تم پر اللہ کا غصہ ٹوٹ پڑے ۔
(٢) جھگڑے میں ہٹ دھرمی سے پرہیز کیجیو، ورنہ خدا کی سزا کے مستحق بن جائو گے ۔
(٣) لوگوں کے دلوں میں دہشت نہ ڈالو، ورنہ خدا اپنے انتقام کی لاٹھی سے تمہیں پیٹے گا۔
(٤) ظلم اور زیادتی کے ذریعہ سے جس دولت کو کما کر تم جینا چاہتے ہو اور اسی کے بل بوتے پر اگر امیر بننے کی تم کوشش کروگے ، تو خدا تمہاری نعمت تم سے چھین لے گا اور تم کو کنگال بے نوا بنا چھوڑے گا۔
(٥) خدا جسے چاہتا ہے آبرو اور عزت بخشتا ہے اور جسے چاہتا ہے رسوا اور ذلیل کرتا ہے کیونکہ اسی کے ہاتھ سارے امور کی کنجیاں ہیں ، خدا کے ارادے کا مقابلہ بے سود اور لاحاصل ہے ۔
(٦) اگر تم دانش مند آدمی ہوتو چاہیے کہ اپنے بیٹے کی پرورش اس ڈھنگ سے کرو جس سے خدا خوش ہو۔
(٧) خلقت کا سارا کاروبار اس خدا کے ہاتھ میں ہے جو اپنی مخلوق کو چاہتا ہے ۔
(٨) پستی کے بعد جب بلندی تمہیں میسر آئے ، اور محتاجی کے بعد سرمایہ ہاتھ لگے تو جن لوگوں کے حقوق تمہارے مال میں ہیں ان کو محروم کرکے اس سرمایہ کو جمع کرنے کی کوشش نہ کیجیو، کیونکہ اللہ کی نعمتوں کے تم امین ہو اور امین کا فرض ہے کہ جو امانت اسے سونپی جائے اسے ادا کرے۔
(٩) دینی قاعدے ( شرائع ) اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والا بدترین سزا سے دوچار ہوگا۔
(١٠) زانی کا مال صرف برباد ہونے کے لیے ہے ، ہر زانی خدا کے اور لوگوں کے غصہ کا شکار ہوتا ہے ۔ کیونکہ وہ شریعت کا مخالف ہے اور فطرت کے قوانین کا بھی ۔
(١١) خدا سے نزدیکی چاہتے ہوتو اعمال و کردار میں چاہیے کہ خدا کے لیے اپنے آپ کو مخلص بنالو بندگی واقعی تمہاری سچی ہے اس کو جانچتے رہو تب خدا کی رحمت تمہارے شامل حال ہوجائے گی ، اور اپنی چشمِ عنایت سے تم کو وہ دیکھنے لگے گا کیونکہ خدا کی بندگی میں جو سستی سے کام لیتے ہیں ان ہی کو وہ چھوڑ دیتا ہے ۔
(١٢) تیرا پروردگار جن باتوں سے ناراض ہوتا ہو ، ان کو لے کر اس کے سامنے نہ جا اور اس کی بادشاہت کے بھیدوں کے ٹٹول میں نہ پڑاکر کیونکہ عقلی پرواز کے حدود سے وہ باہر ہیں چاہیے کہ اللہ کی وصیتوں اور فرمانوں کو اچھی طرح یاد رکھا کرو ۔وہ ان ہی کو اونچا کرتا ہے جو اس کی برتری کا اقرار کرتے ہیں۔
(١٣) تہواروں کے دن خدا کے گھر میں شور و غل نہ مچائو اپنے پروردگار سے گڑگڑاکر مخلص دل اور پست آواز کے ساتھ دعا کیا کرو، دعا کے قبول ہونے کی توقع ایسی صورت میں زیادہ ہوتی ہے ۔
(١٤) تم سے جب کوئی مشورہ چاہے تو کتبِ منزّلہ ( یعنی خدا کی اُتاری ہوئی کتابوں ) کے مطابق اس کو مشورہ دیا کرو۔
(١٥) جھوٹی تہمت جس پر جوڑی جائے اس کو چاہیے کہ اس ظلم کو خدا کے سامنے پیش کردے سچی بات کے ظاہر کرنے اور جھوٹ کے مٹانے کا خدا ضامن ہے ۔
(١٦) سب سے بڑا آدمی وہی ہے جو حق اور سچائی کی راہوں پر گامزن ہے اور سیدھی راہ ( صراطِ مستقیم ) پر چلا جارہا ہے ۔
(١٧) پاپی آدمی دوسری زندگی میں آگ ( دوزخ ) سے اپنے آپ کو بچا نہیں سکتا۔
(١٨) انصاف کے حدود اٹل ہیں بدل نہیں سکتے ۔
(١٩) قناعت کامیاب زندگی کی واحد ضمانت ہے اور ہر قسم کی بھلائیوں اور نیکیوں کا سرچشمہ بھی وہی ہے ۔
(٢٠) زندگی کی لذّتوں کا وہ کھوبیٹھے گا جو اپنے آپ کو دنیا کے مشکلات ہی میں الجھا کر سارا وقت ان ہی کے نذر کررہا ہے ۔
(٢١) نیکیوں اور خدا کی حمد وستائش اور اس کے آگے سجدہ ریزیوں ہی سے دلوں کے پاک کرنے میں کامیابی حاصل ہوسکتی ہے ۔
(٢٢) استوار اور محکم بنیاد پر اپنی زندگی کی تعمیر کو چاہیے کہ کھڑی کرو، اور کسی بلند مقصد کو سامنے رکھ کر آگے بڑھو اسی طریقہ سے پیری کی اس منزل تک پہنچ سکتے ہو جو تعریف کی مستحق ہو ، اور آخرت ( دوسری زندگی ) میں بھی کسی جگہ کے بنالینے میں اسی طریقہ سے تم کامیاب ہوسکتے ہو ( یاد رکھو ) کہ ابرار اور نیک لوگوں کو موت کی کشمکش اور اس کی سکرات پریشان نہیں کرسکتی ۔
(٢٣) لوگوں کی برائیوں کے ذکر سے اپنی زبان کو پاک رکھنے کی کوشش کرو ( یاد رکھو ) کہ ساری برائیوں کی جڑ زبان ہی ہے بات کرنے میں اس کا لحاظ رکھا کرو کہ زبان سے اچھی باتیں نکلیں اور بری باتوں سے بچتے رہو کیونکہ قیامت کے دن ہر وہ بات جو تمہاری زبان سے نکلی ہے تم اس سے پوچھے جائو گے ۔
(٢٤) اپنے والدین کے ساتھ مہربانی کا برتائو کرتے رہنا ، اورڈھونڈھ ڈھونڈھ کر ان باتوں کو اختیار کرنا چاہیے جو ان کے لیے بھلی ہوں والدین کے ساتھ حسنِ سلوک نفع پہنچانے والے کاموں میں سب سے اچھا کام ہے اس کے قبول ہونے کی امید کرنی چاہیے ، تم والدین کے ساتھ اچھا سلوک جب کروگے تو تمہاری اولاد بھی یہی برتائو تمہارے ساتھ کرے گی ۔
(٢٥) ماں کو خدا نے تمہارے لیے مسخر فرمادیا، پیٹ میں رکھنے اور جننے ، دودھ پلانے میں تین سال تک وہ ہرطرح کی سختیوں کو برداشت کرتی ہے اور کتنا دکھ جھیل جھیل کر تمہیں پالتی ہے ، تمہاری گندگیوں سے اسے گھن نہیں آتی اور تمہارے پوسنے پالنے کی محنتوں سے وہ کبھی نہیں تھکتی ایک دن کے لیے بھی نہیں چاہتی کہ بجائے اپنے کسی دوسرے کے سپرد تمہیں کردے ، تمہارے استاد کی خدمت کرتی ہے اور ان کے ساتھ حسن سلوک صرف اس لیے کرتی ہے تاکہ تمہاری تعلیم کی طرف پوری توجہ کریں ۔ پس اب جب تم خود صاحبِ اولاد بن چکے ہو ، چاہیے کہ ان بچوں کے ساتھ وہی برتائو کرو جیسے تمہاری ماں نے تمہارے ساتھ کیا تھا، ( دیکھو!) ایسا نہ ہوکہ تمہاری ماں تم سے بگڑ بیٹھے ، نہ ہو کہ خدا کے سامنے ہاتھ اٹھا کر تمہارے لیے وہ بددعا کرے ، ماں کی بددعا سنی جاتی ہے اور قبول ہوجاتی ہے ۔
(٢٦) نشے باز کے گھر میں قدم نہ رکھنا خواہ اس کی وجہ سے عزت اور بلندی ہی کی تمہیں توقع کیوں نہ ہو۔
(٢٧) شراب خانوں کے گرد کبھی نہ پھٹکنا شراب خوری کے برے انجام سے بچنے کی یہی ایک صورت ہے ، شرابی سے ایسی غلطیاں صادر ہوتی ہیں جن پر ہوش میں آنے کے بعد وہ خود پچتاتاہے، شرابی لوگوں کی نگاہوں میں ہمیشہ ذلیل و خوار رہتا ہے خود اس کے ساتھی جو اس کے ساتھ کھاتے پیتے ہیں اور اس کی برائیوں میں اس کے ساجھی اور شریک رہتے ہیں ان کی نظروں میں بھی اس کی کوئی وقعت نہیں ہوتی ۔
(٢٨) دوسرے کے مال کا چرانے والا کیا نہیں ڈرتا کہ اللہ اسی وقت اس کی جان کو چھین لے اور اس کے مال و منال کو تتر بتر کردے اس کے گھر بار کو اجاڑ کر رکھ دے ۔
(٢٩) امیر آدمی جب کسی غریب کو ذلیل کرتا ہے تو ( یاد رکھو کہ اس امیر کو ) خدا بھی رسوا کرے گا اس دنیا میں بھی ، اور آگ کا عذاب آخرت میں بھی اس کو چکھا ئے گا۔
(٣٠) بد کردار سے بچتے رہنا کیونکہ بد کردار آدمی بے وقوف بھی ہوتا ہے اور خدا اور عام لوگ دشمنی کی نظر سے اس کو دیکھتے ہیں۔
(٣١) خدا کی پاکی بیان کرتا رہ اور شیطان سے اکڑا رہ۔
(٣٢) کاروبار یا جائیداد وغیرہ میں جو تیرے شریک ہوں ان کو حساب و کتاب میں دھوکے نہ دیا کرو اگر ایسا کروگے ، تو خدا تم سے غصّہ ہوجائے گا اور لوگوں میں تمہاری بددیانتی ، بے وفائی کی شہرت ہوگی ۔
(٣٣) جو کچھ تمہارے دل میں ہو دھوکہ دینے کے لیے لوگوں کے سامنے اس کے برعکس اپنے آپ کو پیش نہ کیا کرو اپنے ظاہر کو باطن کے مطابق رکھنے کی کوشش کرو ( یاد رکھو کہ ) جھوٹ بولنے والے مکار دھوکہ باز کو خدا غصّہ اور غضب کی نظر سے دیکھتا ہے ۔
(٣٤) حلال ذریعہ سے حاصل کیا ہوا ایک حبّہ حرام کے ہزار سے کہیں بہتر ہے ۔
(٣٥) مال کی محبت میں سراسیمگی فضول ہے کیونکہ روزی تو بنٹی ہوئی ہے اور ہر شخص کو وہی ملتا ہے جو اس کا حصّہ ہے ۔
(٣٦) مال اندوزی ہی کو اپنا سب سے بڑا مقصود اور اپنی کوشش کا محور نہ بنا کیونکہ خدا جسے چاہتا ہے دیتا ہے۔
(٣٧) ایسا امیر جو محتاج کو پیٹ بھر کھانا کھلاتا ہے خدا کو خوش کرتا ہے کیونکہ امیر کو خدا نے اپنی نعمتوں کا صرف امین بنایا ہے۔
(٣٨) غریب آدمی کو جو دیتا ہے وہ خدا کو دے رہا ہے ۔
(٣٩) نیک آدمی اپنی آخرت ( مرنے کے بعد کی زندگی ) کو یاد کرتا رہتا ہے ۔
(٤٠) بہشت ان ہی لوگوں کے لیے تیار کی گئی ہے جو غریب آدمی کے لیے قربانیاں کرتا ہے ۔
(٤١) ہر اس راستے سے دور رہنا جو شیطان سے تم کو نزدیک کرتا ہو۔
(٤٢) جو باتیں ناجائز اور حرام ہیں ان کا ارادہ بھی نہ کیجیو کیونکہ دوسرے عالم میں اپنے حصے کو تم کھودوگے ۔
(٤٣) کامیابی اور سعادت و اقبال صرف یہ نہیں ہے کہ آدمی جسم کو پالتا رہے نلکہ حقیقی اقبال مندی یہ ہے کہ روح کو اس کی خوراک پہنچائی جائے۔
(٤٤) سرمایہ اکٹھا کرنے کی دھن میں نہ لگو ، تم کیا جانتے ہو کہ انجام کن شکلوں میں تمہارے سامنے آنے والا ہے ( یاد رکھو !) کہ عنقریب اس سرمایہ کو چھوڑ کر تم چل دو گے اور دوسرے اس سے چین کریں گے ۔
(٤٥) بدکار لوگوں سے نہ بات چیت کرنی چاہیے اور نہ کسی قسم کا کوئی کاروبار۔
(٤٦) دیکھو! لوگوں کو قریب میں مبتلا نہ کیا کرو ورنہ تم کو بھی لوگ دھوکے دیں گے ۔
(٤٧) گھر میں فحش اور بری باتیں زبان پر نہ لایا کرو ، یاد رکھو کہ تمہارے گھر والے تمہاری پیروی کریں گے ، غیبت یعنی پیٹھ پیچھے کسی کی برائی نہ کرو۔
(٤٨) اپنے ہمسائے کی عورت کو ارادةً نہ گھورو ، جو ایسا کرتا ہے وہ ایک قسم کا بھیڑیا ہے ۔
(٤٩) کسی کو دکھ نہ دو ، خواہ ساری دنیا ہی تمہیں کیوں نہ مل رہی ہو۔
(٥٠) غریب آدمی کو مالی مدد سے محروم نہ رکھو مرنے کے بعد اسی کی وجہ سے تم رحم کے مستحق ہوگے ۔
بردی یا پائپرس پودے کے گودے کے کاغذ کے ان قدیم مخطوطات سے صرف پچاس فقروں کا انتخاب ترجمہ کے لیے میں نے کیا ، کوشش کی گئی ہے کہ سادہ لفظوں میں ہر فقرے کا لفظی ترجمہ پیش کردیا جائے انطون زکری نے ہر اس موقعہ پر جہاں آپ کو ” خدا ” کا لفظ مرے ترجمے میں ملے گا ” اللہ ”کا لفظ استعمال کیا ہے۔ جہاں تک مرا خیال ہے ” اللہ ” کا یہ لفظ کسی ” قدیم مصری ” لفظ کا ترجمہ ہے جس کا مفہوم وہی ہے جو عربی زبان کے لفظ ” اللہ ” سے سمجھا جاتا ہے ۔
کچھ بھی ہو یہ پچاس فقرے ہیں جن کی تاریخ آج سے پانچ ہزار سے سات ہزار برس تک پہنچتی ہے لیکن اس سے بھی زیادہ گہری بات سوچنے کی یہ ہے کہ خدا اور خدا کی نازل کی ہوئی کتابوں ، نیکی اور بدی ، مرنے کے بعد ان کے نتائج کا ظہور بہ شکل بہشت و دوزخ اور وہ ساری باتیں جن کا ذکر ان فقروں میں کیا گیا ہے ان کے تذکرے میں جو بے ساختہ پن پایا جاتا ہے اور بیان میں ایسا لب و لہجہ اختیار کیا گیا ہے کہ گویا سننے والے موروثی طور پر ان باتوں کو مانتے چلے آرہے ہیں ہر ایک کی جانی بوجھی باتیں ہیں ۔ اس حیثیت سے اگر غور کیا جائے اور سوچا جائے کہ کتنی طویل تربیت کے بعد عوام میں اس قسم کی ذہنیت پیدا ہوسکتی ہے تو میں خیال کرتا ہوں کہ ان مصری عقائد کے متعلق ماننا پڑے گا کہ ان کی عمر مذکورہ بالا مدت سے بھی کہیں زیادہ طویل ہے اور اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ قرآن نے یہ سوال اٹھا کر یعنی
( أَ فَلَمْ یَدَّبَّرُوْا الْقَوْلَ اَمْ جَائَ ھُمْ مَا لَمْ یَأْتِ اٰبَائَھُمُ الْاَوَّلِیْنَ )]المؤمنون : [
” کیا بات وہ سوچتے نہیں یا ان کے پاس کوئی ایسی بات آئی ہے جو ان کے پہلے باپ دادوں کے پاس نہیں آئی تھی ۔”
جواب میں کبھی اس راز کا افشا کرتا ہے مثلاً فرمایا گیا ہے :
( وَ لَقَدْ وَصَّلْنَا لَھُمُ الْقَوْلُ لَعَلَّھُمْ یَتَذَکَّرُوْنَ ) ]القصص :[
”ہم ان کے لیے بات کو جوڑتے چلے آئے تاکہ وہ چونکتے رہیں۔”
اسی بنیاد پر قرآنی تعلیمات کو بجائے کسی ” جدید نظام حیات ” کے بار بار دہرا دہرا کر کبھی :
( اِنَّ ھٰذَا لَفِی الصُّحُفِ الْاُوْلٰی ) ]الاعلیٰ :[
”یقینا یہی بغیر کسی شک و شبہ کے پچھلی کتابوں میں بھی ہے ۔”
کبھی:
( وَ اِنَّہ لَفِیْ زُبُرِ الْاَوَّلِیْنَ ) ] :[
”اور یقینا وہ ( یعنی قرآن ) قطعاً پہلوں کی کتابوں میں تھا ۔”
وغیرہ الفاظ سے اسی حقیقت کو وہ ذہن نشین کرنا چاہتا ہے کہ یہ نسلِ انسانی کی زندگی کا پرانا اور قدیم ترین دستور ہے یہی آئینِ حیات تھا جو نوح (علیہ السلام ) کو بھی عطا ہوا تھا اور ابراہیم (علیہ السلام ) کوبھی موسیٰ (علیہ السلام ) کوبھی اور عیسیٰ (علیہ السلام ) کو بھی بلکہ سارے ” النبیوں ” کو اب پڑھیے قرآن میں آپ کو یہ چیز ملتی چلی جائے گی سورة الانعام میں اس نے پیغمبروں کی طویل فہرست دے کر اور یہ بتاتے ہوئے کہ اس فہرست میں جن لوگوں کا نام لیا گیا ہے وہ ہوں یا جو ان سے پہلے گزرے یا ان کے بعد آئے ،ان میں نسلی تعلق ہو ، یا نبوت و رسالت کی اخوت کا رشتہ ہو ، الغرض سارے جہاں کے پیغمبروں کو خدا کی طرف سے جو راہ نمائی اور ہدایت عطا ہوئی تھی اسی کی طرف اشارہ کرکے خود صاحبِ قرآن محمد رسول اللہ ۖ کو حکم دیا گیا ہے :
( اُوْلَئِکَ الَّذِیْنَ ھَدَی اللّٰہُ فَبِھُدَاھُمُ اقْتَدِہْ ) ] الانعام :[
”یہی وہ لوگ ہیں جن کی خدا نے راہ نمائی کی پس چاہیے کہ ان ہی کی راہ نمائیوں کی تم بھی پیروی کرو۔”
ظاہر ہے جس امت کے پیغمبر ہی سے یہ مطالبہ کیا گیا ہو وہی امت اس کے سوا اور کیا سمجھ سکتی ہے اور یہی اس کو سمجھایا بھی گیا ہے کہ قرآن کی شکل میں جس دین کا دستور اس کو عطا کیا گیا ہے یہ کوئی نیان دین اور جدید مذہب یا انوکھا دھرم نہیں ہے بلکہ وہی قدیم موروثی دین ہے جس کی تعلیم جو آدم کی اولاد کو زمین کے اس کرے پر آباد ہونے کے ساتھ ہی مسلسل ملتی رہی ہے ، اسی طرح ملتی رہی ہے جیسے ہوا، پانی ، روشنی وغیرہ جیسی چیزیں ان تقاضوں کی تکمیل کے لیے قدرت ہی کی طرف سے مہیا کی گئی تھیں جن کا دوسری جاندار ہستیوں کے ساتھ انسان بھی محتاج تھا ، مشہور قرآنی آیت
