الواقعۃ شمارہ: 101 – 103، شوال المکرم تا ذی الحجہ 1441ھ
از قلم : محمد تنزیل الصدیقی الحسینی
حوادثِ مسلسل میں ہجومِ افکار کی بھی اپنی ہی ایک دنیا ہے۔ کبھی ناکامی کے اندیشے ڈراتے ہیں تو کبھی کوئی امید زندگی بن جاتی ہے۔ جس طرح فرد کی زندگی احساس و جذبات کی ایک مکمل دنیا ہے اسی طرح قوموں کی زندگی میں حوادث بھی آتے ہیں اور افکار بھی۔ اندیشے بھی ڈراتے ہیں اور امیدیں بھی پروان چڑھتی ہیں۔
جس طرح ایک انسان کی زندگی میں جہد للبقاء کی ایک ایسی منزل آتی ہے کہ جہاں ناموسِ ملی پر سمجھوتے کے ساتھ جینا یا غیرت ایمانی کے ساتھ مر جانے کی راہ کا انتخاب نا گزیر ہو جاتا ہے۔ بالکل اسی طرح قوموں کی زندگی میں بھی یہ مرحلہ آتا ہے۔ جب وقت کا منصف بتاتا ہے کہ تمہاری فتوحات کا موسم چلا گیا، اب یا تو مٹ جاؤ یا پھر غیرت ملی کو بچا لو۔ اور ایک تیسری راہ بھی ہے جو کم ہمتوں اور مصلحت کیشوں کی ہمیشہ اوّلین ترجیح رہی ہے، کہ کسی بھی طرح جی لو، خواہ ایمان کا سودا کرنا پڑے یا غیرت ملی کو قربان کرنا پڑے۔
یہاں کم ظرفوں اور کم ہمتوں کے راہِ انتخاب پر مکالمہ مقصود نہیں۔ یہ دنیا کم ہمتوں کو ٹھوکروں پر رکھتی ہے۔ یہ لوگ جی کر بھی مر چکے ہیں، اور ان کے متعفن جسم کی بو آج بھی تاریخ کے صفحات میں محسوس کی جا سکتی ہے۔ ان کے نفاق نے انھیں ہمیشہ غیرتِ ایمانی کی موت میں جسمِ ظاہر کی زندگی دکھائی ہے اور انھوں نے ہمیشہ منافقت کو مصلحت اور بزدلی کو حکمت کے لباسِ فریب سے سنوارا ہے۔
اصل زندگی ان ہی کی ہے جنھوں نے بطلان و عصیان کے مقابلے میں حق پرستی کی راہ منتخب کی۔ وقت کے فرعونوں کا للکارا اور نماردہ عالم کو آنکھیں دکھائیں۔ اللہ کے دشمنوں سے مقابلہ کیا اور اس کی صداقت کی راہ میں اپنی جانیں لڑا دیں اور اس یقین کے ساتھ کہ جو کوئی اللہ، اس کے رسول اور اہلِ ایمان کے ساتھ ہو وہی ہمیشہ غالب ہوگا۔ وَمَنْ يَّتَوَلَّ اللّـٰهَ وَرَسُوْلَـهٗ وَالَّـذِيْنَ اٰمَنُـوْا فَاِنَّ حِزْبَ اللّـٰهِ هُـمُ الْغَالِبُوْنَ (المائدۃ: 56)۔
دنیائے فانی کی آزمائشیں ہر دور اور زمانے میں آئی ہیں اور آتی رہیں گی۔ مگر ایک صاحبِ ایمان کی غیر فانی صداقت کی راہ اس سے کہیں بلند ہے کہ وہ آزمائشوں سے گھبرا کر اپنے مقصد سے منحرف ہو جائے۔ اس کا یقین اسے بتاتا ہے کہ جو کوئی بھی راہِ الٰہ سے منحرف ہوگا مٹ جائے گا، اس کے اعمال ضائع ہوں گے اور زندگی اکارت جائے گی۔ وَمَنْ يَّرْتَدِدْ مِنْكُمْ عَنْ دِيْنِهٖ فَيَمُتْ وَهُوَ كَافِرٌ فَـاُولٰٓئِكَ حَبِطَتْ اَعْمَالُـهُـمْ فِى الـدُّنْيَا وَالْاٰخِرَةِ ۚ وَاُولٰٓئِكَ اَصْحَابُ النَّارِ ۚ هُـمْ فِيْـهَا خَالِـدُوْنَ (البقرۃ: 217)۔
دنیا بدل رہی ہے، بالخصوص اسلامی دنیا۔ سطح ارضی پر کھینچی گئی لکیروں میں تبدیلی کا وقت تیزی سے آ رہا ہے۔ چشم بصیرت وَا ہو تو اسلامی دنیا کے نقشے سے ٹپکتا ہوا لہو بھی نظر آ سکتا ہے اور سسکتی ہوئی زندگی کی پکار بھی سنائی دے سکتی ہے۔
تاریخ ہمیشہ خود کو دہراتی ہے، لیکن اس کا فیصلہ کبھی نہیں بدلتا۔ بنی نوع انسان کی تاریخ کا فیصلہ کن باب کھل چکا ہے۔ ملتِ اسلامیہ کے سمندر میں تلاطم بپا ہے۔ موت کے خوف میں زندگی کی خواہش اور ظلم کے سایے میں عدل کی امید دم توڑ رہی ہے۔ اسلام کی تاریخ میں اگر خالد کی تلوار، ایوبی کی یلغار اور ابن زیاد کی للکار ہے تو وہیں سقوطِ بغداد، دہلی ، ڈھاکہ و قدس کی خونیں داستانیں بھی ہیں۔
وقت کا پہیہ ایک بار پھر امت مسلمہ کو اسی مقام پر لے آیا ہے جہاں ہمیں یا تو تلوار، یلغار اور للکار کی راہ کا انتخاب کرنا ہے یا پھر سقوط و زوال کی ذلت برداشت کرنی ہے۔ اب صرف اسلاف کی عظمتوں کی داستانیں سنا کر کام نہیں چل سکتا۔ یہ وقت اپنی روایات اور نسب کو گلے لگا کر سحر انگیز فسانوں کو تیار کرنے کا وقت نہیں ہے کہ ہم ماضی کے اسیر بن کر مستقبل میں قدم نہیں رکھ سکتے۔
بکہ کی وادیوں میں فاران کی چوٹیوں سے صدائے توحید بلند ہو رہی ہے اور یثرب کے غیر فانی بادشاہ کی فوجیں آراستہ ہو رہی ہیں۔ ہمارا ایمان اور عقیدہ ہے کہ قوموں کی تاریخ میں یہ مقامات حکمتِ الٰہی کا ایک دروازہ ہے، جو کھلتا ہے اس لیے کہ بہروں کو سنا سکے اور اندھوں کو دکھا سکے۔ جو کسی کے لیے مقامِ عبرت بنتا ہے اور کسی کے لیے موجب بصیرت۔
اسے پسند کریں:
پسند کریں لوڈ کیا جا رہا ہے۔۔۔