( اِنَّ الدِّیْنَ عِنْدَ اللّٰہِ الْاِسْلَام )] آلِ عمران :[
”قطعاًوہ الدین (یعنی آئینی زندگی) جو اللہ کے حضور سے ملا وہ ”الا سلام” ہے ۔”
اس میں بھی قطعاً کوئی ایسا لفظ نہیں ہے جس سے معلوم ہوتا ہو کہ پہلے آدمی کے جینے کا دستور خدا کے حضور سے کسی اور شکل میں ملا تھا اور اب بجائے اس کے کوئی نیا دین الاسلام کے نام سے لوگوں کو دیا جارہا ہے بلکہ صاف اور واضح مطلب اس کا یہی ہے اور یہی ہونا بھی چاہئے کہ ” لاسلام ” ہی وہ دین ہے جو خدا کے حضور سے عطا کیا گیا اور ا سی دین کی پابندی کا مطا لبہ ہر زمانے میںان لوگوں سے کیا گیا جو انسان بن کر دنیا میں آئے ۔المسلم با عام ہندی محاروے کی رو سے مسلمان آ دم کی اولاد کے ان ہی افراد کا نام ہے جنہوں نے اپنے اسی مورثی ، قدیم دین ” الا سلام ” کے پا لینے میں کامیابی حاصل کی ہے اسی طرح ہر وہ شخص جو اس زمین پر آدمی بن کر پیدا ہونے کے با وجود اس ”قدرتی آئین ”مطابق زندگی بسر کرنے سے بھڑک رہا ہے یقین ہے کہ در حقیقت اپنے آبائو اجداد کے صحیح دین اور دھرم سے وہ بھڑک رہا ہے اور یہ عجیب بات ہے کہ بھڑکنے کی وجہ اپنے نزدیک یہی ٹھہرائے ہوئے ہے کہ اسلام کو قبول کرکے اپنے باپ دادوں کے قدیم دین یا دھرم سے وہ دور ہوجائے گا ۔ یا للعجب
آخر مصر ہی کے باشندوں کو دیکھیے ہزارہا سال کے پرانے وثائق کے جو چند فقرے آپ کے سامنے پیش کیے گئے ہیں ان کا پڑھنے والا اس کے سوا اور کیا سمجھ سکتا ہے کہ مصر والے آج سے ہزار ہا سال پیشتر بجنسہ ان ہی باتوں کو مانتے تھے جن کی قرآن تعلیم دے رہا ہے نہ صرف اصولی اور اساسی چیزیں جن کا مبدء اور معاد یا بالفاظِ دیگر خدا اور آخرت ، وحی ، نیکی و بدی کے قوانین سے تعلق ہے بلکہ ایسی باتیں مثلاً مسکرات ( نشہ پیدا کرنے والی چیزیں ) آپ دیکھ رہے ہیں کہ مصر کے اہلِ علم و فضل اپنی قوم کو ان کے استعمال سے کیا ٹھیک اسی لب و لہجہ میں روک رہے تھے ، جس طرز و انداز میں آج مسلمانوں کے مولوی اور صوبائی یا علماء مشائخ منع کرتے ہیں عورتوں کے متعلق یورپ کی تہذیب جدید نے تو یہ پھلانا شروع کیا ہے کہ پیدا ہی کی گئی ہیں وہ اس کے لیے کہ مرد کو جس حد تک ان کو گھو رنے کا موقع مل سکتا ہو محرم اور غیر محرم کی تمیز کے بغیر ان کو گھورتا ہی چلا جائے انسانیت کی تکمیل ہی اسی پر موقوف ہے کہ مردو ں کا کوئی مجمع ان کی کوئی مجلس وجود انسانی کے اس نازک ترین حصے کی جلوہ آرئیوں سے خالی نہ ہو مگر مصر عہد قدیم میں مغرب کی تہذیب جدید کے اسی کامل انسان کو آپ دیکھ چکے کی بجائے آدمی کے بھیڑ یا ٹھہریا جا تا تھا ۔
بہر حال بردی کے یہ کاغذ اتفاقاً مل گئے ہیں اور ان میں سے بھی صرف چند ضروری فقروں کا میں نے تر جمہ کیا ہے ، ورنہ مصر یو ں کے قدیم دین کے سا رے وثائق اگر مل جاتے تو کون کہہ سکتا ہے کہ قرآنی تعلیمات کے جزئیات تک ان میں نہیں مل سکتے تھے بلکہ جو کچھ مل چکا ہے میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ ان میں بھی صراحتہً نہ سہی اشارةً بہت سی چیزیں کم از کم مجھے ایسی دینی ہیں کہ نسل انسانی کے دین کی تاز ہ ترین قرآنی شکل میں اور مصر کے ا س قدیم ترین دین میں فرق کرنا مشکل معلوم ہو تا ہے میرا تو خیال ہے جن پچاس فقروں کا ترجمہ آپ کے سامنے پیش کیا گیا ہے اگر شروع ہی میں ان کے متعلق یہ بتا نہ دیا جاتا کہ مصر کے پرانے کھنڈروں سے پانچ چھ ہزار سال پیشتر جو کاغذات بر آمد ہوئے ہیں ان ہی سے یہ فقرے نقل کئے گئے ہیں تو میں یقین کرتا ہوں کہ پڑھنے والے شا ید یہی سمجھتے ہیں کہ شیخ سعدی یا ملا حسین واعظ کا شقی یا عطار و سنائی وغیرہ مسلمانوں کے بعض بزرگوں کی کتابوں سے چیزیں نقل کی گئی ہیں اب امتحان لے کر دیکھئے یہ بتائے بغیر کہ ان کی اصل کیا ہے کسی کو سنائیے اور پو چھئے کہ یہ کس کا کلام ہو سکتا ہے ؟ میں تو یہی سمجھتا ہوں کہ سننے کے ساتھ کہنے والے بھی کہیں گے مسلمانوں کے عالم یا صوفی کے اقوال ہیں یہی نہیں بلکہ عہد فراعنہ کی مصری تاریخ سے معلوم ہوتا کہ آج سے ہزار سال پیشتر ان کے دین کی وہی نوعیت تھی جس کاپتہ مذکورہ بالا فقروں کے مضامین سے چلتا ہے لیکن جوں جوں وہ آگے بڑھتے چلے گئے تو ایک طرف ان کا تعمیری ذوق عام علوم و فنون میں انہماک بھی اسی نسبت سے بڑھتا چلا گیا ، طب اور ادویہ کی تحقیق میں اس حد تک وہ پہنچ گئے تھے کہ موت تو ان کے بس کی بات نہ تھی لیکن مرنے کے بعد سڑنے اورگلنے سے لاشوں کو بچالینے میں وہ کامیاب ہو چکے تھے ، پتھر ، لکڑی اور مختلف قسم کی دھاتوں سے انسانوں اور حیوانوں کے مورتیوں کے تراشنے میں ان کی چابک و دستیاں آج بھی دنیا کو ششدر بنائے ہوئے ہیں ، فوجی قوت میں ترقی کے اس نقطے تک پہنچ چکے تھے کہ اس زمانے میں دنیا کا جو قابل لحاظ حصہ تھا ،اس کو وہ فتح کر چکے تھے ، انطون زکری نے لکھا ہے :
”کشور کشائی میں ان کا دائرہ اس حد تک وسیع ہو چکا تھا کہ ایک طرف شام و لبنان میں ان کے جھنڈے لہرا رہے تھے اور دوسری طرف فرات کے مشرقی ساحل تک گھستے ہوئے چلے گئے ،شما ل میں فلسطین تک اور جنوب میں سوڈان تک ان کے مقبوضات میں شریک ہو چکا تھا ۔”
انطون نے اسی کے بعد لکھا ہے :
” و ھذہ اشھر بلاد العالم التی کانت معروفة فی ذٰلک الزمان ۔”]٤٣[
”اس زمانے میں یہی علاقے دنیا کے مشہور مقامات تھے ۔”
مگر جہاں یہ سب کچھ ہو رہا تھا وہی دوسری طر ف بتدریج لڑھکتے لڑھکتے اور ڈھلکتے ہو ئے مصرکے بھی باشندے آخر میں زندگی کے جس دینی قالب پر اصرار کرنے گئے ان کی تصویر انطون نے ان الفاظ میں کھینچی ہے یہ لکھنے کے بعد کہ
”فراعنہ کی حکومت کے آخری دور میں اس زمانے تک جب روما نیوں نے مصر کو اپنے امپائر میں شریک کر لیا تھا ۔”
یہ حالت ہو گئی تھی کہ
”پرندوں اور مچھلیوں ،سانپوں ، مگر مچھوں ،بلیوں ،کتوں اور مینڈھوں تک کو پوج رہے تھے ۔”
وہی لکھتے ہیں کہ
”اپنے ان مقدس معبودوں کی تخیط کرتے (یعنی جن دوائوں کی وجہ سے لاش نہیں سڑتی تھی ان ہی کو بھر کر ممی بنا تے تھے )اور بڑے تزک و احتشام سے ان دیوتائوں کو وہ دفن کرتے تھے۔”(ص ١٥٢)
حیرت ہوتی ہے کہ سحر اور جادو میں ایک طرف انہی مصریوں نے یہ کمال پیدا کیا تھا کہ بعض مورتیاں اس شکل میں برآمد ہوئی ہیں کہ ایک آدمی مگرمچھوں کو پائوں کے نیچے دبائے ہوئے ہے ،اور اپنے دونوں ہاتھوںمیں متعدد سانپوں ، بچھوئوں ،کو بھی پکڑے ہوئے ہے اور ان ہی کے ساتھ دم کے ساتھ شیر کو بھی اٹھائے ہوئے ہے ،ہے یہ مورتی مصری میوزیم میں موجود ہے ۔
مگر دوسری طرف ان ہی آثار سے جو مصر کے مختلف مقامات سے برآمد ہورہے ہیں اور چوتھی ،پانچویں صدی قبل مسیح کے مورخین مثلاََ ہیرو دوئس یونانی ،ڈیوڈورس صقلی،پلو ٹارک وغیرہ کی تاریخوں سے معلوم ہوتا ہے کہ ان ہی جانوروںکو مصری آخر میں پوجنے لگے تھے ۔
عہد فراعنہ میں کہتے ہیں کہ یکے بعد دیگرے تیس خاندانوں کی حکومت مصر میں قائم ہوتی رہی انطون کا بیان ہے کہ
” مصریوں کے دین اور دھرم کی اس عجیب و غریب شکل کی ابتداء چھبیسویں خانوادے سے شروع ہوئی ، اور رومی جب مصر پر قابض ہوئے تو ملک ان ہی حیوانی معبودوں اور دوسرے دیوتائوں کے نیچے پڑا ہوا تھا ،حالت یہ ہو گئی کہ جن سانپوں کی پرستش کرتے تھے اگر وہ کا ٹتا تو اس کو خوش قسمتی خیال کرتے تھے ۔یا جن درندوں کو پوجتے تھے اگر پکڑ لیتا تو بخوشی اس پر راضی ہو جاتے تھے کہ ان کو پھاڑ کر کھا جائے ۔”
حیوان پر ستی کے سلسلے میں مصریوں کا ذوق عجیب تھا ، مذکورہ بالا حیوانی معبودوں کے ساتھ ساتھ ان کا بڑا زبردست معبود سانڈ تھا جسے وہ ابیس بھی کہتے تھے اور بیل ہی کی شکل کا ایک معبود ھاتور نامی تھا ،اور جہاں ایسے بھاری بھرکم بدن والے جانور کو وہ پوجتے تھے ،وہیں ایک حقیر کیڑا جسے عربی میں جعل کہتے ہیں ،اور مصر کی پرانی زبان میں اس کا نام ”خپر” تھا شکل جس یہ بتائی گئی ہے ،یہ کیڑا مصریوں کے اہم معبودوں میں شمار ہوتا تھا ،عہد فراعنہ کے پچھلے دور کے مورخین نے بعض دلچسپ لطائف بھی مصریوں کی حیوان پرستی کے سلسلے میں نقل کئے ہیں مثلاً ڈیوڈور صیقلی نے لکھا ہے کہ
”کسی رومی سپاہی نے ایک بلے کو مارڈالا ،مصر والوں نے اس بلے کے قصاص میں اس رومی کو قتل کردیا ۔”
اسی طرح پلو ٹارک نے یہ قصہ نقل کیا ہے کہ
”مصر کے وسطلانی علاقہ صوبہ سنیو پولیت نامی کے باشندے ایک خاص قسم کی مچھلی کا شکار کر کے اس کو چٹ کر گئے جو صوبہ کسر منیک کے رہنے والے مچھلی کی اس قسم کوپوجا کرتے تھے یہ خبر مچھلی کے پوجاریوں کو جب ملی تو انہوں نے سینو پولیت والوں کے نام اعلان جنگ کر دیا بڑی زبردست لڑائی ہوئی آخر اس کنے کے پکڑنے میں کامیاب ہوئے جو سینوپولیت والوں کا معبود تھا انہوں نے مچھلی کے قصاص میں کنے کوذبح کیا اور انتقام کی آگ بجھائی۔ ”
مصر قدیم کا مورخ اسٹرا یوں بھی ہے اس نے لکھا ہے کہ
”مصر والے گھڑیالوں اور مگر مچھوں کے لیے کھانے کا نظم بڑے تزک و احتشام سے مختلف دریائوں میں کرتے تھے اور بیش قرارقوم اس پر وہ خرچ کیا کرتے تھے ۔”
ہیروڈوئس نے بھی لکھا ہے کہ
”مصری جن جن جانوروں کو پوجا کرتے تھے ان کی لاشوں کو وہ بادشاہوں کے مقبروں میں دفن کیا کرتے تھے اور ان معبود جانوروں کے دفن میں اپنے ماں باپ اور عزیزوں قریبوں سے بھی زیادہ دلچسپی لیتے اور بیش قرار مصارف کا بار اٹھاتے ۔”
انطون زکری کا بیان ہے کہ
”حال میں ایک بڑے گہرے خندق سے ہزارہا ہزار بلوں ،اور مگر مچھوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جو ممی (حنوط) کی ہوئی تھی ۔”
مصر کی تاریخ پڑھنے والے جانتے ہیں کہ تیس خانودوں کی حکومت عہد فراعنہ میں یکے بعد دیگرے جو قائم ہوتی رہی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ کم از کم حضرت مسیح علیہ السلام سے چار ہزار برس پیشتر سے شروع ہوکر نقتانی بوس ثانی پر پہنچ کر ختم ہوجاتی ہے سمجھا جاتا ہے کہ ،تین سو پچاس قبل مسیح میں فراعنہ کے اس دور کا انقراض ہوا ،رومی اسی کے بعد مصر پر قابض ہو گئے ، جیسا کہ میں عرض کر چکا ہوں کہ سراغ لگانے والے مختلف قرائن اور شہادتوں کی روشنی میں اس نتیجے تک پہنچے ہیں کہ ہزارہا سال تک توحید و آخرت پن اورپاپ یعنی نیکی و بدی ، برداثم ،بہشت دوزخ مرنے کے بعد دوسری زندگی یہ اور اسی قسم کی وہ ساری باتیں جن کی تعلیم خدا کے پیغمبر وں نے دنیا کو دی ہے یہی چیزیں مصریوں کی دینی زندگی کے جوہری حقائق تھے ،لیکن مصر کے اسی موحد ملک کے باشندے عروج و ارتقاء کی آخری بلندیوںپر جب پہنچ گئے تو شش و نق اور تاکلوت نامی فرعونوں کے زمانے میں جو اٹھائیسویں خانوادے کے حکمران تھے تخمینہ کیا گیا ہے کہ حضرت مسیح سے تقریباً ایک ہزار سال سے آگے ان کی حکومت کا عہد متجا و ز نہیں ہوتا ،اسی زمانے میں خالق عالم کے سا منے سے ان کی پیشانی ہٹی اس کے بعد وہی انجام ان کے سامنے آیا جو خدا نے سامنے سے ہٹ جانے کے بعد ہر قوم کے سامنے لایا ہے یعنی ایک خالق کے سامنے سے جب کبھی کوئی قوم ہٹی ہے تو دیکھا گیا کہ ہر ایک کے سامنے پڑی ہوئی ہے ، آپ دیکھ رہے ہیں کہ جعل جیسے کیڑے تک معبود بنا لینے پر وہ راضی ہو گئے ،وہ کتوں کو بھی پوجنے لگے اور بلوں کو بھی ،سانپوں کو بھی اور بچھوں کو بھی ۔
اور یہی میں کہناچاہتا تھا کہ کچھ نہیں تو صرف مصر قدیم کی تاریخ ہی کا اگر مطالعہ کیا جائے تو نظر آئے گا کہ ابتداء ً ہر قوم و ملت کو خالق عالم کی طرف سے پیغمبروں اور رسولوں نے توحید ہی کی تعلیم دی ہے شرک میں جب کبھی اور جہاں کہیں بھی قومیں مبتلا ہوئی ہیں وہ اپنے ابتدائی دین سے دور ہونے کے بعد ہی ہوئی ہیں اس قسم کی قرآنی آیتیں مثلاً
( وَ لَقَدْ بَعَثْنَا فِیْ کُلِّ اُمَّةٍ رَّسُوْلاً اَنِ اعْبُدُوْا اللّٰہَ وَ اجْتَنِبُوْا الطَّاغُوْتً ) ] النحل :[
”ہم نے ہر امت (قوم)میں اپنے پیغام بر بھیجے (یہ پیغام لے کر )کہ اللہ ہی کو پوجتے رہو ،اور الطاغوت (یعنی خدا سے سر کش بنانے والی چیزوں) سے بچتے رہنا ۔”
یہ واقعہ ہے کہ ان کا صحیح مطلب دنیا کی قوموں کی تاریخ ہی کے پڑھنے کے بعد سمجھ میں آتا ہے خود اسی آیت کے آخر میں فرمایا گیا ہے :
( فَسِیْرُوْا فِیْ الْاَرْضِ فَانْظُرُوْا کَیْفَ کَانَ عَاقِبَةُ الْمَکَذِّبِیْنَ ) ]:[
”پھر چلو پھرو زمین میں اور دیکھو! کہ جھٹلانے والوں کا انجام کیا ہوا ۔”
کاش !تفسیر کی تمام کتابوں کے ساتھ ساتھ قرآن کو سمجھنے کے لیے اس قرآنی مشورے کو ہمارے علماء سنتے ، سیر فی الارض ہی کی تعمیل کی ایک شکل یہ بھی ہے کہ زمین کے مختلف حصوں میں جو قومیں گزری ہیں کتابوں میں ان کا مطالعہ کیا جائے اور ان زبانوں کے سیکھنے کی کوشش کی جائے جن سے زمین کی پُرانی امتوں کے حال کے جاننے میں مدد مل سکتی ہے ۔
یہ مضمون جریدہ "الواقۃ” کراچی کے پہلے شمارہ، -2012 اپریل،- سے ماخوذ ہے۔
مولانا سیّد مناظر احسن گیلانی کا یہ مضمون ماہنامہ ” برہان ” دہلی کی جولائی و اگست ١٩٤٩ء کی اشاعت میں طباعت پذیر ہوا تھا ۔ جناب محمد عامر قمر صاحب نے مولانا گیلانی کے قرآنی مقالات کا ایک مجموعہ مرتب کیا ہے ۔ ” الواقعہ ” کے مضمون ہذا کی اشاعت موصوف ہی کی توجہ و تشویق سے عمل میں آئی ہے ۔ ادارہ ان کا شکر گزار ہے.
قران مجید میں خفیہ شیطانی تنظیموں کی نشاندہی
خرم سلیم
مترجم : ابو عمار محمد سلیم
قرآن مجید میں خفیہ شیطانی تنظیموں کی نشاندہی
جس دم شیطان لعین و رجیم اللہ تبارک و تعالیٰ کے دربار میں اپنی حکم عدولی کی بدولت مردود ہوا اسی دم سے وہ حضرت آدم علیہ السلام اور ان کی ذریت کا دشمن ہو گیا۔ یہ دشمنی آناً فاناً پیدا ہوئی اور اس قدر شدید ہوئی کہ اس ابلیس لعین نے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں یہ قسم کھائی کہ وہ رہتی دنیا تک انسان اور اس کی نسل کو ورغلائے گا اور سیدھے راستے سے بھٹکائے گاتاکہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کے آگے یہ ثابت کردے کہ اس نے جس مخلوق کو احسن التخلیق کہا ہے وہ اس قابل نہیں ہے کہ اللہ کی خلافت اس کو سونپی جائے اور پھر وقت ضائع کیے بغیر اپنے دعوے کو سچ ثابت کرنے کے لیے مصروف عمل ہوگیا اور جہاں اس نے اپنی ہی جنس میں سے اپنے حمایتی بنا لیے وہیں اس نے حضرت آدم علیہ السلام کو جنت سے نکالنے کے لیے پروگرام ترتیب دیا اور چالیں چلنے لگا۔ کچھ ہی عرصہ میں وہ اپنی شاطرانہ چالوں میں کا میاب ہوااور بھولے بھالے اور اس کے مقابلے میں انتہائی کم عمر اور نا تجربہ کار میاں بیوی کو جنت سے نکالنے میں کامیاب ہوگیا۔یہ انسانیت کے خلاف اس کی پہلی کامیابی تھی۔ اس کے بعد سے آج تک اس نے اور اس کے چیلوں نے لمحہ بھر کے لیے بھی چین نہیں لیا ہے۔
وہ ایسے لوگوں کا انتخاب کر تا ہے جو اپنی فطری طبیعت کی بدولت اللہ کے بتائے ہوئے راستہ سے ذرا بھی بھٹک گئے ہوں۔ وہ فوراً حملہ کرتا ہے اور ان کو اپنا گرویدہ بنا لیتا ہے اور سیدھے راستے سے ہٹادیتا ہے۔شروع دن سے لے کر آج تک اس نے اپنا کام انتہائی انہماک اور چابکدستی سے کیا ہے اور ایک بڑا گروہ اپنے حما یتیوں کا تیار کر لیا ہے جو اس کے حکم پر چلتے ہیں اس کے احکام سے ذرا بھی سر تابی نہیں کرتے۔ شیطان کی اس ریشہ دوانیوں اور آدمیت کو بھٹکانے کی عظیم سازشوں کے مقابلہ میں اللہ باری تعالیٰ نے بھی اپنی طرف سے اس کی رشد وہدایت کا راستہ کھلا رکھا اور انسانیت کو بھٹکنے سے بچانے کے لیے پے در پے اپنے رسول اور پیغمبر مبعوث کیے جنہوں نے انسانیت کی اصلاح کی اور آدم کی نسل کو دوبارہ صحیح راستہ پر ڈالنے کی سعی کی اور تعلیم کا اہتمام کیا۔
حق و باطل کی یہ کشمکش انسانی معاشرے میں انتہائی اہمیت کی حامل رہی ہے۔ شروع شروع میں شیطانی کید اور فریب نوزائدہ انسانی معاشرے کے سیدھے سادھے معاملات کی طرح زیادہ پرکار نہیں تھے بلکہ عام فہم تھے۔ وہ تمام عوامل اور چیزیں جن سے انسان ڈرتا تھا اور جن سے اس کو نقصان پہنچتا تھا جیسے درندے ، سانپ ، آگ ، آسمانی بجلی اور موسم کی شدت وغیرہ یا پھر وہ چیزیں جو انسان کے فائدے کی تھیں اور ان سے انسان کو منفعت تھی جیسے گائے ، گھنے اور سایہ دار درخت، سورج اور چاند وغیرہ ان کو ابلیس نے انسان کی نظروں میں بڑی اہمیت دلائی اور ان کی پوجا کروانے لگا تا کہ وہ خوش رہیں اور نقصان دہ چیزوں کے عذاب سے بچا جائے اور منفعت والی چیزیں اپنا فائدہ پہنچاتی رہیں۔بھولی بھالی انسانیت اس کے چال میں آگئی اور ان چیزوں کی پرستش کرنے لگی اور آج تک ایک بڑی آبادی ان کی پرستش کرتی چلی آرہی ہے۔ مگر جیسے جیسے انسانی ذہن ارتقا پذیر ہوااور ترقی کرتا گیا اور انسانی معاشرہ نے اپنے علم ، عقل اور تجربہ کی بنیاد پر ایسی فرسودہ اور غیر عقلی شہادتوں پر اعتبار کر نا کم کردیا تو شیطان نے بھی اپنی چال پلٹ دی اور پھر حضرت انسان کو عقلی اور علمی بنیادوںپر پچھاڑنے کے لیے اپنا پلان بنا لیا۔ انسان کو صحیح راستہ پر قائم رکھنے کے لیے اللہ باری تعا لیٰ نے اپنی ہدایت اور اصلاح کا سر چشمہ جاری و ساری رکھا۔اس کے بھیجے ہوئے نمائندے مستقلاً انسان کو سیدھا راستہ دکھاتے رہے اور شیطانی چالوں میں پھنسنے سے بچانے کی سعی کرتے رہے۔
آج کے دور میں شیطان نے اپنے پیروکاروں کا ایک بڑا گروہ تیار کر رکھا ہے جو اس کے احکامات پر دل و جان سے عمل کرتے ہیںاور اس کے حکم سے سرتابی نہیں کرتے۔ اس نے اپنے پیرو کاروں کو مختلف گروہوں میں بانٹ رکھا ہے۔ بظاہر یہ سارے گروہ بے ضرر لگتے ہیں اور انسانیت کی بھلائی کے کام کرتے دکھائی دیتے ہیں مگر ان سب کا مطمح نظر شیطان کی پوجا اور اس کے احکامات پر عمل کرنا اور کروانا ہوتا ہے جو انسان کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے۔ ان تمام گروہوں کا مقصد واضح طور پر یہ نظر آتا ہے کہ ان کے آنے والے بادشاہ مسیح الدجال کی آمد کا راستہ ہموار ہوجائے۔اور اس کے ظاہر ہونے سے پہلے ہی دنیا میں اس کی بادشاہت کے اعلان اور قیام کے وقت دنیا کے تمام وسائل ان گروہوں کے قبضہ میں ہوں۔ آج کے دور میں جو شیطانی گروہ مصروف عمل ہیں ان میں سے چند مشہور اور فعال سوسائیٹیاں مندرجہ ذیل ہیں:
١۔فری میسن Free Masons
٢۔ایلو میناٹی Illuminati
٣۔اسکل اینڈ بون Skull and Bones
٤۔ بوہیمین کلب Bohemian Club
٥۔ بہائی اور بابی تنظیمیں Babism and Bahai Movements
٦۔قادیانیت Qadyanism
وغیرہ وغیرہ
قران مجید فرقان حمید نے نہ صرف یہ کہ اپنے ماننے والوں کے لیے صاف اور واضح الفاظ میںان گروہوں کی نشاندہی بھی کر دی ہے اور انہیں بتا بھی دیا ہے کہ ان کا طریقہ کار کیا ہے بلکہ ان کے فتنے سے بچنے کی تلقین بھی کی ہے۔سورة البقرہ کے شروع کی آیات میں ہی اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے ایک ایسے گروہ کا تذکرہ کیا ہے جو اجتماعی طور پر فساد برپا کرتے ہیں۔اللہ علیم و خبیر نے ان کے ہدف کو بھی ظاہر کردیا ہے بلکہ ان کے بگڑے ہوئے اعتقادات اور گھناؤنے عزائم کے علاوہ اپنے ہدف کوحاصل کرنے کے طریقہ کار ، اور ان کے انتظامی ڈھانچے کے بارے میں بھی اطلاعات فراہم کر دی ہیں۔اللہ پاک نے تو ان کے سرکردہ لوگوں اور سرغنہ کا بھی پتہ بتا دیا ہے۔ مختصراً یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہ تمام آیات یاجوج ماجوج اور ان کے لیے کام کرنے والے دیگر گروہوں کی طرف اشارہ کررہی ہیں۔ ان کی تفصیل آگے چل کر دیکھتے ہیں۔
شیطانی طریقۂ کار
ابلیس نے اپنے پیروکاروں کو یہ ہدایت جاری کر رکھی ہے کہ اللہ سے ڈرنے والے لوگوں میں گھل مل جایا جائے اور ان کو بھٹکانے اور راستے سے اغوا کرلینے کے لیے مندرجہ ذیل طریقہ کار میں سے کوئی یا سب اپنایا جائے اور اپنا مقصد حاصل کر لیا جائے۔
(الف)ظاہری ایمان کا مظاہرہ کرکے:
یہ لوگ مسلمانوں کو دھوکہ دینے کے لیے خود کو بھی مؤمنین میں سے ظاہر کرتے ہیں۔ اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھنے کا بڑی شدت سے پرچار کرتے ہیں۔ ان کے لیے قران کا بیان ہے:
( وَمِنَ النَّاسِ مَنْ يَّقُوْلُ اٰمَنَّا بِاللّٰهِ وَبِالْيَوْمِ الْاٰخِرِ وَمَا ھُمْ بِمُؤْمِنِيْنَ (8) يُخٰدِعُوْنَ اللّٰهَ وَالَّذِيْنَ اٰمَنُوْا (9) [البقرة : ٨-٩]
” اور لوگوں میں سے ہیں جو کہتے ہیں کہ ہم اللہ اور یوم آخرت پر ایمان لائے حالانکہ وہ مومنین میں سے نہیں ۔ وہ اللہ اور جو لوگ ایمان لائے انہیں دھوکہ دیتے ہیں ۔ ”
آج کے دور میں یہ طریقہ کار فری میسن والوں کا ہے۔
(ب)ایمان کی جزئیات سے انکار:
یہ گروہ مؤمنین سے میل جول بھی رکھتا ہے مگر ایمان کی بنیادی جزئیات کا مکمل انکار کرتا ہے۔ ان کا خیال ہے کہ عام عوام الناس نے جس ایمان کو اپنایا ہوا ہے ان سے ان کو کوئی سروکار نہیں بلکہ ان کا اپنا مقام عام لوگوں کی نسبت بہت ارفع اور اعلیٰ ہے۔وہ عام لوگوں کوحقارت سے دیکھتے ہیں اور ان کی پیروی کرنے کو بہت برا جانتے ہیں۔ ان کے لیے قران مجید نے فرمایا:
( وَاِذَا قِيْلَ لَھُمْ اٰمِنُوْا كَمَآ اٰمَنَ النَّاسُ قَالُوْٓا اَنُؤْمِنُ كَمَآ اٰمَنَ السُّفَهَاءُ ) [البقرة : ١٣]
” اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ ایمان لاؤ جیسا کہ لوگ ایمان لائے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ کیا ہم ایمان لائیں جیسے یہ بے وقوف ایمان لائے ۔ ”
یہ رویہ آج کے دور کے ایلومیناٹی کا ہے جو اپنے آپ کو سب سے زیادہ گیان والے اور اللہ کی کائنات کا رازدان سمجھتے ہیں۔ عام آدمی کو بھیڑ بکریوں سے زیادہ اہمیت نہیں دیتے اور اپنے آپ کو سب پر حاوی سمجھتے ہیں۔
(ج)ذہنی بیماری کی علامات:
ان لوگوں کے دماغ میں شیطانیت اور خباثت نے بڑی گہری جڑیں ڈال رکھی ہیں۔ ان کی یہ بیماری ناقابل علاج اس لیے ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے ان کی اس بیماری میں شدت سے اضافہ کردیا ہوا ہے۔ ملاحظہ کریں قرآن کا بیان ان کے لیے یہ ہے کہ
( وَاِذَا قِيْلَ لَھُمْ اٰمِنُوْا كَمَآ اٰمَنَ النَّاسُ قَالُوْٓا اَنُؤْمِنُ كَمَآ اٰمَنَ السُّفَهَاۗءُ ) [البقرة : ١٠]
”ان کے دلوں میں مرض ہے ، پس اللہ نے ان کی بیماری کو بڑھا دیا ہے ۔ ”
ان کے دلوں کی بیماری میں الٹی منطق ، پیچیدہ قیل وقال ، عجیب و غریب رسوم ، جنسی بے قاعدگیاں وغیرہ شامل ہیں اور یہ سب علامات بوہیمین گروپ اور اسکل اینڈ بونس کے کارندوںکے لوگوں میں موجود ہیں بلکہ ان کا طرہ امتیاز ہیں۔
(د)منفی رویہ پر مبنی اہداف۔
ان تمام گروہوں میں یہ بات مشترک ہے کہ وہ اپنے آپ کو صالحین اور ہدایت یافتہ سمجھتے ہیں۔ جو کچھ یہ کر رہے ہوتے ہیں اسے درست اور اصلاح کا ذریعہ بتا تے ہیں۔ قران پاک نے ان کے اسی رویہ کے بارے میں یوں تبصرہ کیا کہ
( وَاِذَا قِيْلَ لَھُمْ لَا تُفْسِدُوْا فِى الْاَ رْضِ ۙ قَالُوْٓا اِنَّمَا نَحْنُ مُصْلِحُوْنَ ) [البقرة : ١١]
” اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ زمین میں فساد مت برپا کرو تو وہ کہتے ہیں کہ ہم تو صرف اصلاح کرنے والے ہیں ۔”
یہی لوگ تو ہیں جو آج این جی اوز کا روپ دھارکر ہمارے اندر دندنا تے پھر رہے ہیں اور ہماری اصلاح کے کوشاں ہیں۔ ہماری اصلاح ہو رہی ہے یا ہمیں شیطان کے دام میں پھنسایا جا رہا ہے؟
(ذ)خفیہ گٹھ جوڑ اور خفیہ میٹنگ:
ان گروہوں کے سر بر آوردہ لوگ وقتاً فوقتاً آپس میں ملاقاتیں کرتے رہتے ہیںاور اپنی سرگرمیوں سے ایک دوسرے کو آگاہ کرتے ہیں ۔ آئندہ کا پروگرام تشکیل دیتے ہیں اور اس پر عمل درآمد کے لیے لائحہ عمل تیار کرتے ہیں۔ان کے اس گٹھ جوڑ کو قران نے یوں بیان کیا
( وَاِذَا خَلَوْا اِلٰى شَيٰطِيْنِهِمْ ۙ قَالُوْٓا اِنَّا مَعَكُمْ ) [البقرة :١٤]
” اور جب وہ اپنے شیاطین کے ساتھ تنہا ہوتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم تو تمہارے ساتھ ہیں ۔ ”
نیز ملاحظہ ہو سورة البقرة آیت ٦ ٧اور سورہ آل عمران آیت ١١٩، ١٢٠۔
(ر)شیطان ان کا سرغنہ ہے:
ان تمام گروہوں کے مقامی لیڈر بھی چھوٹے شیاطین ہیں اور اپنے سے بڑے شیطان کے ما تحت ہیں اور اسی کو رپورٹ کرتے ہیں اور ان سب کا سب سے بڑا سرغنہ ابلیس لعین ہے جس تک ان میں سے صرف چند کی پہنچ ہے۔اور اس کا پتہ قران کی اس بات سے چلتا ہے جب قران کہتا ہے
( وَاِذَا خَلَوْا اِلٰى شَيٰطِيْنِهِمْ ) [البقرة :١٤]
"کہ جب یہ اپنے شیاطین کی طرف واپس لوٹتے ہیں۔”
قرآن میں یہ پہلا مقام ہے جہاں شیطان کا ذکر کیا گیا ہے ۔وہ بھی بہ صیغہ جمع ۔ اگلے دو حصوں میں ہم یہ ذکر کریں گے کہ یہ شیاطین کس طرح فسادی تنظیموں کو منظم ، متحرک کرکے ان کی قیادت کریں گے ۔
ابلیسی اہداف کیا ہیں؟
اوپر دئے گئے گروہوں اور ان کے مشن کو بغور دیکھا جائے تو ان اہداف کا پتہ چلتا ہے جو یہ لوگ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اور ان سب اہداف کا بنیادی مقصد صرف یہ ہے کہ انسان کو اللہ کی بتائی ہوئی ہدایت سے بھٹکایا جائے اور بنی آدم کو اللہ کی نظروں سے گرا دیا جائے تاکہ یوم آخرت اسے گمراہ ثابت کیا جاسکے اور ابلیس کے بلند بانگ دعوے کو جو اس نے اللہ کے حضور کیے تھے سچ ثابت کردیا جائے۔ چھوٹے گروپوں کے چھوٹے اہداف یہ ہیں کہ پوری دنیا کو ایک ایسی غلامی میں جکڑنے کی طرف لے جا یا جائے کہ انسانیت جہاں بے بس ہوجائے اور پھر آخر میں اس مسیح دجال کی بادشاہت قائم ہوجائے جو فلسطین سے بیٹھ کر پوری دنیا پر بلکہ جن و انس پر شان سے حکومت کرسکے۔ ایسی حکومت جو صرف حضرت سلیمان علیہ السلام کے شایان شان رہی تھی۔آثار قیامت کے احوال اور اس سے قبل ہونے والے جن واقعات کا احادیث مبارکہ سے پتہ چلتا ہے ان کا جائزہ لینے سے ان شیطانی گروہوں کے ذریعہ سے انجام پانے والے عجیب و غریب واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ یہ سب ابلیس کی مکارانہ ذہنیت اور شاطرانہ چالوں کا شاخسانہ ہے۔عمومی طور پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ ان تمام شیطانی تنظیموں کا متفقہ ہدف مندرجہ ذیل باتوں کا حصول ہے:
(الف)پوری دنیا کو ایک چھوٹے سے گلوبل ولیج Global Village میں تبدیل کردینا جس میں خدائی کا کوئی تصور نہ ہو
( ب)پوری دنیا میں صرف ایک حکومت کا قیام ہوجو شخصی اور ملکی حدود و آزادی کا خاتمہ کرکے اس تصور کو مٹا دے۔
(ج) دھوکہ دہی ، سازشی اور جھوٹی معیشت کا قیام ہو جائے جس کا دارومدار اس کاغذی کرنسی پر ہو جس کی اپنی کوئی قدر و قیمت نہ ہو۔ یوں بغیر کسی مادی وسائل کے دولت کے انبار لگا لیے جائیں۔
( د )سود کو اس قدر خوش نما بنا کر پیش کیا جائے کہ یہ تمام دکھوں کا مداوا نظر آئے اور انسانیت سود کی زنجیروں میں جکڑ کر بے دست و پا ہوجائے ۔
( ر )ایک ایسا معاشی نظام قائم ہو جائے جس میں زر تجارت نہ سونا ہو نہ چاندی بلکہ ردی کاغذی کرنسی اور پلاسٹک کے کارڈرواج پاجائیں جس کی اپنی کوئی قیمت نہ ہواور جس کا مکمل کنٹرول اسرائیل کے سرکاری بینک کے زیر انتظام ہو اور ساری دنیا کی دولت صرف یہود کے ہاتھ میں چلی جائے۔
( ز )پوری دنیا میں چلائی گئی عورتوں کے حقوق کے نام کی تحریک کو اتنا فعال بنا دیا جائے کہ معاشرہ کا بیلنس بگڑ جائے۔ رات کو دن میں تبدیل کیا جائے۔ لڑکی لڑکی سے شادی کرے یا مرد مرد کے ساتھ۔ جس کا جیسے دل چاہے اپنا وقت گزارے کوئی روک ٹوک نہ ہو۔ انسانی تقدس بھی پامال ہو اورمعاشرہ سے خاندان کی اکائی کا خاتمہ ہو اور معاشرہ افراتفری میں مبتلا ہوجائے۔
( س )بڑے بڑے اسپورٹس کے مقابلوں کا انعقاد ، نمائشیں ، کھیل تماشے ، ناچ گانے کے کنسرٹس ، مس ورلڈ اور مس یونیورس ، مقابلہ حسن کی تشہیر، ورلڈ کپ کے کرکٹ، فٹبال اور دیگر کھیل کود اور تفریح کی بھر مار، امریکہ اور دیگر ممالک کے صدارتی انتخابات وغیرہ کو اس انداز سے پیش کیا جائے کہ گویا انسانیت انہیں چیزوں کے گرد گھومنے کا نام ہے ۔ یہی باتیں سب سے اہم ہیں اور ان میں حصہ لینا اور ان کے بارے میں معلومات رکھنا ہی وقت کا سب سے اہم تقاضہ ہے۔ان چیزوں مین جوئے اور سٹے کو شامل کرکے ان کو مزید دلچسپ ، خوشنما اور فائدہ مند بنا دیا جا تا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس کے لبھاوے میں آجائیں۔پوری دنیا کی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اسی کی تشہیر میں لگی رہے اورساری دنیا اسی لہو لعب میں ڈوب جائے۔اسی کو اصل سمجھے۔اور دیکھئے کہ قران نے تو پہلے سے ہی بتا رکھا ہے کہ جب قیامت آئے گی تو لوگ کھیل تماشے میں مشغول ہونگے۔
( ش )ٹی وی اور اس کے دیگر تمام چینل بھی اسی شیطانی پراپیگنڈے کی تشہیر میں لگے ہوئے ہیں۔عریانی ، فحاشی ، بے حیائی، اقدار کی پامالی اور ان سے انحراف کا درس ، بڑوں چھوٹوں کی عزت اور خواتین کی حرمت ہر ایک چیز قربان ہوتی چلی جارہی ہے۔ یہاں تک کہ وہ چینل جو اپنے آپ کو اسلامی کہلاتے ہیں وہ بھی اسی دوڑ میں شریک ہیں۔ انہیں اس بات کا ادراک بھی نہیں ہے کہ وہ اسلام کے نام پر غیر اسلامی خرافات کو فروغ دے رہے ہیںاور انہی اہداف کے حصول کے لیے شیطان کے چیلوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ یہ نہ تو اسلام کی کوئی خدمت کر رہے ہیں اور نہ اسلامی اقدار اور تعلیمات کو لوگوں تک پہنچارہے ہیں ۔ اگر ان کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ان سوالات کا جواب تلاش کیا جائے تو مجھے یقین ہے کہ ان تمام سوالوں کا جواب منفی میں ہی ملے گا۔
١۔ کیا یہ تمام چینل امت کو ایک متحد ہ پلیٹ فارم پر جمع کر رہے ہیں ؟
٢۔ کیا یہ چینل قوم اور امت کی تربیت کر رہے ہیں؟ کیا یہ چینل لوگوں کو اللہ باری و تعالیٰ کی اطاعت کا درس دے رہے ہیں؟
٣۔ کیا اسلام صرف خوش الحانی سے گلا پھاڑ کر نعت خوانی کا نام ہے؟
٤۔ کیا ان چینلز پر علماء نے آکر امت کو اسلامی طرز حکومت کے خدوخال اور انداز حکومت کے بارے میں سمجھایا؟
٥۔ کیا ان چینلز کے ذریعہ اسلامی معاشی نظام کے بارے میں لوگوں کو تعلیم دی گئی اور موجودہ سودی معاشی نظام سے روکا گیا؟
٦ ۔ کیا انہوں نے یہ بات کبھی بھی لوگوں کو بتائی کہ مسلمانوں نے کیا ترقی کی اور یہ کہ مسلمان کولمبس سے قبل امریکہ دریافت کر چکے تھے۔
٧۔ ریڈ انڈین قبیلہ چیروکی سارا کا سارا مسلمان ہو گیا تھا مگر اب سب کو کیوں اور کس طرح عیسائی مذہب میں تبدیل کر دیا گیا۔
٨۔ مسلم اسپین میں مسلمان سائنسدانوں نے ہوائی جہاز ایجاد کیا اور اس کی اس وقت اڑان کی جب کہ مغرب کا اس علم کا باوا آدم لیونارڈو ڈی ونسی Leonardo Da Vinci اس کے کئی صدیوں بعد پیدا ہوا۔
٩۔ امت محمدی ﷺ کو چوبیس گھنٹے کی نعت خوانی ، محفل میلاد اور تلاوت کلام پاک کی بغیر استفادہ کی تلاوت کلام پاک میں محصور رکھنے سے امت کی بھلائی نہیں ہو سکتی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ قران کریم کے ذریعہ سے لوگوں کی اصلاح کی جائے۔معاشرے سے بے دینی ختم ہو اور اللہ کی حاکمیت قائم ہو۔ قران کے احکامات کو پھیلایا جائے تاکہ معاشی اور معاشرتی مسائل قران و حدیث سے حل کیے جائیں۔نعت خوانی حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت میں اضافہ کا ذریعہ بنے اور آپ کی سنت مطہرہ لوگ اپنی زندگیوں میں ڈال لیں تاکہ معاشرہ ان راستوں پر چل نکلے جو اللہ اور اس کے رسول کا مطمح نظر رہا ہے۔
شیطانی گروہوں کا ایک اجمالی جائزہ
گو کہ شیطان نے انسان کے دنیا میں آتے ہی اس کو اپنا گرویدہ کرنے اور اس کو اپنے ساتھ ملانے کی کوششیں شروع کردی تھی اور وہ تمام لوگ جو اللہ کے بنائے ہوئے قوانین سے اور قواعد و ضوابط سے برگشتہ ہوئے شیطان کے قبضہ میں آتے چلے گئے۔یوں تو شیطان نے ہر دور میں اپنا گروپ قائم رکھا اور ان کے ذریعہ سے فساد برپا کرتا رہامگر آج کے دور میں جبکہ خاتم النبین ﷺ کی آمد کے بعد قیامت کے قیام کی بڑی اور واضح نشانی ظاہر ہوگئی تو شیطان کو بھی یہ احساس ہے کہ انسانیت کو بہکانے کے لیے اس کے پاس اب بہت تھوڑا وقت رہ گیا ہے۔ابلیس کی عمر حضرت انسان سے کہیں زیادہ ہے۔ اس نے آسمانوں کی سیر کی ہے ، فرشتوں کا سردار رہا ہے ، لوح محفوظ کو دیکھ چکا ہے ، اللہ کی سنت کو اپنی آنکھوں سے دیکھ چکاہے ، انسان سے قبل کی اللہ کی مخلوق پر اللہ کا قہر و غضب اسی کے ہاتھوں نازل ہوا ہے اور وہ اس کی قہاری اور اس کے غصہ کا شاہد ہے۔ اللہ کی قدرت کاملہ کی بہت ساری چیزوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھ چکا ہے۔ان چیزوں کی روشنی میں یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ وہ ہم سے زیادہ چالاک اور ہوشیار ہے۔ پھر یہ کہ اس کے پاس اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ بہت سی ایسی طاقتیں ہیں جو انسان کو ودیعت نہیں ہوئیں۔وہ انسان کو تخلیق کے مرحلہ سے گزرتے ہوئے بھی دیکھ چکا ہے اور انسانی عقل اور تدبر کو پروان چڑھتے ہوئے بھی اس نے دیکھا ہے۔اسے ہماری ضرورتوں کا بھی علم ہے ، ہماری لالچ کو بھی جانتا ہے، ہماری کمزوریوں سے بھی واقف ہے اور ہمارے حوصلے کا اور اس طاقت کا بھی اس کو علم ہے جس کا استعمال کرکے ہم آناً فاناً اللہ کی رضا حاصل کر سکتے ہیں اور اس مالک کائنات کا تقرب ہمیں مل سکتا ہے۔ وہ پوری طرح آگاہ ہے اور ہم سے اچھی پلاننگ تیار کر رکھی ہے۔ اس کو خوف ہماری صرف اسی ایک چیز سے ہے کہ اگر ہم اس کے خلاف ڈٹ جائیں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں اس پر غالب آنے سے نہیں روک سکتی۔ اسی لیے اس کا تمام پلان ہمیں اس صورت حال میں پہنچنے سے پہلے تھپک تھپک کر سلا دینے کا ہے۔
ابلیس آج اپنے ماضی سے زیادہ متحرک ہے۔ پوری تاریخ انسانی میں اس نے جتنے لوگوں کو بھٹکایا انہیں ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتا گیااور اپنا گرویدہ بنا تا چلا گیا۔ اور یوں ہزاروں برسوں کی اس کوششوں نے اسے ایک بہت بڑے گروہ کا سربراہ بنا دیا ہے۔ آج اس کی کوششیں مختلف جہتوں میں کام کر رہی ہیںاور بہت فعال ہیں۔ آئیے ذرا ماضی میں جھانک کر دیکھتے ہیں کہ اس کا طریقہ کار کیا رہا ہے۔
١۔ھاروت و ماروت کا زمانہ( سورة آل عمران)
اللہ پاک نے انسان کی آزمائش کے لیے حضرت سلیمان علیہ السلام کے زمانے میں دو فرشتوں کو زمین پر بھیجا۔ ان کا مشن یہ تھا کہ وہ انسان کو ایک خاص علم کی تعلیم دیں۔ یہ علم اچھے کاموں کے لیے بھی استعمال ہو سکتا تھا اور غلط چیزوں اور مقاصد کے لیے بھی۔ ھاروت و ماروت جب کسی کو یہ علم سکھاتے تو انہیں پہلے سے بتا دیتے کہ یہ علم نہ سیکھو کیونکہ اگر اس کا غلط استعمال کر بیٹھے تو نقصان اٹھاؤگے اور یہ کہ یہ علم انسان کے لیے ایک امتحان ہے۔ شیاطین جن و انس نے جنہیں جادو ٹونے سے دلچسپی تھی انہوں نے یہ علم سیکھا بھی اور اس کا خوب غلط استعمال بھی کیا۔ اس کے ذریعہ سے وہ میاں بیوی میں ناچاقی کرا دیتے تھے اور معاشرے میں بگاڑ پیدا کردیتے۔اوپر سے مستزاد یہ کہ یہ مشہور کر دیا کہ یہ جادو تو خود حضرت سلیمان علیہ السلام نے انہیں سکھایا ہے۔چونکہ حضرت سلیمان علیہ السلام کی بادشاہت جنوں پر بھی تھی اور ان کے پاس ایسی مافوق الفطرت طاقتیں تھیں جو پہلے کبھی کسی کو نہیں ملی تھیں تو ان کا یہ جھوٹ خوب پھیلا یہاں تک کہ قرآن نے شہادت دی کہ اللہ کے رسول کا اس میں کوئی ہاتھ نہ تھا۔حضرت سلیمان علیہ السلام نے اس فتنہ کو روکنے اور اس کا سدباب کرنے کے لیے ایسے تمام مخطوطات کو جمع کیا اور اس کو اپنے تخت کے نیچے دفن کردیا ۔ ( واللہ اعلم)
٢۔ ٹمپلر نائٹس Templar Knightsکا زمانہ
صلیبی جنگ کے دور میں مقدس مقامات کی زیارت کو جانے والے عیسائی زائرین کی حفاظت کے لیے ٹمپلر نائٹس کی تنظیم بنائی گئی۔ یہ لوگ زائرین کو بھی تحفظ دیتے اور جو زائر اپنا مال ان کے حوالے کردیتا وہ اس کی حفاظت کرتے اور یورپ میں جہاں کہیں وہ اپنا سامانٍ واپس لینا چاہتا وہاں کے لیے اس کو ایک رسید مل جاتی اور وہ زائر اس جگہ سے اپنے مال کی مالیت وصول کرلیتا تھا۔یہ موجودہ دور کے بینکنگ کی ابتدائی شکل تھی۔
انہی ٹمپلر نائٹس کے بارے میں مشہور ہے کہ حضرت سلیمان کے دفن کیے ہوئے مخطوطات ان کے ہتھے چڑھ گئے اور اس کی بدولت انہوں نے اس جادو کے دور کا احیا کیا جو صدیوں پہلے اللہ کے رسول نے ختم کر دیا تھا۔ انہوں نے یہودی کبالہ کی رسم کا دوبارہ اجرا کیااور شیطانی پوجاپاٹ کا اہتمام کیا۔ ہم یہ اس لیے کہہ رہے ہیں کہ ١٣ اکتوبر ١٣٠٧ ء میں ٹیمپلرز پر ایک مقدمہ چلایا گیا۔ ان پر الزام تھا کہ وہ شیطان کی پوجا کرتے ہیں ، سدومیت اور دیگر جنسی جرائم میں ملوث ہیں اور دیگر غیر قانونی اور غیر انسانی کام میں بھی ان کا ملوث ہونا ثابت ہوا۔انہیں اس کی پاداش میں زندہ جلا دیا گیا۔ جو جل گئے سو جل گئے بقیہ جو بچے وہ غائب ہو گئے اور صلیبی جنگوں کے کوئی دو سو سال کے بعد واپس منظر عام پر آئے مگر اس وقت تک ان لوگوں نے ایک ایسا مظبوط اور مربوط بینکینگ سسٹم قائم کرلیا تھا اور سود پر رقم ادھار دے کر اتنے لوگوں کو اپنے چنگل میں گرفتار کر لیاتھا کہ کوئی ان کے خلاف کچھ بول نہ سکتا تھا۔ بڑے بڑے سر بر آوردہ لوگ ، سیاسی شخصیتیں ، بادشاہ اور امراء یہاں تک کہ عیسائی چرچ کے پادریوں کی ایک بڑی تعداد بھی ان کے دام میں پھنسی ہوئی تھی۔یہ سولہویں صدی کا دور تھا جب انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کی جنگ کے دوران انہوں نے اسکاٹ لینڈ کی مالی اعانت کی اور یوں ظاہر ہونے کے بعد اسکاٹ لینڈ میں ان کو مکمل تحفظ مل گیا۔انہوں نے اپنا نام بھی تبدیل کر لیا اور اب فری میسن کہلانے لگے اور اسکاٹ لینڈ میں اپنے عقائد کا پرچار کرنے لگے۔
ہم بچپن سے یہ سنتے آئے ہیں کہ عملیات اور کالا جادو وغیرہ شیطانی کام ہیں۔ جو لوگ ان اعمال کے کرنے میں ملوث ہوجاتے ہیں انہیں اور بھی دیگر بہت سے غلط اعمال کرنے پڑتے ہیں جن میں شیطان کی پوجا اور قران مجید کو الٹا پڑھنا وغیرہ شامل ہیں۔ جب کوئی ایسا کام کرتا ہے تو کوئی نہ کوئی شیطان اس کے ساتھ شامل ہو جاتا ہے اور اس کا دوست بن جاتا ہے اور اپنی غیر مرئی طاقتوں سے اس کا ہاتھ بٹا تا ہے۔ چھوٹے موٹے لوگوں کے ساتھ چھوٹا شیطان اور بڑے لوگوں کے ساتھ ان کا بڑا گرگا شامل ہوتا ہے۔اس میں آج کوئی شک نہیں ہے کہ ایلومیناٹی اور فری میسن شیطان کی پوجا کرتے ہیں اور انسانی جانوں کی قربانی دیتے ہیں۔ اسلام کے دور سے قبل بھی دنیا کے معاشرہ میں ان کے دیوی دیوتاؤں مثلاً کالی ، لات و منات وغیرہ کے آگے قربانی دی جاتی تھی اور ان کے قدموں میں خون نچھاور کیا جاتا تھا اور یہ رسم آج بھی جاری و ساری ہے۔امریکہ میں کیلی فورنیا کے مقام مونٹ ریو میں آج بھی دنیا کے سارے ” بڑے ” اکٹھے ہوتے ہیں اور اس اجتماع کو بوہیمین گروو Bohemian Groove کا نام دیا جاتا ہے۔ اس اجتماع کے بارے میں وکی پیڈیا یہ کہتا ہے:
”کلب کے قیام کے وقت سے ان کا نشان امتیاز Mascot) (الو ہے جو عقل و دانش کا نمائندہ ہے۔اس گروہ میں ایک تالاب ہے جس کے بالائی حصہ میں الو کا ایک بہت بڑا بت نصب ہے اور اس بت خانے کا ڈیزائین ہیگ پیٹیگیان نے بنایا تھا جو اس کلب کا دو مرتبہ صدر رہ چکا ہے۔ ١٩٢٠ میں اس کی تعمیر ہوئی اور ١٩٢٩ کے بعد سے ہر سال اس کلب کے سالانہ اجتماع میں یہ جگہ قربان گاہ کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔ اوراس کلب کا مربی سینٹ جان آف نیپومیک ہے جس کے بارے میں مشہور ہے کہ بوہیمیا کے بادشاہ کے ہاتھوں موت قبول کرلی مگر ملکہ کا راز بادشاہ کو نہیں بتایا۔اسی تالاب کے کنارے اس سینٹ کا ایک بڑا مجسمہ نصب ہے اور مجسمے نے اپنے منہ پر انگلی رکھ کر خاموشی اور راز داری کا نشان بنایاہے۔اور یہی رازداری ہے جو اس کلب کا طرہ امتیاز ہے۔”
سوچنے کی بات یہ ہے کہ یہ کلب دنیا کے صرف بڑے لوگوں کے لیے کیوں وقف ہے۔ اس کی ممبر شپ صدر بش سینیر اور جونیر، ہنری کیسنجر ، جمی کارٹر ، روتھس چائلڈ اور راک فیلر جیسے لوگوں تک کیوں محدود ہے اور پھر یہ کہ دنیا بھر کے اتنے بڑے لوگوں کا اجتماع ہوتا ہے اور دنیا بھر کا پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا خاموش رہتا ہے اور اس کی کوئی خبر نشر نہیں ہوتی۔کیوں؟
ہم مسلمانوں کو یہ تعلیم دی گئی ہے کہ جب کوئی ستارہ ٹوٹتے دیکھیں تو لاحول ولا قوة الا باللہ پڑھیں۔ ہم جانتے ہیں کہ جب کوئی شیطان آسمان کے کناروں پر آکر چھپ کر کوئی راز حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے تو ایک انگارہ اس کی طرف مارا جاتا ہے۔ حق یہ ہے کہ یہ جنات اور شیاطین آسمان کی حدود میں داخل نہیں ہو سکتے مگر ان کے گرد گھومتے پھرتے رہتے ہیںاور آسمانی گفتگو کی سن گن لیتے ہیں۔ کوئی بھنک ان کے کانوں میں پڑ جائے تو یہ لے اڑتے ہیں اور آکر اپنے چیلے چانٹوں کو سناتے ہیں اور چونکہ جن کو وہ یہ سب کچھ بتاتے ہیں ان کے علاوہ کسی عام انسان کو ایسی کوئی خبر نہیں ہوتی اسی لیے شیطان کے یہ چیلے اپنے آپ کو ایلومیناٹی یعنی ” روشن کیا ہوا ” کہلاتے ہیں۔
ابلیس نے ایلومیناٹی کو ایک الگ تنظیم کے طور پر کھڑا کیا تھا مگر بعد میں اس کے کچھ لوگ فری میسن ہوگئے اور ان ہی کے ذریعہ سے ‘ایک دنیا ایک حکومت’ کا نظریہ پروان چڑھا۔آج ایلومیناٹی گروپ کے چند بڑے ایسے ہیں جن کے پاس دنیا کے مستقبل کا ابلیسی نقشہ موجود ہے جس پر دنیا کو ڈھالا جارہا ہے۔ یہ خفیہ تنظیمیں ہمیشہ سے موجود رہی ہیں اور ان کے تاریخی شواہد بابل کی تہذیب میں بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔تاریخ میں وقوع پذیر تمام معاملات کے تانے بانے ایک دوسرے کے ساتھ ملائے جاسکتے ہیں جن سے ایک واضح تصویر نظر آتی ہے۔تاریخ میں جھانک کر دیکھیں تو اس میں چند قدیمی دیوتاؤں کا تذکرہ ملتا ہے۔ان میں سے ایک ‘ ہورس ‘ Horus ہے جو مصر کا سورج دیوتا ہے۔ ‘ انوناکی ‘ یا مایا تہذیب کا سانپ دیوتا ‘کوکلکاں ‘ ہے ، ہندؤں کے شیوا اور کرشنا سے تو ہم واقف ہی ہیںجو شطرنج کے سیاہ و سفید بساط پر بیٹھا دکھائی دیتا ہے۔ شطرنج کی یہ بساط ماضی میں بھی موجود تھی اور حال میں بھی اس کا ایک اہم رول ہے۔ فری میسن کے تمام لاجز Lodges میں اسی بساط کا فرش بچھا ہوا نظر آتا ہے۔
قرآن مجید فرقان حمید سے ہمیں جنوں کی موجودگی اور ان کے وجود کی اطلاع ملی ہے۔ قرآن ہی بتاتا ہے کہ ان میں مسلمان جن بھی ہیں اور شیطان بھی اور یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جن انسانوں کو دوست بنا تے ہیںاور دونوں ایک دوسرے کے مددگار بھی ہوتے ہیں۔ جنوں نے ہماری نبی اکرم ﷺ کے ہاتھوں پر اسلام بھی قبول کیا ہے۔ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ حضور پاک ﷺ نے اپنی کسی بھی دنیاوی ضرورت کے لیے جنوں کی مدد طلب نہیں کی۔یہ صرف شیاطین جن ہیں جو شیاطین انس سے ملاپ رکھتے ہیں اور بقول قران ایک دوسرے کے ہمنوا اور دوست ہوتے ہیں۔ مگر ایسے کسی فرد کے لیے آخرت میں کوئی حصہ نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم مسلمانوں کو ان سے ملاپ اور اختلاط سے اجتناب کا حکم ملا ہے۔دوسرے مذاہب کے لوگ ان قیود کی پابندی نہیں کرتے۔اور ہماری معلوم جہتDimension جس میں ہم موجود ہیں سے آگے جا کر دوسری جہتوںTrans Dimensional Contactمیںداخلہ کی کوشش کرتے ہیں۔ اسی جہتوں کے اختلاط سے شیطان کے پجاری اپنی غیر مرئی قوتوں میں اضافہ کرتے ہیں اور اس کے بدلے میں شیطان کے دست نگر اور آلہ کار بن جاتے ہیں۔ شیطان کی پوجا کرتے ہیں اور اس کی عنایات کے طالب رہتے ہیں۔ آپ انٹر نیٹ پر جاکر شیطان کی پوجا اور اس کی پوجا کے لیے قائم کیے ہوئے چرچوں کے احوال معلوم کر سکتے ہیں۔آپ کو اندازہ ہوگا کہ یہ لوگ کس طرح اس کے چنگل میں گرفتار ہوتے ہیں۔ بلکہ یو ٹیوب وغیرہ پر آپ کو بہت سے ایسے لوگوں کے انٹرویو مل جائیں گے جو شیطانی چرچ سے باغی ہوئے اور توبہ کی اور سب کچھ صاف صاف بتا دیا ہے۔ ان شیطانی اعمال میں کچھ ایسے کام بھی شامل ہوتے ہیں جو کسی خاص وقت اور معین تاریخ میں کیے جاتے ہیں۔ ان کے ان عملیات اور قربانیوں کے صلہ میں شیطان ان کو اپنی ابلیسی قوتوں سے نوازتا ہے۔ شطرنج کی بساط جس کا اوپر تذکرہ ہوا اسی اختلاط کو حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے اور اسی بساط کی تشہیر آپ کو دنیا کے تقریباً ہر علاقہ میں نظر آئے گی۔ ٹیکسیوں کے اوپر ، پولیس کی ٹوپی اور ان کی گاڑیوں کے اوپر،فری میسن لاجز اور عیسائی چرچوں کے اندر،ہندؤں کے مندر اور ان کے دیوتاؤں کی تصویروں میں وغیرہ وغیرہ۔
شیاطین کا آپس میں رابطہ بھی انہی علامات سے ہوتا ہے۔ آج بہت لوگ جانتے ہیں کہ ” سب کچھ دیکھنے والی آنکھ ” The All Seeing Eye جو امریکی ڈالر میں بھی دکھائی دیتی ہے وہی آنکھ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے اہرام اور ان کی تصاویر اور بڑے بڑے داخلی دروازوں پر بھی نظر آتی ہے۔ یہ داخلی دروازے بھی بڑی اہمیت کے حامل ہیں اور دنیا بھر کے قدیمی اور جدید آرکیٹکچر میں دو بڑے بڑے منقش ستونوں کے ذریعہ ظاہر کیے جاتے ہیں۔یہ سب شیطانی وساطت کی نشانیاں ہیں اور شیطان کی پوجا کے اظہار کا ذریعہ ہیں۔ آج مسجد اقصیٰ کو گرا کر اس کی جگہ ایک یہودی مندر یا سیناگاگ کی تعمیر کا منصوبہ بھی اسی شیطانی پوجا کا ایک حصہ ہے۔ اسرائیل کا یہ منصوبہ اللہ کی عبادت کے لیے نہیں بنا یا جارہا ہے بلکہ ایک ایسا مندر ہوگا جہاں شیطان کی پوجا ہوگی۔اور شیطان کا سب سے شاہکار مہرہ ” مسیح الدجال ” یہاں سے ہی بیٹھ کر ساری دنیا پر حکومت کرے گا۔
اگر آپ اسرائیل کے جھنڈے کو دیکھیں تو اس میں اوپر نیچے کی دو نیلی لکیریں دریائے نیل اور دجلہ و فرات کا نشان ہیں جبکہ درمیان میں ایک چھہ کونوں والا ستارہ ہے۔ مشہور ہے کہ یہ حضرت داؤد علیہ السلام کا ستارہ ہے جو غلط ہے۔ اور پھر یہ کہ یہود کے پیغمبر تو سیدنا حضرت موسیٰ علیہ السلام ہیں نہ کہ حضرت داؤد علیہ السلام۔اپنے پیغمبر کی کوئی نشانی انہوں نے کیوں نہیں لگائی۔ یہود دراصل حضرت داؤد اور حضرت سلیمان علیہم السلام کو پیغمبر مانتے ہی نہیں بلکہ ان کے نزدیک وہ جادوگر اور کاہن تھے۔ نعوذ با للہ من ذٰلک۔ یہ چھ کونوں والا ستارہ دراصل اپنی زمینی جہت سے نکل کر ماورائی جہتوں Cross Dimensional Sphere میں داخلہ کا ایک استعارہ ہے اور یہ اعلان ہے اس بات کا کہ یہود تمام دنیاوی اور غیر مرئی طاقتوں کا استعمال کرکے دنیا اور اس سے آگے بڑھ کر پوری کائنات پر قبضہ کارادہ رکھتے اور اپنی بادشاہت قائم کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے اپنے مقاصد کے حصول کے لیے دنیا بھر میں فساد برپا کیا ہوا ہے۔ عیسائی مذہب میںداخل ہوکر اس پاک و صاف دین مطہرہ کی ایسی شکل برباد کی کہ اللہ کی پناہ۔حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو اللہ کا بیٹا بنایا بلکہ اس کی خدائی میں شریک کردیا۔ پرانے مصری و یونانی دیومالائی دیوتاؤں سے ان کی مشابہت کی گئی ۔ مصر کے ایک آنکھ والے ہورس دیوتا سے ان کو تشبیہ دی گئی۔ اتوار یعنی سورج کے دن کو ان کے ماننے والوں کا مبارک دن قرار دیا۔ ٢٥ دسمبر کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش کا دن مقرر کیا جو کہ غلط ہے اور یہ دن یونانی دیوتاؤں سے کسی کی پیدائش کا دن ہے۔ اس دن کو کرسمس کے تہوار کے لیے مخصوص کردیا گیا۔ جبکہ خود بہت سے عیسائی فرقے دسمبر کی بجائے جنوری یا جون میں آپ علیہ السلام کا دن مناتے ہیں۔اور یہ سب کچھ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی بعثت کے صدیوں بعد ٣٢٥ء میں ان کے بڑوں کی کاؤنسل(Council of Nicaea) میں طے کیا گیا۔آج آپ کسی بھی عیسائی گرجا میں چلے جائیں تو وہاں آپ کو سورج کی تصویر ملے گی۔ ایک سب دیکھنے والی آنکھ بھی کسی دیوار یا کسی منقش چیز میں پیوست ہوئی نظر آئے گی۔یا ایک اہرام بمع ایک آنکھ کے موجود ہوگا اور پھر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جیسے یہود نے اپنی تورات کو تالمود سے تبدیل کر لیا اسی طرح انجیل مقدس کو بائبل کی شکل دے دی گئی اور خرافات سے بھر دیا گیا۔اللہ پاک نے قرآن کی حفاظت کا وعدہ فرمایا ہے تو اس میں تو وہ کوئی تصرف نہ کر سکے۔ تا آنکہ یہود کو دنیا کی سیادت سے محروم کرکے یہ قیادت مسلمانوں کے حوالے کر دی گئی۔
یہ تمام خفیہ سوسائیٹیاں شیطان کی خفیہ ایجنسیاں ہیں۔ ان ہی کے ذریعہ سے شیطان نے دنیا کے تمام ذخائر پر قبضہ کر رکھا ہوا ہے۔اطلاعات کی ترسیل اوران کی اشاعت کا نظام ان ہی کے ہاتھوں میں ہے۔ تمام دنیا کا میڈیا ان کے قبضہ میں ہے اور جو وہ چاہتے ہیں وہ عوام کے لیے منظر عام پر لایا جاتا ہے۔ جو وہ نہ چاہیں اس کی کسی کو کانوں کان خبر نہیں ہوتی اور یہ ساری اطلاعات خواہ زمین سے متعلق ہوں یا آسمانوں کے کونوں سے چھپ کر حاصل کی گئی ہوں سب ان کے قبضہ میں ہے۔ایلومیناٹی کا ادارہ ان اطلاعات کی رسائی کے دروازے کا چوکیدار ہے۔دنیا میں جتنے بھی انرجی اور قوت کے مراکز ہیں وہ سب ان کے ہاتھ میں ہیں۔اور ان ہی مراکز کے تحت وہ دنیا وی جہتوں سے نکل کر غیر مرئی اور کائناتی انرجی تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔اسی دنیاوی اور کائناتی انرجی کے مقاطع کو یا ایک دوسرے سے ملنے والی جگہوں کو ” وورٹیکس پوائنٹ ”Vortex Pointکہتے ہیں۔جس کی نشاندہی ایک کراسCross کے ذریعہ سے کی جاتی ہے۔کہا جاتا ہے کہ جب دو مختلف انرجی کی لہریں ایک دوسرے کو قطع کرتی ہیں تو انسان ان کے ذریعہ ایک نئی جہت میں داخل ہو جاتا ہے اور اس نئی جہت کو ڈبل کراس Double Cross یا آٹھ کونوں والے ستارے سے ظاہر کیا جاتا ہے۔
ہمیں قران مجید سے سات آسمانوں اور سات زمینوں کا پتہ چلتا ہے۔علماء نے یہ بتا یا ہے کہ کائنات سات مختلف جہتوں یعنی Dimensions پر مشتمل ہے۔ ہم انسان اپنی جہت میں رہتے ہیں اور دیگر مخلوقات مثلاً فرشتے اور جن ایک الگ جہت کے باشندے ہیں۔ ہم لوگ ایک دوسرے سے رابطہ کے لیے گفتگو الفاظ کے ذریعہ سے کر تے ہیں۔ لیکن ایلومیناٹی اور دیگر شیطانی گروہ اپنی جہت سے اگلی جہت والوں سے رابطے کے لیے اشکال اور اعداد کا استعمال کرتے ہیں۔اور اس علم کو مقدس علم جفر اور نمر کہتے ہیں۔ Neumerology and Sphere Geometry)) اس علم میں ہر عدد کا ایک مطلب ہو تا ہے۔ جیسے ١٠ کا ہندسہ۔ اس کا معنیٰ ہے الفا اور اومیگاAlpha and Omega۔ جس کا مطلب ہے ” خدا ” ۔ اسی طرح ١١ کے ہندسہ کا مطلب ہے ایک ایسی ہستی جو خدا سے بھی بڑی ہو (نعوذ باللہ)۔ اور ٩ جمع ١ جمع ١ کا مطلب ہوگا کہ اللہ کو پھلانگ کرکے ایک ایسی ہستی کی طرف بڑھا جائے جو اللہ سے زیادہ طاقتور ہو اور اسی سے مدد مانگی جائے جو اللہ سے بھی بڑا ہو۔ ( نعوذ باللہ من شرورہم)۔ اسی لیے تو آپ امریکہ میں جب کسی مشکل میں گرفتار ہو جاتے ہیں تو مدد کے لیے اللہ کو پکارنے کی بجائے ١١/ ٩ کو فون کرتے ہیں۔اب یہ دیکھیں کہ ١١/ ٩ کا مطلب یہ ہوا کہ
١۔ اللہ کو چیلنج کیا جائے اور شیطان کو خوش کیا جائے
٢۔ کعبہ کی تباہی کا اعادہ کیا جائے
٣۔ ایک نئے ورلڈ آرڈر کے آغاز کا اظہار کیا جائے
٤۔ دنیا میں ایک ایسے طاقت کے مرکز کو پیدا کیا جائے جو دوسری جہت یا Dimensions تک پہنچنے کا ذریعہ بن جائے۔
یہاں ایک منٹ کے لیے توقف کرلیں اور یہ سوچیں کہ ہم نے کعبہ کی تباہی کا اوپر ذکر کیوں کیا۔ہم جانتے ہیں کہ ١١ ستمبر کو ٹوین ٹاور(Twin Towers) کو تباہ کیا گیا۔ اگر آپ کے علم میں ہو کہ ٹوین ٹاور دو اونچی عمارتیں تھیں اور ان کے درمیان کھلی جگہ میں ایک کُرہ یاSphere بنا ہواتھا اور یہ کرہ ٢٤ گھنٹے میں ایک مرتبہ زمین کی طرح اپنے گرد گھومتا تھا۔اس علاقہ کو لوگ لنچ کے وقفہ میں بیٹھ کر کھانے پینے اور سستانے کے لیے استعمال کرتے تھے۔یہ دونوں ٹاور اس گیٹ کو ظاہر کرتے تھے جس کا پہلے ذکرکیا گیا تھا یعنی Cross Dimensional Entry Points ۔ اور اس کرہ کو ملا کر وہ ١ ٠ ١ کا ہندسہ بنا تے تھے۔ جو اللہ کی ذات سے بھی بڑی ایک ذات کی طرف اشارہ ہے۔مگر صفر کا یہ ہندسہ کعبہ سے کیسے مشابہت رکھتا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ ہر ایک جاندار کے اندر کچھ انرجی موجود ہوتی ہے جو ہم خارج بھی کر رہے ہوتے ہیں۔ اسی طرح زمین اور آسمانوں میں بھی انرجی ہے۔ زمین کی انرجی میں مقناطیسی انرجی ، کشش ثقل کی انرجی اور اسی طرح کی دیگر طاقتیں موجود ہیں۔ زمین کے مختلف علاقوں میں ان انرجی کی طاقت اور اثر مختلف ہے۔ اور حیران کن بات یہ ہے کہ زمین پر سب سے زیادہ انرجی رکھنی والی جگہ وہ ہے جہاں اللہ کا گھر خانہ کعبہ واقع ہے۔اور اس پر مزید حیرانگی اس بات کی ہے کہ زمین اور کائنات میں موجود مختلف انرجی کے پوائنٹ یعنیGeodatic, Magnetic , Cosmic انرجیوں کا ملاپ عین خانہ کعبہ کے اوپر ہے۔ یہاں یہ طاقتیں ایک دوسرے کو قطع کرتی ہیں۔گویا کہ یہ اللہ کا قائم کردہ کائناتی مرکز ہے۔Twin Tower حضرت سلیمان علیہ السلام کے داخلی دروازے کے ستون تھے۔ جب ١١ ستمبر کا حادثہ ہوا تو کعبہ کی تباہی کا مظاہرہ بھی ہوا اس کے ساتھ ہی شیطان کے پوجا کی ایک اور رسم یعنی انسانی جانوں کی قربانی پیش کرنے کا مظاہرہ بھی ہوا۔دو ہزار تین سو انسان اس حادثہ میں قربان ہوئے۔ Bohemian Groove والے بھی ہر سال خون بہا کر قربانی کا مظاہرہ کرتے ہیں یہ ان ہی شیطان کے پجاریوں کی طرف سے انسانی جانوں کی اصلی قربانی تھی جو ان کے معبود شیطان کو پیش کی گئی۔ہم صرف وہ جانتے ہیں جو ہمیں بتایا جا تا ہے۔ ہمیں اس حادثہ کی شکل کچھ اور کر کے دکھائی گئی اور نتیجتاً آفت بیچارے افغانیوں پر آئی۔
ان شیطانی گروہوں کا ایک اور عجیب فلسفہ یہ بھی ہے کہ حضرت آدم علیہ السلام کو تخلیق کرنے کے بعد ایک قہار اور نا انصاف خدا (نعوذ باللہ من ذٰلک) نے انہیں باغ عدن میں قید کر دیاتاکہ کہیں آدم خود اپنی صلاحیتوں کو بروئے کارلاکر خود خدا جیسی طاقت نہ حاصل کر لے۔انسان نے ہمت کی اور اپنی طاقت کو استعمال کرکے اللہ سے بغاوت کرنے پر آمادہ ہوگیا اور اس نے اللہ کے احکامات کو پامال کیااور یوں آدم نے انسانیت کو اللہ کی قید سے آزاد کرا دیا۔اس کا مطلب یہ ہوا کہ انسان یقیناً اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اللہ جیسی طاقت اور قدرت حاصل کر سکتا ہے اور اسی چیز کا اعادہ کرنے کے لیے شیطان کے یہ پجاری اکثر و بیشتر ایسی حرکتیں کرتے رہتے ہیں جس سے وہ اللہ کو چیلنج کرتے ہیں۔ ٹائی ٹینک Titanic جہاز بنا کر اس کے لیے یہ کہا کہ اگر اللہ کی مشیت بھی چاہے گی تو یہ جہاز نہیں ڈوب سکتا۔ کیا چیلنج تھا اللہ پاک کی شان میں، کیا گستاخی تھی جو انہوں نے کی اور پھر ہم جانتے ہیں کہ اللہ پاک طاقت اور قدرت رکھنے والے وحدہ لاشریک نے اس چیلنج کا کیا جواب دیا کہ وہ اپنے پہلے سفرمیںہی سمندروں کی تہوں میں جا بیٹھا۔ایک خلائی جہاز چیلنجر Challaenger بنا کر خلا میں اسی قسم کی واہیات باتوں کے ساتھ روانہ کیا تو اللہ قہار و جبار نے اس کے اتنے ٹکرے کر دئے کہ کون مالک ہے عیاں ہوگیا۔مگرباز تو یہ ابھی بھی نہیں آئے ہیں۔ آج بھی اللہ کی قدرت میں دخل اندازی اور اللہ کی قدرت اور تخلیق میں تبدیلی کی کوششیں جاری ہیں۔ قران مجید میں ان خبیث انسانوں کی طرف سے اللہ کی تخلیق کو تبدیل کرنے اور اس کی شکل بگاڑنے کی کوشش کرنے کا تذکرہ موجود ہے۔ اور شیطانی ایما پر یہ کام آج کا انسان جین میں تبدیلیGenetic Modification کے نام پر کر رہا ہے۔اپنی خواہش کے مطابق رنگ و روپ ، صورت و شکل ، عقل اور طاقت والے انسان کی تخلیق کی کوششوں میں مصروف ہے۔
جیسا کہ میں نے پہلے بیان کیا کہ ابلیس انسان سے زیادہ عمر والا اور تجربہ کار ہے۔ اس نے انسان کو تخلیق ہوتے ہوئے دیکھا ہے اور ہمیں احادیث مبارکہ سے پتہ چلتا ہے کہ جب انسان کا پُتلا بے جان پڑا ہوا تھا تو یہ خبیث اس وقت بھی اس پُتلے کی تحقیر کر تا تھا۔ جسم کے نچلے حصے سے داخل ہو کر منہ سے نکل آتا تو کبھی منہ میں داخل ہوکر نچلے حصے سے باہر آتا۔ٹھٹا کرتا وغیرہ وغیرہ۔اس کو ہماری کمزوریوں کا بھی علم ہے اور ہماری طاقت اور مضبوطی کا بھی۔اسے علم ہے کہ ہماری کن چیزوں کو چھیڑ کر وہ ہمیںغلط کاموں پر اکسا سکتا ہے اور ہماری کون سی چیزیں ایسی ہیں جن سے ہمیں غافل کردے تو ہم اپنی طاقتوں کا استعمال نہیں کر سکتے۔ اللہ جل شانہ نے انسانی جسم کو اچھائی اور برائی دونوں کے حصول کے قابل بنا یا ہے۔شیطان کو علم ہے کہ ہمارے سفلی جذبات کہاں بھڑکتے ہیں اور روحانی بالیدگی کہاں سے حاصل ہوتی ہے۔ہماری انہی کمزوریوں کو چھیڑتا ہے اور ہمیں اپنا گرویدہ بنائے رکھنا چاہتا ہے تاکہ ہم لذت اور آرام کے حصول کی خاطر اس کے غلام بنے رہیںاور وہ ہمیں بھٹکاتا ہوا وہاں تک لے جائے جہاں جا کر وہ اللہ کی بارگاہ میںیہ کہہ سکے کہ اے مالک میں نے کہا تھا کہ یہ اس قابل نہیں ہے کہ تیری نیابت کرسکے۔
آئیے اب ہم اپنے جسم پر ایک نظر ڈالیں اور دیکھیں کہ شیطان ہم پر قابو پانے کے لیے ہم پر کہاں کہاں حملے کرتا ہے۔
( الف )جسم کے سب سے نچلے دھڑ پر حملہ یعنی جنسی حملہ۔ جنسی جذبہ اللہ نے انسان کی افزائش نسل کے لیے رکھا ہے اور اس میں مزہ انسان کو اس کی طرف راغب کرنے کے لیے عطا کیا ہے۔ اس میں لذت بھی ہے اور تخلیق کی کارروائی میں حصہ لینے کا خوش آئند احساس بھی۔ یہ ایک بڑا ہی شدید اور انتہائی طاقت ور جذبہ ہے۔ اگر یہ جذبہ اللہ کے احکامات کے مطابق نکاح کے قیود میں رہے تو کنٹرول میں بھی رہتا ہے اور اللہ کی طرف سے انعام اور روح کی بالیدگی کابھی ذ ریعہ بن جاتا ہے۔ اور پھر یہ کہ انسانی معاشرے کے نقوش بھی اسی سے خوبصورت اور خوشنما ہوتے ہیں۔ مگر اسی جذبے کے غلط استعمال سے انسان راندہ درگاہ ہو جاتا ہے اور ابلیس کو اس کی خواہش کے مطابق اس کا ہدف مل جاتا ہے۔ اسی کو غلط استعمال میں لانے کے لیے اس مردود نے ہیجان انگیزاور عریاں اشتہارات ، فلمیں ، ناچ گانے، ڈرامے رنگین ٹالک شوز وغیرہ ایجاد کروادئیے ہیں تاکہ انسان کو پٹری سے اتارے اورنکاح کا مقدس بندھن آزاد جنس پروری میں بدلے اور یہ اپنا مقصد حاصل کرے۔
( ب )جسم کے درمیانی حصے یعنی پیٹ پر حملہ۔اللہ پاک کا حکم ہے کہ حلال اور پاک چیزیں کھاؤاور حرام سے اجتناب کرو۔ اللہ نے ہر دور میں حلال اور حرام میںامتیاز قائم رکھا ہے اور واضح ہدایات دی ہیں۔ حلال کھانا حلال ذرائع سے کمایا ہوا حلال مال عطا کر تا ہے۔ یہ جسمانی ترقی ، روحانی بالیدگی اور معاشرتی حسن پیدا کرتا ہے۔ ابلیس نے پہلے تو حرام مال کمانے پر لگا یا اور پھر پیزا ، میکڈونلڈ ، ہارڈیز ، کے ایف سی اور دیگر نشہ آور اور نقصان دہ چیزوں کی طرف راغب کردیا۔ اور ان کے حصول کے لیے حیلوں بہانوں سے لالچ دلائی کہ وہ رشوت، حرام خوری وغیرہ سے ان کو حاصل کرے۔
( ج )جسم کے اہم حصے دل پر حملہ۔ ہمارا دل حق کی آماجگاہ ہے۔ حق جو عدل ہے ، محبت ہے ، عقل ہے ، عزت ہے اور انسان کی بلندگی اور شرف کی علامت ہے۔آج کے دور میں ہم ان تمام چیزوں سے مکمل طور پر عاری ہوگئے ہیں۔ہم ترقی کی دوڑ میں ایسے بگٹٹ بھاگے جارہے ہیں کہ دوسروں کا دل توڑنا ، دوسروں کی عزتوں کو پامال کرنا ، کوئی مشکل نہیں۔ صرف اپنا فائدہ سب سے اہم ہے۔ اس لیے کہ ابلیس کے نظام میں ہمیں یہ سکھایا گیا ہے کہ آپ بھلا توجگ بھلا۔ محبت ، رواداری ، نرمی ، اخلاص ، اکرام ، ذاتی اغراض سے بالا ہوکر دوسرے کے لیے کچھ کر دینا اب اس معاشرے میں مشکل ہوتا جارہا ہے۔اس کے ساتھ ہی ہماری آنکھیں حق کو دیکھنے سے عاری ہوتی جارہیں۔ہم اللہ کے بتائے ہوئے اصول معاشرت سے دور ہوتے جارہے ہیں پتھر دل ہوتے جارہے ہیں۔
( د )جسم کے بالائی حصہ حلق پر حملہ۔ ہمارا حلق جو ہمیں ایک دوسرے سے رابطہ کرنے اور اپنی بات دوسروں تک پہنچانے کا ذمہ دار ہے ابلیس اس کو خاموش کرانا چاہتا ہے۔ ہزاروں برسوں سے ہم اپنی محبت ، شفقت ، نفرت ، غصہ سب کا اظہار اپنی زبان اور حلق سے کرتے چلے آئے ہیںمگر آج کے ابلیسی نظام کے تحت حلق کا استعمال کم سے کم ہوتا جارہا ہے۔ آج ہم اپنے جذبات دوسروں تک پہنچانے کے لیے انٹر نیٹ کا سہارا لیتے ہیں ، ایس ایم ایس کرتے ہیں ، کسی سے جذبات کا اظہار کرنے کے لیے اس کے نام ایک گانا نشر کرا دیتے ہیں یا پھر پھول اور کارڈ بھیج دیتے ہیں۔یوں ہم آہستہ آہستہ اپنے ہی خول میں بند ہوتے جارہے ہیں۔ دوسروں سے سروکار رکھنے کا سلسلہ ختم ہورہا ہے۔ خاموش رہو خوش رہو۔ اپنے خول میں بند ہوجانے اور اپنے ارد گرد کے حالات سے غیر دلچسپی شیطان کے اپنے حق میں بہت بہتر ہے۔ انسانیت کمزور پڑتی ہے اور متحدہ محاذ نہیں ملتا۔
( ذ ) تخلیق کے شاہکار دماغ پر حملہ۔ انسانی دماغ جو سوچ ، فکر ، عمل اور اختیارات کا منبع ہے اس پر حملہ کرکے ابلیس نے اس کو پراگندہ کر دیا ہے۔ وہ دماغ جو اپنی فطری صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے خود اپنے اور اپنے خالق کے درمیان رابطے اور سمجھنے کا ایک آلہ ہے اس کو ایسا بے کار اور پراگندہ کر دیا ہے کہ اب یہ دماغ صرف وہ سنتا ہے جو میڈیا سناتا ہے ، وہ دیکھتا ہے جو میڈیا دکھا تا ہے، وہ جانتا ہے جو میڈیا سمجھاتا ہے۔اس کی اپنی ذاتی سوچ اور فکر کی صلاحیتیں معدوم ہو گئی ہیں نتیجہ کے طور پر قوت فیصلہ اور قوت ارادی بھی کمزور پڑ گئی ہے۔اللہ سے رشتہ کاٹ کر یہ سمجھایا جارہا ہے کہ دنیا میں نفرت ، قتل و غارت گری، بدامنی اور پراگندگی صرف مذہب کی وجہ سے ہے۔ مذہب نفرت کرنا سکھاتا ہے اور مخالفین کو مٹا دینے کا سبق دیتا ہے۔اس لیے دنیا کو ایک ایسی اکائی میں تبدیل کردیا جائے جس میں مذہب کا کوئی عمل دخل نہ ہواور اسی کی بنیاد پر معاشرہ قائم کیا جائے۔ پھر ہر طرف امن و سکون ہوگا، چین و اطمینان ہوگااور ہر انسان خوب ترقی کرے گا۔ہر ایک کو شخصی آزادی ہو جس کا جو دل چاہے کرے۔ یہی سوچ اور یہی تربیت آج کل دی جارہی ہے اور دماغ کو اس پر راضی کیا جا رہا ہے۔ اس بات سے توجہ مکمل طور سے ہٹا لی گئی ہے کہ مذہب انسان کو قوانین و ضوابط کا پابند کرتا ہے اور ایک ایسی زندگی کی طرف رہنمائی کرتا ہے جہاں برابری ہو اور بہتر مستقبل اللہ کی حاکمیت اور اس کے بتائے ہوئے راستوں کے ذریعہ حاصل ہو۔آج کے اس دجالی سوچ کے زیر اثر تاریخ انسانی کے بہترین دور یعنی دور خلافت راشدہ کی کوئی بات نہیں کرتاجہاں امن بھی تھا بھائی چارہ بھی تھا، سکون بھی تھا اور انصاف بھی تھا۔ جان و مال عزت و آبرو کی حفاظت بھی ہوتی تھی۔ ہر کوئی برابر تھا چوری رہزنی بھی نہیں تھی، تجارت آزاد اور شفاف تھی۔ یہ ہمیں آج سکھا رہے ہیں اور سمجھا رہے ہیں کہ تاریخ انسانی کا زریں دور رومیوں یونانیوں کی حکومتوں میں تھا۔ وہ ہمیں روسی سوشلزم کے طریقہ کار کو سمجھا رہے ہیں برطانیہ کی جمہوریت کا سبق دے رہے ہیں اورامریکی صدارتی نظام حکومت پر انگشت بدنداں کررہے ہیں۔ مگر جو ہر لحاظ سے بہترین دور انسانی حکومت تھا اس کا کوئی تذکرہ کیوں نہیں ہوتا۔اس لیے کہ انہیں معلوم ہے کہ خلافت راشدہ کا نظام جس دم قائم ہوگیا شیطان کا پھیلا یا ہوا سودی نظام دھڑام سے زمین بوس ہو جائے گا۔
( ر )روح پر حملہ۔ ہماری روح کا اس دنیا سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ امر ربی ہے خواہ مسلمان کی ہو یا کافر کی۔ انسانی تخلیق کی انتہا اسی روح کا افضل ترین درجہ پر پہنچ جانا ہے۔ روح کا یہی عروج انسان کو اللہ کا نائب بن جانے کے درجہ کا حق دار بنا دیتا ہے۔یہ اسی وقت ممکن ہے جب اللہ اور اس کے برحق رسولوں کی لائی ہوئی شریعت اور تعلیمات پر عمل در آمد ہو۔ اللہ کی نازل کی ہوئی کتابوں سے ہدایت اور روشنی حاصل کرکے اپنی زندگیوںکو ان ہی اصولوں پر استوار کر لیا جائے اور یہی کام ابلیس نے ہونے نہ دیا۔ اس نے سب سے پہلے اللہ کی کتابوں کو غائب کرا دیا اور اس کی جگہ لوگوں سے دوسری کتابیں لکھوادیں تاکہ اللہ کے احکامات سے انحراف ہو جائے اور انسانیت اپنے راستے سے بھٹک جائے۔ نہ ہدایت ہو ، نہ روشنی ہو ، نہ راستہ نظر آئے نہ کوئی سیدھے راستے پر چلے۔ یہی اس کا مطمح نظر تھا۔ انسانی روح کو نیچے گرانے کا ایک اور ذریعہ ذکر سے دوری ہے۔آج ہماری کتاب ہدایت اپنی اصل حالت میں اللہ کے حکم سے موجود ہے۔ الحمد للہ۔ ابلیس اس کو تبدیل کرنے میں ناکام رہا تو اس نے دوسری چال چلی اور ہمیں ایسا بھٹکا یا کہ کتاب کی موجودگی کے باوجود ہم نہ اس کو کھول کر پڑھیں نہ سمجھیں نہ ہدایت پائیں۔ نہ فکر کریں نہ ذکر کریں۔ ہم لوگوں نے فکر اور ذکر کو یکسر بھلا دیا ہے۔ اس کی یہ خوبی ہے کہ یہ انسان کو اللہ کے نزدیک کردیتا ہے، سوچ کے اوپر قابو پانا سکھاتا ہے ، اُن معاملات کی سمجھ بوجھ عطا کرتا ہے جو سرسری طور پر سمجھ میں نہ آتے ہوں، انسانی ذات میں نکھار پیدا کرتا ہے اور اپنے اور اللہ تعالیٰ کے درمیان تعلق کو واضح کرتا ہے۔ مسلمانوں کی تاریخ میں ہر بڑے آدمی نے ذکر و فکر وغیرہ کے عمل کے ذریعہ بلندی حاصل کی۔ مگر ہم نے ان اعمال کو فضول سمجھ کر ان سے پیچھا چھڑا لیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے اسم مبارک کو زبان کی تسبیح بنالینے اور سوچ کا محور کرلینے سے روح میں بالیدگی پیدا ہوتی ہے۔
اختتامیہ۔
ہم نے اوپر جن خفیہ تنظیموں کا تذکرہ کیا ہے اور ان کے لائحہ عمل کو بیان کیا ہے وہ یقیناً مکمل نہیں ہے۔ نہ تو تمام تنظیموں کا احاطہ کیا جا سکا ہے اور نہ ہی ان کی خفیہ چالوں کو کما حقہ بیان کیا جا سکا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جو کچھ قرآن پاک کے حوالے سے بتایا گیا ہے نہ وہ مکمل ہے۔ قرآن پاک میں اس سے زیادہ بھی چیزیں موجود ہیں جو مجھ جیسے ناچیز کی سمجھ اور پہنچ سے دور ہیں۔ ہمارا اس مضمون کو لکھنے کا مقصد صرف یہ تھا کہ مسلمانوں کو یہ بآور کرایا جائے کہ ہمارے دشمن کا ٹارگٹ اور اس کا مقصد اس کے ذہن میں بالکل واضح ہے اور اس کو حاصل کرنے کے لیے وہ اس وقت سے کوشاں ہے جب حضرت آدم و حوا علیہم السلام ابھی جنت میں ہی تھے بلکہ حضرت حوا کی بھی تخلیق ابھی نہیں ہوئی تھی۔آج وہ اپنی چالوں میں کامیاب ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ وہ اور اس کے گرگے اپنا آخری ترپ کا پتہ کھیلنے کے لیے بالکل تیار بیٹھے ہیں۔ابلیس کے شاہکار ترین تخلیق یعنی مسیح الدجال کی آمد کا راستہ تقریباً تیار ہے۔انسانی سوچ کو اس نے اس ڈگر پر ڈال دیا ہے جہاں ہم یہ سوچ رہے ہیں کہ ہم لوگ از خود کچھ نہیں کر سکتے۔ ہمارا عمل مفلوج ہو گیا ہے۔ اس نے ہمیں اس بات پر ذہنی طور پر راضی کر لیا ہے کہ موجودہ ابلیسی نظام معیشت ، معاشرت اور حکومت سب سے بہتر ہے اور اسے ہی رائج ہونا چاہئے۔ ہم نے اس بات کو یکسر اپنے ذہن سے نکال دیاہے کہ ہمیں بھی فکر اور سوچ کی طاقتیں حاصل ہیں۔ان کو استعمال کرکے ہم اپنے لیے راستہ نکالنے کی بجائے اس کے بتائے ہوئے راستے پر بگٹٹ دوڑے جارہے ہیں۔ آنکھیں بند ہیں ، احساس منجمد ہیں ، فکر محدود ہے اور انجام سے ہم بے خوف ہیں۔
ابھی بھی وقت ہاتھ سے نہیں گیا ہے۔ آج بھی ہم جاگ جائیں اور وہ مرد مومن بن جائیں جس کی طرف اقبال نے اشارہ کیا تھا تو حالات بدل سکتے ہیں۔ اپنی خودی اور خودداری کو واپس لے آئیں۔ اللہ سے مدد مانگیں۔ اپنی اصلاح کر لیں اور اللہ کے علاوہ کسی سے نہ ڈریں۔ اگر ہماری روح دجالی فریب سے آزاد ہوجائے تو ہم بھی قرآن اور سنت رسول ﷺ سے اسی طرح استفادہ کر سکتے ہیں جیسے صحابہ کرام نے کیا تھا۔ ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ ہماری یہ زندگی بالکل عارضی ہے۔ یہاں حق کی خاطر دکھ اور تکلیف جھیلنا اور اللہ کی راہ میں اس کے کلمہ حق کی سر بلندگی میں پیش آنے والی تکلیفیں ہی آخرت کی زندگی میں آسائشیں اور آسودگی ، بلند درجات اور جنت کی راحت اور آرام کی ضامن ہیں۔ یاد رہے جب یہاں کی عارضی زندگی ختم ہوگی وہاں کی ہمیشہ قائم رہنے والی زندگی کا آغاز ہو جائے گا۔
یہ مضمون جریدہ "الواقۃ” کراچی کے پہلے شمارہ، -2012 اپریل،- سے ماخوذ ہے۔
ہم قرآن کریم کا مطالعہ کیوں کریں ؟
الواقعۃ شمارہ #1
محمد تنزیل الصدیقی الحسینی
ہم قرآن کریم کا مطالعہ کیوں کریں ؟
الحمد للّٰہ ربّ العالمین ، والصلوٰة والسلام علی سیّد المرسلین ، و علی آلِہ و اصحابہ اجمعین ، و العاقبة للمتقین ۔اما بعد !
اس گلشنِ رنگ وبو میں لا تعداد اصحاب قلم و قرطاس نے اپنے علمی خزینوں کو کتابی شکل میں مدون کیا ۔ سطحِ ارضی کے ہر خطے اور خطے کی ہر ہر زبان میں بے شمار کتابیں لکھی گئیں ، جنہیں حیطۂ شمار میں نہیں لایا جاسکتا ۔ ان بے شمار کتابوں کی موجودگی میں آخر صرف قرآن ہی وہ کتاب کیوں ہے جس کا پڑھنا اور سمجھنا اور پھر سمجھ کر عمل کرنا ہر فردِ نوع انسانی پر لازم قرار پائے ؟
ہم قرآنِ کریم کا مطالعہ کیوں کریں ؟ یہ ایک ایسا فطری سوال
ہے جس کا جواب علمِ عقلی اورفطرتِ طبعی کے مطابق مطلوب ہے ۔
ہے جس کا جواب علمِ عقلی اورفطرتِ طبعی کے مطابق مطلوب ہے ۔
دنیا میں یقینا بے شمار کتابیں لکھی گئیں لیکن وہ تمام کتابیں مختلف علم و فن پر مشتمل تھیں ۔ یہ کتابیں طبقۂ انسانی کے کسی خاص طبقے کے لیے لکھی گئیں جو انسان کے مختلف علمی ، فکری، اور طبعی خصائص سے تعرض کرتی ہیں ۔ مذہب ، فلسفہ ، تاریخ ، جغرافیہ ، نجوم ، فلکیات ، سوانح ، معاشیات ، عمرانیات ، سیاسیات وغیرہا پہلوئوں میں سے کسی پہلو یا چند پہلوئوں کا احاطہ کرتی ہیں لیکن قرآنِ کریم دنیا کی واحد کتاب ہے جو انسانیت کی کتاب ہے ۔ ایسی کتاب ہے جو ہر فردِ نوع انسان کے لیے لکھی گئی ہے ۔ دنیا میں ایسی کوئی دوسری کتاب ہی نہیں جس نے انسانیت کی کتاب ہونے کا دعویٰ کیا ہو سوائے قرآنِ کریم کے ۔ جو ( یا ایھا الناس ) کہہ کر ہر فردِ نوع انسانی کو مخاطب کرتی ہے تاہم ( یا ایھا الذین اٰمنوا ) کہہ کر اپنے احکام صادر کرتی ہے ۔
مذہب اور عقیدہ انسان کی فطری ضرورت ہے ۔ ایسا کوئی انسان نہیں جو کسی مذہب کا پابند اور کسی مخصوص عقیدے کا حامل نہ ہو ۔ حتیٰ کہ جو لوگ کسی مذہب کو نہیں مانتے اور کسی مبود کی عبادت نہیں کرتے غور کرو تو ان کا کسی مذہب کو نہ ماننا اور کسی معبود کی بارگاہ میں جبینِ نیاز کا نہ جھکانا بھی ایک عقیدہ اور مذہب ہی ہے ۔
دنیا کے تمام وابستگانِ مذاہب اپنی اپنی کتابوں کو وہی درجہ دیتے ہیں جو مسلمان قرآنِ کریم کو ۔ یسوع مسیح کو نجات دہندہ سمجھنے والا ایک عیسائی ، پتھروں کے تراشیدہ صنم کدے میں سر جھکانے والا ایک ہندو ، نسلِ داود سے ظہور پانے والے نجات دہندہ کا منتظر ایک یہودی ، آتشی شراروں کو مقام تقدیس پر فائز کرنے والا ایک آتش پرست ، نروان کی تلاش میں سرگرداں ایک بُدھ اور حضرت لا-زو کی تعلیمات کی روشنی میں اپنی زندگی گزارنے والا مذہبِ تائو کا ایک پیروکار یہ کہنے میں حق بجانب ہے کہ نسلِ انسانی سے تعلق رکھنے والا فرد قرآنِ کریم ہی کیوں پڑھے ؟ اس کے لیے لازم ہے کہ وہ عہدِ نامۂ جدید ، وید ، بھوت گیتا ، عہدنامۂ قدیم ، اوستا، تری پتاکا ، تا-تے -کنگ کا مطالعہ کیوں نہ کرے ؟ یہ تمام کتابیں ہر وابستگانِ مذہب کے لیے ایسی ہی مقدس اور الہامی ہیں جیسی مسلمانوں کے لیے قرآنِ کریم ۔
لیکن اگر دنیا میں مذاہب سے وابستہ ان الہامی کتابوں کا مطالعہ ضروری ہی قرار پائے تب بھی صرف قرآنِ کریم ہی وہ واحد معجزاتی کتاب ہے جس کا مطالعہ لازمی ہے ۔ بایں وجہ کہ ان تمام مقدس کتابوں میں یہ کہیں نہیں لکھا کہ یہ انسانیت کے لیے نازل کی گئی ہے ۔ پھر ان الہامی کتابوں کے واقعی الہامی ہونے کی بنا پر ان کے مطالعہ و عمل کو لازم قرار دینے کے لیے بھی چند فطری شرائط کا ہونا ضروری ہے ۔ مثلاً
(١) کتاب جس زبان میں نازل ہوئی اسی زبان اور اسی حالت میں موجود بھی ہو تاکہ استناد برقرار رہے ۔
(٢) جس زبان میں کتاب نازل ہوئی وہ زبان بھی محفوظ ہو ، اس کی گرامر ( صرف و نحو ) اور اس کا ادب ( نثر و نظم ) بھی زندہ ہو تاکہ الہامی کتاب کی ابدیت ثابت ہوسکے ۔
(٣)کتاب جس پر نازل ہوئی خود اس کی شخصیت بھی اپنی تاریخیت اور کاملیت میں پوری اترتی ہو تاکہ الہامی تعلیمات کا ایک الہامی نمونۂ عمل بھی موجود ہو ۔
آئیے اب اس پیمانے پر سطح ارضی پر موجود الہامی کتابوں کا جائزہ لیں:
عہد نامہ جدید
ہم دیکھتے ہیں کہ” عہد نامہ جدید ” (انجیلِ مقدس ) جسے دنیا میں بسنے والے تقریباً ڈیڑھ ارب عیسائی اپنا دستور العمل مانتے ہیں ، وہ ان فطری شرائطِ ثلاثہ پر پوری نہیں اترتی ۔
(١) عہد نامہ جدید ( انجیلِ مقدس ) اصلاً عبرانی زبان میں نازل ہوئی لیکن عبرانی زبان میں نازل کردہ وہ اصلی عہد نامہ جدید ( انجیلِ مقدس ) آج موجود نہیں ، جس نے اس کتاب کی استنادی حیثیت کو سخت مجروح کردیا ہے ۔ پھر دنیائے عیسائیت نے جن اناجیلِ اربعہ کو مستند مانا ہے ان میں بھی باہم تناقض و تعارض موجود ہے ۔
(٢) خود عبرانی زبان تاریخ و معاشرت کے سفینوں میں کہیں گمشدہ ہوگئی ۔ عبرانی شعر و ادب کے کتنے نمونے ہیں جو آج پیش کیے جاسکتے ہیں ۔ اس زبان کا گمشدہ ہوجانا ہی اس کی ابدیت کو متاثر کرتا ہے ۔
(٣) یہ مقدس کتاب سیّدنا عیسیٰ علیہ السلام پر نازل ہوئی ۔ جن کے ابتدائی ٣٠ برس غیر معلوم ہیں ۔ چند برسوں کی داستان ہے جو اپنی تاریخیت کو پیش کرنے سے قاصر ہے ۔
وید
وید چار کتابوں ( رگ ، یجر ، سام اور اتھرو ) پر مشتمل ہے ۔ ہندو مذہب کے ایک محقق کے لیے یہ کارِ سخت دارد ہے کہ وہ یہ ثابت کرسکے کہ یہ کتابیں کس زمانے میں نازل ہوئیں ؟ ان کی اصل زبان کیا تھی ؟ اور جن پر ان کا نزول ہوا وہ شخصیتیں کون ہیں ؟ گو آج وید کو دنیا کی قدیم ترین کتاب مانا جاتا ہے لیکن اس قدیم کتاب کے مالہ و ما علیہ کو بتانے سے محققین قاصر ہیں ۔
(١) وید کی یہ چاروں کتابیں اپنی اصل شکل میں موجود نہیں ۔ کہا جاتا ہے کہ یہ سنسکرت میں نازل ہوئیں ۔ لیکن ان کا اصل اور مکمل متن کہاں ہے ؟ معلوم نہیں ۔
(٢) ہم مان لیتے ہیں کہ سنسکرت ہی ان مقدس الہامی کتابوں کی زبان ہے ۔ لیکن خود یہ زبان آج کہاں ہے ؟ اس زبان کی علمیت اور اس کی ابدیت دونوں ہی مجروح ہوچکی ہیں ۔
(٣) ان کتابوں کے ملہمین ہیں اگنی ، وایو ، آدتیہ اور انگرہ ۔ مگر یہ کون ہیں ؟ اس سوال پر پردئہ خفا کی دبیز چادر چڑھی ہوئی ہے ۔
افسوس ہندو دھرم کی سب سے مقدس کتاب بھی ہر فرد نوعِ انسانی کے لیے لازمِ مطالعہ قرار نہیں پاتی ۔
شریمد بھگوت گیتا
ہندو مذہب کی یہ دوسری مقدس کتاب ہے ۔
(١) تاہم یہ کتاب بھی اپنی اصل شکل اور کامل حالت میں کہیں موجود نہیں۔
(٢) یہ کتاب بھی سنسکرت زبان میں تھی جس کا حال گزشتہ سطور میں بیان ہوچکا ہے ۔
(٣) یہ کتاب نازل ہوئی سر کرشن جی مہاراج پر جنہیں بقول ہندو دھرم اللہ نے بادشاہت و نبوت دونوں عطا کیں ۔ لیکن گیتا میں انہوں نے کسی نئی شریعت کو پیش نہیں کیا ۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی ویدانک تعلیمات کی روشنی میں گزاری ۔ گیتا میں ایک طرح سے فلسفۂ مذہب کا بیان ہے ۔ خود سر کرشن جی مہاراج کی زندگی ، ان کا زمانۂ حیات اور ان کے کارہائے نمایاں بھی کسی مستند ذریعۂ معلومات سے حاصل نہیں ہوتے ۔
عہد نامۂ قدیم
عہد نامۂ قدیم حضرت موسیٰ علیہ السلام اور دیگر انبیائے بنی اسرائیل کے صحائفِ مذہبی پر مشتمل ہے ۔ جن میں دو مستقل کتابیں توریت و زبور اور متعدد صحیفے شامل ہیں ۔ یہ کتابیں یہودیوں کا دستور العمل اور عیسائیوں کے لیے مقدس اور قابلِ احترام ہیں ۔
(١) یہ کتابیں نازل ہوئیں عبرانی زبان میں ۔ ان کا اصل اور مکمل متن آج نہیں ملتا۔ عہد نامہ قدیم کے جو مختلف نسخے ملتے ہیں ان میں باہم بے شمار تناقضات ہیں ۔ جن کی تطبیق کسی محقق کے بَس کا روگ نہیں ۔
(٢) خود عبرانی زبان میں آج بیشمار تبدیلیاں ہوچکی ہیں اور اس زبان کی زندگی کا تسلسل بھی پیش نہیں کیا جاسکتا۔
(٣) توریت نازل ہوئی سیّدنا موسیٰ علیہ السلام پر اور زبور سیّدنا داود علیہ السلام کے مقدس سینے پر الہام کی گئی ۔ اس کے علاوہ سیّدنا یونس علیہ السلام ، سیّدنا دانیال علیہ السلام ، سیّد نا سلیمان علیہ السلام ، سیّدنا زکریا علیہ السلام ، سیّدنا ایوب علیہ السلام ، حضرت حبقوق وغیرہم کے صحائف بھی اس میں شامل ہیں ۔ ان میں سب سے روشن شخصیت سیّدناموسیٰ علیہ السلام کی ہے ۔ اس میں کچھ شبہ بھی نہیں کہ سیّدنا محمد رسول اﷲ ۖ کے بعد اگر کسی مذہبی رہنما کی زندگی کی تفصیلات سب سے زیادہ ملتی ہیں تو وہ جناب موسیٰ علیہ السلام کی ذات گرامی ہے ۔ تاہم ان کی زندگی کے بھی بہت سے پہلو تشنۂ تحقیق ہیں ۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ ان کے زمانۂ حیات کا درس تعیین نہیں ہوتا ۔ ہم کہہ سکتے ہیں کہ ان کی زندگی کے خدو خال تو ملتے ہیں مگر ان خدو خال کے جزئیات کی تفصیلات نہیں ملتیں ۔ مثلاً انہوں نے شادی کی مگر ان کی ازدواجی زندگی کیسی گزری ؟ ہم نہیں جانتے ۔ وہ صاحبِ اولاد تھے مگر ان کے کتنے بچے تھے اور وہ کیسے باپ تھے ؟ ہم نہیں جانتے ۔ ان کی تعلیمات نے اس عہد کے متعدد افرادِ انسانی پر اپنا اثر ڈالا مگر ان کے کتنے عالی قدر اصحاب تھے جنہیں ہم مقرب خاص کہہ سکیں ؟ ہم نہیں جانتے ۔ وہ اپنی قوم کے رہبر و رہنما تھے مگر انہوں نے قوم کی معاشرت کے لیے کیا کیا اصلاحات کیں ؟ ہم نہیں جانتے ۔ وہ کیسے حکمراں تھے تاریخ کسی مطمئن جواب تک نہیں پہنچاتی ۔
پھر بقیہ مقدس شخصیات کی زندگیاں تو اس سے بھی کہیں زیادہ مستور الحال ہیں ۔ عہد نامہ قدیم کے اصل متن کی گمشدگی ، موجودہ نسخوں کا باہمی تعارض ، اس کے ملہمین کی تاریخیت کی تشکیک ۔ الغرض یہ وہ پہلو ہیں جو اسے ہر فردِ نوعِ انسانی کے لیے ناگزیر مطالعہ نہیں رہنے دیتے ۔
اوستا
آتش پرست پارسیوں کی اصل کتاب ” پاژند ” ہے جس کے ملاحظے کی نعمت سے آج ہم محروم ہیں ۔ پارسیوں کی موجودہ مقدس کتاب ” اوستا ” ہے ۔ یہ کتاب پانچ حصوں پر مشتمل ہے ۔ اس میں پہلی کتاب ” یسنا ” کا وہ حصہ جو ” گا تھا ” کے نام سے موسوم ہے زردشت کے اقوال و الہامات پر مشتمل ہے اور صرف اسی حصے کو صحیح معنوں میں الہامی مانا جاسکتا ہے کیونکہ باقی حصوں میں زردشت کی سوانح اور دیگر امور پر بحث کی گئی ہے ۔
(٢/١)سب سے پہلے تو یہی سوال اٹھتا ہے کہ ” پاژند ” کہاں ہے ؟ پھر ” اَوَستا ” کا اصل نسخہ کہاں ہے ؟ اس کا اصل الہامی متن کتنا ہے اور کس جگہ محفوظ ہے ؟ اس کی اصل زبان کیا تھی یہی معلوم نہیں ۔ ایسے میں اس زبان کے دائمی ہونے کا سوال ہی رائیگاں جاتا ہے ۔
(٣) یہ کتاب زردشت پر نازل ہوئی ۔ زردشت کی زندگی پر تاریکی کا پردہ ہے ۔ یہی فیصلہ نہیں ہوسکتا کہ ان کا زمانۂ حیات کیا ہے ۔ ایک سے زائد آراء اس پر موجود ہیں ۔ ان کی جدوجہدِ حیات اور اس کے اثرات و نتائج پر تیقن سے کچھ نہیں کہا جا سکتا ۔
پھر آج یہ مذہب الشاذ کالمعدوم کا مصداق بنتا جا رہا ہے ۔ دم توڑتی چراغ کی روشنی سے دنیا کے اُجالے کی توقع ہی فضول ہے ۔
تری پتاکا
یہ بدھ مذہب سے وابستگانِ عقیدت کی مقدس کتاب ہے ، لیکن جس طرح سری کرشن جی مہاراج نے گیتا میں کوئی نئی شریعت پیش نہیں کی اسی طرح مہاتما گوتم بدھ نے بھی کسی نئی شریعت کو پیش نہیں کیا چند امور کو چھوڑ کر وہی تعلیمات پیش کرتے ہیں جو ویدک دھرم کا خاصۂ امتیاز ہیں ۔
(٢/١)” تری پتاکا ” بدھ مذہب کے حاملین کی مقدس کتاب ضرور ہے لیکن یہ کتاب گوتم بدھ کی زندگی میں مدوّن نہیں ہوئی تھی بلکہ اس کی تدوین اس وقت ہوئی جب گوتم بدھ کے بعد ان کی جماعت تشتت و افتراق کا شکار ہورہی تھی ایسے میں ان کے باقی ماندہ عالی مرتبت خلفاء نے بدھ کی الہامی تعلیمات کو اپنے اپنے حافظوں کی مدد سے مرتب کیا ۔اس کے بعد تو اس کتاب کے خالص الہامی ہونے کا دعویٰ بھی کامل نہیں رہتا ۔ پھر اس میں جو تعلیمات ہیں وہ زیادہ تر انسان کی اخلاقیات سے تعرض کرتی ہیں ۔
(٣) مہاتما گوتم بدھ کے زمانۂ حیات کا تعیین بھی ہوجاتا ہے اور ان کی زندگی کے خدو خال بھی کسی قدر مل جاتے ہیں مگر ان کی کتاب خود ان کے ہاتھوں سے نہیں ملتی ۔
بایں ہَمہ ” تری پتاکا ” بھی انسانیت کے درد کا مداوا نہیں بن سکتی ۔
تا – تے – کنگ
چین کے مذہبِ تائو کی بنیادی کتاب تا – تے -کنگ ہے ۔ اس مذہب کے بانی لا -زو ہیں ۔
(٢/١)یہ مختصر سی کتاب ہے جو چینی رسم الخط کے تقریباً ٥ ہزار نشانات پر مشتمل ہے ۔ کتاب کے زبان و بیان میں بلا کی ایجاز اور استعارہ ہے جس کی وجہ سے نفسِ مضمون تک پہنچنا عسیر الفہم ہو گیا ہے ۔ چینی زبان کو چین سے باہر کبھی مقبولیت نہیں مل سکی ۔ اس لیے ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ مذہب اہلِ چین کے لیے تھا اور اہلِ چین ہی تک محدود رہا ۔
(٣) لا – زو ٦٠٤ ق م میں پیدا ہوئے ۔ ان کی جائے ولادت چین کا ایک مقام ” چو ” تھا ۔ ان کے حالات پردئہ خفا میں ہیں ۔ تاہم یہ معلوم ہوا ہے کہ وہ چو میں شاہی کتب خانہ کے مہتمم اور نگراں تھے ۔ طبیعتاً عزلت نشیں تھے ۔ دنیوی ہنگاموں سے دور رہنا چاہتے تھے ۔ بالآخر انہوں نے گوشہ گیر ہونے کا فیصلہ کر لیا ۔ جاتے وقت انہوں نے تا -تے – کنگ نامی کتاب لوگوں کو دی جو آج تائو مذہب کا دستور العمل ہے ۔ ان کے انجام کار سے بھی آگاہی نہیں ہوتی ۔
الغرض چین کے اس مذہب کی تمام تر خوشنمائی صرف اہلِ چین ہی تک محدود رہی ۔
قرآن کریم
اب ہم ان ہی فطری شرائطِ ثلاثہ کے اصولوں پر قرآنِ کریم کا جائزہ لیتے ہیں۔
(١) قرآن کریم عربی زبان میں نازل ہوئی اور اس کے نازل کنندہ نے خود ببانگ دہل یہ دعویٰ کیا کہ ( اِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّکْرَ وَ اِنَّا لَہ لَحَافِظُوْنَ ) ” بیشک ہم نے اس ” ذکر ” ( یعنی قرآن کریم ) کو نازل کیا اور بے شک ہم ہی اس کی حفاظت فرمائیں گے ۔ ”پھر دنیا اس حفاظت کے مظاہر بھی دیکھ رہی ہے ۔ زمانۂ نزول سے لے کر آج تک بے شمار نفوسِ انسانی نے اسے اپنے قلوب میں محفوظ اور اذہان میں ثبت کیا ہے ۔ یہ دنیا کی واحد کتاب ہے جسے لوگ تلفظ کی ادائیگی کے ساتھ گوشۂ حفظ میں محفوظ کرتے ہیں ۔ اس کے مماثل ایک کتاب بھی ایسی نہیں جنہیں ان شرائط و ضوابط کے ساتھ کسی ایک فردِ انسانی نے بھی یاد کیا ہو ۔ اپنے تمام تر اصل متن کے ساتھ یہ آج بھی اسی طرح ملتی ہے جیسے چودہ صدیوں سے مل رہی ہے ۔
(٢) عربی زبان آج بھی اپنی تمام تر شعری و ادبی رعنائیوں کے ساتھ زندئہ جاوید ہے ۔ اسے ایک عالمی زبان کا درجہ حاصل ہے ۔ اس زبان کے اصول و ضوابط ( گرامر ) آج اسی طرح موجود ہیں جیسے پہلے ۔ یہ دنیا کی واحد الہامی کتاب ہے جو دنیا کی ایک عالمی زبان میں نازل ہوئی ۔
(٣) قرآنِ کریم کا نزولِ مبارکہ جس مقدس شخصیت پر ہوا دنیا میں اس سے زیادہ روشن اور تابناک شخصیت کوئی دوسری نہیں ۔ جناب محمد رسول اللہ ۖ کا زمانۂ حیات معلوم ۔ ان کا بچپن ، ان کی جوانی ، ان کا بڑھاپا ، معلوم ۔ ان کی مبارک زندگی کے خدو خال نمایاں و روشن اور خدو خال کی ہر ہر جزئیات ، معلوم ۔ ان پر نزول کتاب کی کیفیتیں ، معلوم ۔ ان کے مقدس خلفاء کے اسمائے گرامی ، کارہائے جہد و سعی ، گوشۂ حیات کے مختلف جہات ، معلوم ۔ گزشتہ کتابوں نے تعلیمات تو دیں مگر ان تعلیمات کا عملی ظہور نہیں ہو سکا لیکن قرآن کریم اس شرط کو بھی پورا کرتا ہے ۔
الغرض الہامی اور مقدس کتاب کے لیے ان فطری شرائط کو اگر کوئی کتاب پورا کرسکتی ہے تو وہ صرف قرآنِ کریم ہے ۔ آج تک یہ غلط فہمی موجود ہے کہ قرآنِ کریم مسلمانوں کی کتاب ہے اور اسلام مسلمانوں کا دین ۔ لیکن یہ کتاب خود پوری قوت سے بتاتی ہے کہ یہ انسانیت کی کتاب ہے اور اسلام انسانوں کا دین ہے ۔ اس کتاب کے سوا کسی کتاب نے ایسا دعویٰ ہی نہیں کیا ۔
قرآن کریم کا مطالعہ بایں اعتبار بھی ہر فردِ نوعِ انسانی کے لیے لازم قرار پاتا ہے کہ یہ وہ واحد کتاب ہے جس نے بتایا ہے کہ یہ آفرید کارِ عالم انسانیت کی آخری کتاب اور اس کتاب کا جس پر نزول ہوا وہ اللہ کا آخری پیغام بر ہے اور یہ ایک بدیہی امر ہے کہ آخری کتاب کامل بھی ہوگی اور ہدایت و نجات کے تمام تقاضوں پر محیط بھی ۔
بہائی مذہب
گزشتہ اوراق میں جن کتابوں کا تقابلی و استنادی جائزہ لیا گیا وہ قرآنِ کریم سے قبل کی کتابیں تھیں ۔ نزول قرآنِ کریم کے بعد دنیا کے مذہبی عقائد پر مقدس و الہامی کتاب کے حوالے سے کیا انقلابات گزرے ان کا بھی جائزہ لیتے ہیں ۔
بعثتِ محمدی ۖ اور نزول قرآن کے بعد جس شخص نے گزشتہ شریعتوں کے ناسخ نئی شریعت پیش کرنے کا دعویٰ کیا وہ بہاء اللہ کی ذات ہے ۔ بہاء اللہ کی ” ذات شریف ” کو جاننے کے لیے اس کے پسِ منظر کو جاننا بہت ضروری ہے ۔ یہ شخص علی محمد باب کا شاگردِ خاص تھا ۔ علی محمد باب ١٨١٩ء میں پیدا ہوا ۔ اس کا تعلق ایران سے تھا ۔ اس نے دعویٰ کیا کہ نبی کریم ۖ نے جس مہدی آخر الزماں کی خبر دی ہے وہ وہی مہدی ہے ۔ بہاء اللہ نے بھی اس کی دعوت کو قبول کیا ۔ علی محمد باب کو اس کے دعاوی کی وجہ سے ایران کے راسخ العقیدہ شیعوں نے بہت تنگ کیا حتیٰ کہ ٩ جولائی ١٨٥٠ء میں اسے قتل کردیا گیا ۔ اس وقت اس کی عمر محض ٣١ برس تھی ۔ بہاء اللہ جو علی محمد باب کا شاگردِ خاص تھا ، نومبر ١٨١٧ء میں پیدا ہوا ۔ اس کا تعلق سیاسی اعتبار سے ایران کے ایک صاحبِ رسوخ گھرانے سے تھا ۔ اس نے بابی دعوت کو قبول کیا ۔ تاہم علی محمد باب کے قتل ہونے کے بعد اس نے اپنی جدوجہد کا مرکز بابی تحریک کی بجائے اپنے دعاویِ نبوت کو قرار دیا ۔ بہاء اللہ نے علی محمد باب کی مختلف پیشگوئیوں کو اپنے اوپر منطبق کیا ۔
بہائی تعلیمات کا خلاصہ یہ ہے کہ اس نے گزشتہ تمام انبیاء و رسل کی تصدیق کی حتیٰ کہ وہ نبی کریم ۖ اور قرآنِ کریم کی بھی تصدیق کرتا ہے ۔ تاہم اس کا کہنا ہے کہ اس کے ظہور کے ساتھ ہی اب شریعتِ محمدی ۖ بھی منسوخ ہوگئی ہے ۔ یہ ایک بہت بڑا دعویٰ ہے ، جو اس نے کیا ۔ اس دعویٰ کو پرکھنے کے بھی فطری میزان موجود ہیں ۔ چند اہم امور ملاحظہ ہوں :
(١) بہاء اللہ نے تسلیم کیا ہے کہ محمد ۖ اللہ کے سچے نبی ہیں ۔ یہ تو ظاہر ہے کہ نبی سے کذب کا ظہور نہیں ہوتا اور محمد ۖ نے بزبانِ الُوہیت دنیا کو بتایا ہے کہ وہ اللہ کے آخری نبی ہیں ۔ اس لیے ثابت ہوا کہ بہاء اللہ اپنے دعوے میں جھوٹا ہے ۔
(٢) بہاء اللہ نے جو کتاب پیش کی ہے اسے قرآنِ کریم سے کوئی نسبت نہیں ۔ قرآنِ کریم علم و خِرد کا زندہ معجزہ ہے جبکہ کتاب ایقان وحی و الہام پر محض بوجھ۔
(٣) نبی کریم ۖ جب اس دنیا سے رخصت ہوئے تو ایک لاکھ سے زائد افراد نے انہیں بہ دل و جاں ہادیِ عالم تسلیم کیا ، جو اس زمانے کے اعتبار سے بہترین تناسبِ آبادی ہے ۔ جبکہ بَہائی تعلیمات سے متاثر ہونے والوں کی تعداد نبی کریم ۖ سے بارہ صدیوں بعد بھی بہت قلیل رہی ۔
(٤) نبی کریم ۖ اپنے دشمنوں پر تائیدِایزدی سے کامیاب ہوئے ۔ انہیں ایک سربراہِ مملکت کا مقام حاصل ہوا اور آج بھی سوا ارب سے زائد مسلمان ان کی عزت و ناموس پر اپنی شہ رگ تک قربان کرنے کے لیے ہَمہ وقت تیار ہیں ۔ جبکہ بہاء اللہ اپنے دشمنوں سے تادم آخر مغلوب ہی رہا ۔ اس کی زندگی میں تو کجا آج تک کسی بہائی ریاست کا قیام عمل میں نہ آسکا ۔
(٥ ) نبوت محمدی ۖ اپنی اثر پذیری میں اس قدر ہَمہ گیر ہے کہ اس کے نسخ کے ظہور کے لیے اس سے کہیں زیادہ اثر و نفوذ و قوت درکار ہے جسے پیش کرنے سے بہاء اللہ ناکام رہا ۔
میں اپنے محدود دائرہ علم کی روشنی میں کہوں گا کہ بَہائی تعلیمات پر ایک مذہب کا اطلاق ہی نہیں ہوتا ۔ مذہب کے جو اجزائے ترکیبی ہیں بہائیت انہیں پورا کرنے سے قاصر ہے ۔ سچ پوچھیے تو یہ ایک سیاسی تحریک ہے جو اب استعمار کے ہاتھوں میں محض کھلونا ہے ۔
قرآنِ کریم کے دعویٰ حفاظت پر ایک شبہ اور اس کا جواب
یہاں ایک سوال پیدا ہوتا ہے کہ قرآنِ کریم نے دعویٰ کیا ہے کہ
( اِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّکْرَ وَ اِنَّا لَہ لَحَافِظُوْنَ )
”بے شک ہم نے اس ” ذکر ” ( یعنی قرآن کریم ) کو نازل کیا اور بے شک ہم ہی اس کی حفاظت فرمائیں گے ۔”
جبکہ آج مخالفینِ اسلام قرآنِ پاک کے محرّف نسخے شائع کر رہے ہیں ۔ اس وقت اختلاف نسخ کے اعتبار سے دیکھا جائے تو ایک درجن سے زائد قرآنِ کریم کے نسخے موجود ہیں ۔ کیا ان اختلافِ نسخ سے قرآنِ کریم کا دعویٰ تحفظ مجروح نہیں ہوتا ؟
بلاشبہ اللہ ربّ العزت نے قرآنِ کریم کی حفاظت کا ذمہ لیا ہے ۔ مخالفین کا اس کی ” حفاظت ” پر حملہ کرنا اس کی حفاظت کو مجروح نہیں کرتا ہے ۔ متعدد محرّف نسخے اس کی اصلیّت کو معدوم نہیں کر سکے ۔ اصل نسخہ موجود ہے اور یہی اس کا دعویٰ حفاظت ۔ جب تک اصل قرآن موجود رہے گا دعویٰ حفاظت مجروح نہیں ہوسکتا ۔
پھر یہ بھی پیشِ نظر رہے کہ اس سطحِ ارضی پر بسنے والا کوئی ایک مسلمان بھی ان محرّف نسخوں کی تائید نہیں کرسکتا ۔ اس لیے کسی غیر مسلم کا اس محرّف نسخے سے استدلال بھی بے وزن اور بے معنی ہے ۔ ایسے میں ان محرّف نسخوں کی حیثیت محض کاغذی ٹکڑوں کے اور کیا رہ جاتی ہے ۔
قرآنِ کریم کا دعویٰ انفرادیّت
قرآنِ کریم کا ایک دعویٰ ایسا ہے جو اس کے کامل الہامی ہونے کا ثبوت بہم پہنچاتا ہے ۔ ارشادِ ربّانی ہے :
( وَِن کُنتُمْ فِیْ رَیْْبٍ مِّمَّا نَزَّلْنَا عَلَی عَبْدِنَا فَأْتُواْ بِسُورَةٍ مِّن مِّثْلِہِ وَادْعُواْ شُہَدَاء کُم مِّن دُونِ اللّہِ ِنْ کُنْتُمْ صَادِقِیْنَ ) ]البقرة : ٢٣[
”اور اگرتم شک میں ہو اُس میں جسے ہم نے اپنے بندے پر نازل کیا ، تو اس جیسی کوئی سورت لے آئو ، اور اللہ کے سوا اپنے مددگاروں کو پکار لو ، اگر تم سچے ہو ۔”
اس آیت کے نزول کو چودہ صدیاں بیت چکی ہیں لیکن اس کا دعویٰ آج بھی برقرار ہے ۔ اس کتاب کے بطلان کے لیے صرف یہی ایک بات کافی تھی ۔ منکرین کچھ نہ کرتے صرف اس جیسی ایک سورت ہی پیش کریدتے تو اس کی کاملیت و حقانیت پر حرف آجاتا لیکن کیا اس دعوے کا چودہ صدیوں سے برقرار رہنا اس کے الہامی ہونے کی دلیلِ قطعی نہیں ؟ بھٹکتی ہوئی انسانیت کو حق کے جس منبع کی تلاش ہے کیا اس ایک دعوے نے ثابت نہیں کردیا کہ یہی وہ کتاب ہے جو انسانیت کے لیے سرچشمۂ حق و ہدایت ہے ؟
دنیا میں بڑے بڑے شعراء و ادباء پیدا ہوئے ہیں لوگ ان کے اندازِ تکلم اور اسلوبِ نگارش کی پیروی کرتے اور کامیاب بھی ہوتے ہیں ۔ لیکن قرآنِ کریم دنیا کی ” منفرد ” کتاب ہے جس کی نظیر پیش کرنے سے عقلِ انسانی عاجز ہے ۔
نتیجۂ بحث و تحقیق
الغرض مذاہبِ عالم کی پیش کردہ الہامی کتابوں کے تقابلی مطالعے اور خود قرآنِ کریم کے دعاوی کی حقانیت کے بعد یہ امر پایۂ ثبوت و تحقیق تک پہنچ جاتا ہے کہ صرف قرآنِ کریم ہی واحد کتاب ہے جو انسانیت کے لیے نمونۂ عمل اور سرچشمۂ ہدایت ہے ۔ جو ہر عہد کے اور ہر خطۂ زمین کے لیے یکساں طور پر قابلِ عمل ہے ۔ زمانے کی نیرنگیاں اس کے احکامات کو غیر مؤثر نہیں کرسکتیں اور جغرافیائی تبدیلیاں اس کے پیغام کے نافذ العمل ہونے کی راہ میں مانع نہیں ہوسکتیں ۔
وہ بنیادی نکات جن کی بنیاد پر قرآنِ کریم دنیا کی واحد ” کتابِ ہدایت ” اور ” لائقِ مطالعہ و عمل ” قرار پاتی ہے ۔ حسبِ ذیل ہیں :
(١) قرآنِ کریم واحد کتاب ہے جو ہر فردِ نوعِ انسانی کے لیے لکھی گئی ۔دنیا میں ایسی کوئی کتاب نہیں جس نے دعویٰ کیا ہو کہ وہ ہر فردِ بشر کے لیے ہے ۔
(٢) قرآنِ کریم واحد کتاب ہے جس میں یہ دعویٰ موجود ہے کہ وہ اللہ کی جانب سے اتاری گئی ہے اور وہی اس کی حفاظت فرمائے گا ۔
(٣) زمانۂ نزولِ قرآن سے لے کر آج تک بے شمار لوگوں نے اسے صحتِ الفاظ کے ساتھ یاد کیا جبکہ ایسی کوئی دوسری کتاب نہیں جسے تلفظ کے ساتھ کسی ایک فردنے بھی یاد کیا ہو ۔
(٤) قرآنِ کریم کا اصل متن آج بھی اسی طرح ملتا ہے جیسے چودہ صدیوں سے مل رہا ہے ۔
(٥) قرآنِ کریم عربی زبان میں نازل ہوئی اور عربی آج بھی تروتازہ اور زندئہ جاوید ہے جبکہ ایسی کوئی دوسری الہامی کتاب نہیں جس کی زبان آج زندہ ہو ۔
(٦) جس طرح قرآنِ کریم کا لفظی و معنوی استناد برقرار ہے اسی طرح یہ کتاب جس شخصیت پر نازل ہوئی اس کی زندگی بھی سب سے زیادہ روشن اور تابناک ہے ۔ دنیا میں ایسی کوئی شخصیت نہیں جس کی زندگی کے تمام پہلو نمایاں اور تاریخی دستبرد سے محفوظ ہوں سوائے نبی کریم ۖ کی ذات گرامی کے ۔
(٧) قرآنِ کریم واحد کتاب ہے کہ اس نے جو تعلیمات دیں ان تعلیمات کاعملی ظہور و نفاذ خود ملہم کتاب کی حیات میں وقوع پذیر ہوا ۔
(٨) قرآنِ کریم واحد کتاب ہے جس میں یہ دعویٰ ہے کہ یہ اللہ کی آخری کتاب ہے اور جس پر اس کتاب کا نزول ہوا وہ اللہ کا آخری پیغمبر ہے ۔
(٩) قرآنِ کریم واحد کتاب ہے جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس جیسی کتاب تمام طاقتوں کو یکجا کرکے بھی نہیں لکھی جا سکتی ۔ آج نزول قرآن کو چودہ سو برس گزر چکے ہیں لیکن یہ دعویٰ آج بھی برقرار ہے ۔
یہ مضمون جریدہ "الواقۃ” کراچی کے پہلے شمارہ، -2012 اپریل،- سے ماخوذ ہے۔
یہ مضمون جریدہ "الواقۃ” کراچی کے پہلے شمارہ، -2012 اپریل،- سے ماخوذ ہے۔